بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کاروبار بند ہونے، شادی نہ ہونے اور دیگر گھریلو مشکلات کا حل


سوال

میرا کاروبار بند ہوگیا ہے اور بہت سی گھریلو مشکلات ہیں, شادی نہیں ہورہی.  اس کا کوئی حل بتائیں!

جواب

رزق کی تنگی و فراخی اللہ رب العزت کی طرف سے ہوتی ہے، لہٰذا دل برداشتہ ہونے کے بجائے اللہ پر مکمل بھروسہ رکھتے ہوئے ثابت قدمی کے ساتھ حلال کمائی کی طلب جاری رکھیں، اور شیطان کو خوشی کا موقع ہرگز فراہم نہ کریں، اس لیے کہ شکر کے نتیجہ میں اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اضافہ کردیتا ہے، ارشاد ہے، "لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَأَزِيْدَنَّـكُمْ " (ترجمہ اگر تم شکر کروگے تو میں ضرور بالضرور تمہیں زیادہ دوں گا) اور تقوی اختیار کیجیے، گناہوں سے مکمل اجتناب کی کوشش کیجیے، کیوں کہ متقی کے لیے اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اسے ایسی جگہ سے رزق عطا کرتا ہے کہ جہاں اس کا وہم و گمان تک نہیں ہوتا ہے، ارشاد ہے:  "وَمَنْ يَّـتَّـقِ اللهَ يَجْعَلْ لَّه مَخْرَجاً وَّ يَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَايَحْتَسِبْ" (ترجمہ: اور جو اللہ سے ڈرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لیے مصائب سے نکلنے کی راہ بنا دیتے ہیں اور اسے ایسی جگہ سے روزی دیتے ہیں جہاں اس کا گمان بھی نہیں ہوتا) اور  اپنی آمدن میں سے حسبِ استطاعت صدقہ کرتے رہیں۔ استغفار اور درود شریف کی کثرت کا اہتمام کریں، اس کے علاوہ ہمیشہ باوضو رہنے اور گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں ، پانچ وقت کی نماز اہتمام سے باجماعت ادا کرنے کی کوشش کریں اور نمازوں کے بعد انتہائی توجہ وعاجزی سے اللہ تعالیٰ کے دربار میں اپنے مسائل کے حل  کے لیے دعا مانگیں۔  فجر کی نماز کے بعد سونے سے اجتناب کریں۔ اور ہر نماز کےسات مرتبہ  بعد درج ذیل دعا کا اہتمام جاری رکھیں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِني بِحَلالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنيْ بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ". 

حضرت مولانا شاہ عبد الغنی پھولپوری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ حضرت حاجی امداد اللہ رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ جو شخص صبح کو ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کرے وہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہے گا اور فرمایا: بہت مجرب عمل ہے ،آیت یہ ہے:

 {اللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ} [الشوری: ۱۹] (معارف القرآن:جلد ۷ صفحہ ۶۸۷)

نیز  درج ذیل دعا چلتے پھرتے مانگنے کی عادت بنالیں:

"اَللّٰهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ".

ترجمہ: اے اللہ !میرے گناہ بخش دیجیے، اور میرے گھر میں وسعت اور میرے رزق میں برکت عطا فرما۔ 

شادی کے مسئلے کے لیے عشاء کی نماز کے بعد سونے سے پہلے کسی بھی وقت باوضو قبلہ رخ بیٹھ کر اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر درمیان میں ایک سو ایک مرتبہ سورہ طلاق کی یہ آیات "وَمَنْ يَّـتَّـقِ اللهَ يَجْعَلْ لَّه مَخْرَجاً وَّ يَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَايَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّتَـوَکَّلْ عَلَی اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُه" (ترجمہ: اور جو اللہ سے ڈرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لیے مصائب سے نکلنے کی راہ بنا دیتے ہیں اور اسے ایسی جگہ سے روزی دیتے ہیں جہاں اس کا گمان بھی نہیں ہوتا، اور جو اللہ پر بھروسہ کرلیتا ہے اللہ اس کے لیے کافی ہوجاتاہے) پڑھ کر دعا کیجیے، ان شاء اللہ تعالیٰ جلد اچھا رشتہ مقدر فرمائیں گے۔

اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ ان اعمال کی برکت سے آپ کی تمام پریشانیاں دور ہوجائیں گی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010200634

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں