بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ڈاڑھی منڈے امام کی اقتدا میں جامع مسجد میں جمعہ ادا کرنا


سوال

میں  چین میں رہائش پزیر ہوں، ہم سے مسجد 16.5 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے،  اس لیے ہم صرف جمعہ پڑھنے جاتے ہیں، ہمارے ساتھ ایک حافظِ قرآن بھی رہتا ہے.وہ کہہ رہا ہے کے یہاں پر جوامامِ مسجد ہے ان کی داڑھی نہیں ہے،  اس لیے ان کے پیچھے نماز پڑھنا درست نہیں ہے. اور یہاں کے  قانون کے مطابق ایک خاص عمر کے بعد ان کو داڑھی رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے. ہماری راہ نمائی کریں کہ ہم مسجد جایا کریں  جمعہ پڑھنے یا جو حافظ صاحب ہیں ان کے پیچھے 7 یا 8 لوگ جمعہ پڑھ لیں؟

جواب

جمعہ کی نماز صحیح ہونے کے لیے  مسجد کا ہونا شرط نہیں ہے، شہر یا فنائے شہر میں کہیں بھی جمعہ کی نماز پڑھنا جائز  ہے، البتہ جمعہ کی نماز جامع  مسجد میں پڑھنا افضل اور سنت ہے۔

اس لیے اگر نمازِ جمعہ کی  دیگر شرائط مکمل ہوں تو مذکورہ حافظ صاحب کی اقتدا  میں بھی جمعہ کی نماز ادا ہوجائے گی، لیکن مسجد میں جمعہ پڑھنے کا جتنا ثواب ہوتا ہے اتنا نہیں ملے گا، اس لیے  مسجدِ شرعی کے علاوہ دوسری جگہ جمعہ پڑھنے کی عادت نہیں بنانی چاہیے۔ بیرون ممالک کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ کوشش کرکے جامع مسجد میں جمعے کی ادائیگی کا اہتمام کریں، ڈاڑھی منڈے امام کی اقتدا  میں اگرچہ نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے،  لیکن اگر کہیں قریب میں کوئی اور ایسی مسجد نہ ہو جس میں باشرع امام ہو تو مسجد اور جماعت دونوں کی فضیلت حاصل کرنے کے لیے اس کی اقتدا میں ہی نماز ادا کرلینی چاہیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144008200294

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں