بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا پہلی منزل میں ہونے والی جماعت میں زمینی حصہ سے شامل ہو سکتے ہیں؟


سوال

 ہمارے محلے میں ایک مسجد ہے جس کی زمینی منزل کو مسجدِ شرعی میں شمار نہیں کیا گیا ہے۔پہلی منزل میں نماز با جماعت ادا ہوتی ہے۔اب جماعت کے وقت کچھ لوگ (معذور و غیر معذور) زمینی منزل ہی میں جماعت میں شامل ہو جاتے ہیں جب کہ اوپری منزل میں نمازیوں کی گنجائش ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں زمینی منزل والوں کی نماز ہو جاتی ہے؟

جواب

جس زمین پر مسجدِ شرعی بنائی جائے تو سطح زمین او ر اس کے نیچے سب کا سب مسجدِ شرعی کے حکم میں ہوتا ہے، پس صورتِ مسئولہ میں جو کیفیت سائل نے بتلائی ہے، اس مقام کو مصلی کہا جا سکتا ہے، مسجدِ شرعی قرار نہیں دیا جا سکتا، رہی بات اس مصلی میں باجماعت نماز ادا کرنے کی تو جو افراد اوپر جانے کی طاقت رکھتے ہوں اور اوپر جگہ بھی موجود ہو ان کے لیے زمینی حصہ میں نماز ادا کرنا مکروہ ہوگا، اور اس کی مستقل عادت بنانے  کی اجازت نہ ہوگی، تاہم معذور افراد کے لیے زمینی حصہ سے اقتدا  کی گنجائش ہوگی۔

 البتہ اگر زمینی حصہ کو مسجدِ شرعی قرار دے دیا جائے تو اس صورت میں پہلی منزل بھی مسجد کے حکم میں آجائے گی، اور زمینی حصہ سے اقتدا بھی درست ہوجائے گی۔  لیکن مذکورہ جگہ کو مسجدِ شرعی بنانے کی صورت میں زمینی منزل کو چھوڑ کر بلاعذر پہلی منزل کو مرکزی جماعت کی جگہ بنانا درست نہیں ہے، شرعی مسجد میں مرکزی مصلی اور امام کی جگہ زمینی منزل پر ہونی چاہیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144008200646

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں