بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا دلائل الخیرات مستند کتاب ہے؟


سوال

دلائل الخیرات سے متعلق بتا دیں کہ :

درود کی یہ کتاب پڑھنا کیسا ہے؟ اس میں روزانہ کے مختلف درود ہیں یعنی پیر کے روز کے لیےالگ اور منگل کے لیے الگ،  اور پھر اسی طرح باقی دنوں کے لیے،  کیا یہ کتاب مستند ہے؟ اور یہ بھی فرما دیجیے  کہ اس میں شامل درود کہاں سے حاصل کیے گئے ہیں؟ اور کیا یہ درود پڑھنا بہتر ہیں یا درود ابراہیمی کا ورد رکھا جائے جو ہم نماز میں بھی پڑھتے ہیں؟ 

جواب

(۱)دلائل الخیرات ، درود شریف کی ایک مستند کتاب ہے، جو ہمارے بزرگوں کے معمولات کا حصہ بنی  چلی آرہی ہے، اور اس کی اجازت کا بھی معمول تسلسل سے رہا ہے، حضرت مولانا محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے کہ : اس کا ورد ایک کامل ومتبع سنت مرشد کی بیعت کا کام دیتا ہے۔ 

  (۲) یہ کتاب درود شریف کے مختلف صیغوں اور کلمات پر مشتمل ہے،  اور درود شریف کے فضائل وبرکات اور ثمرات وفوائد پر  بہت سی مستقل کتابیں لکھی گئی ہیں، اردو میں مولانا زکریا رحمہ اللہ کی "فضائل درود شریف " کا مطالعہ کافی ہوگا۔

(۳)اس کتاب میں  دنوں کے اعتبار سے منزلوں کی تعیین  اس لیے کی گئی ہے  کہ روزانہ بآسانی درود شریف کی ایک مقدار  پڑھی جاسکے، یہ کوئی شرعی تقسیم نہیں، بلکہ آسانی وسہولت کے لیے  ہے۔

(4) کتاب میں  درج درود  شریف کے بعض کلمات تو احادیث سے ہی لیے گئے ہیں اور باقی صیغے کتاب کے مؤلف  شیخ محمد بن سلیمان جزولی رحمہ اللہ  کے اپنے مرتب کردہ ہیں، اور محققین  علماء  کے نزدیک  یوں درود شریف کے کلمات ترتیب دینا جائز ہے۔ البتہ احادیث سے ثابت شدہ الفاظ کی فضیلت اپنی جگہ ہے، اسی لیے کتاب میں احادیث کے الفاظ بھی لائے گئے ہیں، تاکہ ان کے فضائل بھی حاصل ہوجائیں۔

(۵) بہتر  صورت یہ ہے کہ کسی متبع سنت وصاحبِ اجازت بزرگ کی اجازت وراہ نمائی سے روزانہ "دلائل الخیرات " کی ایک منزل بھی پڑھ لی جائے اور درود ابراہیمی وغیرہ کا بھی اہتمام کیا جائے، تاکہ دونوں کی برکات اور فضائل حاصل ہو جائیں۔ فقط واللہ اعلم  


فتوی نمبر : 143901200037

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں