بالوں پر کالا رنگ لگانا جائز ہے یا نہیں جب عمر کم ہو ، 20 سے 30 سال؟
احادیث مبارکہ میں خالص کالے رنگ کاخضاب لگانے کی ممانعت اور سخت وعیدآئی ہے، لہٰذا خالص کالے رنگ کا خضاب لگانا گناہ ہے۔ "ابوداودشریف " کی روایت میں ہے:''حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہماارشادفرماتے ہیں: جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آخری زمانہ میں کچھ لوگ ہوں گے جوسیاہ خضاب لگائیں گے،جیسے کبوترکاسینہ،ان لوگوں کوجنت کی خوشبوبھی نصیب نہ ہوگی''۔ صرف حالتِ جہاد میں دشمن کو مرعوب رکھنے اور اس کے سامنے جوانی اور طاقت کے اظہار کے لیے کالا خضاب استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اس کے علاوہ حالات میں خالص سیاہ خضاب لگانا جائزنہیں ہے۔
خالص سیاہ رنگ کے علاوہ کسی بھی رنگ (مثلاً:سرخ، براؤن یاسیاہی مائل رنگ)کاخضاب لگاسکتے ہیں۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 143908200128
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن