سعودی ہاؤسنگ ،لیزنگ کاحکم
basharat پوچھتے ہیں:
سوال
محترم مفتی صاحب !السلام علیکم !
را نام سید بشارت عزیز ہے ، میں ریاض سعودی عرب میں رہتا ہوں ، کچھ عرصہ پہلے دار الارکان کے نام سے ایک کمپنی نے یہاں پر اپارٹمنٹس غیر سعودی لوگوں کو بیچنا شروع کیے ہیں ، اپارٹمنٹس کیونکہ مہنگے ہیں اس لیے وہ ایک کمپنی سعودی ھاؤسنگ لیزنگ سے لیز پر گھر لینے دیتی ہے ، میرا سوال اس لیزنگ سے متعلق ہے یہ لیزنگ کمپنی اپارٹمنٹ دینی ہے ۳ بیڈروم کے کیش پرائز سعودی ریال ۴۱۹۰۰۰ ہے جبکہ دس سال کی انسٹالمنٹ پریہی پرائز سعودی ریال ۶۲۰۶۹۰ ہو جاتی ہے اگر دس فیصد ڈاؤن پیمنٹ کریں تو، اس کمپنی کے پاس سعودی عرب کے شیخ ڈاکٹر صالح بن محمد المزید ، شیخ ڈاکٹر محمد بن علی القاری اور عبد اللہ بن سلیمان المنیح کا لکھا ہوا فتوی موجود ہے کیایہ لیز یا انسٹالمنٹ سچ میں حلال اور اسلامک ہے ، آپ ڈاؤن پیمنٹ کرنے کے پندرہ دن کے بعد گھر میں شفٹ ہوسکتے ہیں ، یا کرایہ پر دے سکتے ہیں ، تو پلیز مجھے بتایے کیا میں یہ گھر انسٹالمنٹ پر لے سکتا ہوں ، میرا پاس فتوی عربی اور انگلش میں موجود ہے آپ چاہیں تو میں ای میل کرسکتا ہوں اگر ای میل ایڈریس مل جائے تو .۔
جزاک اللہ
سائل :بشارت
جواب
سعودی ہاؤسنگ لیزنگ کمپنی سے انسٹالمنٹ پر مکانات خریدنے کی صورت میں اگر درج ذیل شرائط کی رعایت رکھی جاتی ہو، تو اس کمپنی سے مکانات خریدنا درست ہے۔1:- مکان کی کل قیمت پہلے سے متعین ہو خواہ یہ قیمت نقد سے کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو، بشرطیکہ بعد میں اس میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہو۔
2:- ماہوار قسط کی مقدار اور ادائیگی کا طریقہ کار متعین ہو ۔
3:- متعینہ تاریخ پر عدم ادائیگی یا تاخیر کی وجہ سے یا کسی بھی اور وجہ سے کوئی اضافی رقم کسی بھی مد میں وصول نہ کی جائے ، البتہ اگر مذکورہ کمپنی سے کیا جانے والا معاملہ اجارہ اور بیع سے مخلوط ہو تو پھر اس کمپنی سے مکانات خریدنا جائز نہیں ۔
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء
جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی
نوٹ : تفصیلی ،مدلل اور باحوالہ فتویٰ کے لیے تحریری سوالنامہ جامعہ کے پتہ پر بھیج کرجواب حاصل کر سکتے ہیں



