30 دسمبر کو میرا امریکا کے سٹوڈنٹ ویزا کا انٹرویو ہے، کوئی ایسا وظیفہ بتادیں کہ میرا یہ انٹرویو پاس ہو جاۓ اور میرا ویزا لگ جاۓ، اور اُُس ویزا افیسر کے دل میں میرا رعب بن جاۓ اور وہ مجھے ویزا دے دے !
صلاۃ الحاجت کی نیت سے روز دو رکعت نفل پڑھیں اور اس کے بعد کامیابی کی دعا کیجیے، نیز ہر فرض نماز کے بعد، تہجد کے وقت، اذان اور اقامت کے درمیان اور سورج غروب ہونے سے مغرب کی نماز تک کے اوقات کے درمیان بھی پابندی سے دعا کیجیے، دعا سے بڑھ کر کوئی وظیفہ مؤثر اور طاقت ور نہیں ہے۔
درود شریف کی کثرت کیجیے، نیز {أُولٰئِكَ عَلٰی هُدًی مِّنْ رَّبِّهِمْ وَأُولٰئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْن} کثرت سے پڑھیں۔
نیز واضح رہے کہ بیرون ملک جاکر جو تعلیم حاصل کی جائے گی اگر اس کے مواقع اپنے ملک میں یا کسی مسلم ملک میں دست یاب ہو ں تو غیر مسلم ملک میں جانا پسندیدہ نہیں ہے، اگر دارالاسلام میں ایسے مواقع نہ ہوں اور وہ تعلیم بھی ضروری ہو تو اس صورت میں اگر غیر مسلم ملک میں جاکر ایمان، دینی اَحکام اور اسلامی تہذیب وآداب کی حفاظت کے ساتھ ممکن ہو تو اس کی اجازت ہوگی،ورنہ اجازت نہیں ہوگی۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144104200779
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن