بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

چینل ٹائمز نامی کمپنی


سوال

میں "چینل ٹائمز " نامی کمپنی کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں کہ اس کمپنی سے کوئی بھی پیکج خرید کر اس پر ملنے والا منافع جائز ہے یا نہیں؟ کمپنی کی ویب سائٹ ہے:

چینل ٹائمز۔کام Channel timez

جواب

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطالعہ سے معلوم ہوا کہ :

مذکورہ کمپنی کے اس معاملے میں دو عقد انجام پارہے ہیں:

 ایک عقد چینل والوں اور  اس ادارے  چینل ٹائمز کے درمیان ہے، یہ عقدِ اجارہ ہے جس میں یہ ادارہ ان چینل والوں سے اشتہار کے چلانے کے لیے ان کے چینل کو   کرایہ پر لیتا ہے۔

 دوسرا عقد اس میں سائل اور اس ادارے کے درمیان ہے کہ جس میں سائل اپنی رقم اس ادارے والوں کو  چینل کا وقت  خریدنے کے لیے مہیا  کرتا ہے۔اور اس میں  جتنا اس کا سرمایہ ہوگا  اس کے حساب سے ایک متعین نفع اس کو ملتا ہے، جیسے 150 ڈالر پر ایک ڈالریومیہ۔ مزید یہ کہ نئے  لوگوں کو  اس میں شامل کرانے پر ہر  ایک کے  ممبر کے بدلہ کچھ کمیشن  بھی دیا جاتا ہے ۔

اس عقد میں درج ذیل مفاسد ہیں جس کی وجہ سے یہ عقد ناجائز ہے:

  • ٹی وی پر آنے والے اشتہارات    عام طور پر جاندار کی تصاویر، بلکہ  خواتین کی تصاویر پر بھی  مشتمل ہوتے ہیں ، جس میں تصویر کےساتھ ساتھ نا محرم کو دیکھنے اور دکھانے کا گناہ بھی ہے ،لہذا چینل ٹائمز والوں کو اس غرض کے لیے رقم دینا کہ وہ لوگ چینل کا ٹائم خرید کر  اس پر اشتہار چلوائیں یہ ایک ناجائز کام کے لیے اجارہ  کیا جارہا ہے، اور اس ادارے میں سرمایہ لگانے والا بھی اس میں شریک ہے۔
  • شرکت یا مضاربت میں  دونوں فریق  نفع میں  شریک  ہوتے ہیں ،کسی بھی ایک فریق کے لیے  نفع کی مقدار  رقم کے اعتبار سے متعین کردینے سے عقد فاسد ہوجاتا ہے ،  اس صورت میں سائل کا ادارے والوں کو رقم مہیا کرنا  اور اس کے لیے نفع  متعین  کرلینا جائز نہیں ، اور اس  عقدِ فاسد سے حاصل ہونے والا نفع بھی حلال نہیں ہے۔
  • نیز اس عقد میں یہ شرط لگانا کہ اصل رقم پانچ دن بعد واپس نہیں ملے گی، یہ شرط بھی درست نہیں۔بلکہ  مالک  جب چاہے  یہ عقد ختم کرکے اپنا اصل مال  نفع کے ساتھ نکال سکتا ہے۔
  • مزید یہ کہ اس ادارے والوں کی جانب سے  اپنے کسٹمرز کو یہ آفر دینا کہ جو جتنے مزید کسٹمرز کو لے کر آئے گا تو ملٹی لیول مارکیٹنگ کے طریق پر   ہر نئے  کسٹمر  پر بھی اسے کچھ کمیشن  دیا جائے گا۔ مارکیٹنگ کا یہ طریقہ بھی شرعاً جائز نہیں ۔اس لیے کہ  اس میں جب  کوئی تیسرا آدمی دوسرے کے واسطہ سے شامل کیا جاتا ہے تو  پہلے  شخص کو بھی اس میں کمیشن دیا جاتا ہے جو کہ  کسی  محنت کے بغیر ہے اور یہ جائز نہیں ، نیز اس میں  ایک شریک  کا  اجیر بننا لازم آرہا ہے، اس لیے کہ انویسٹر کواس کے عمل پر  کمیشن بھی دیا جارہا ہے۔

لہذا  مذکورہ ادارے  سے اس نوعیت کا معاہدہ کرنا  جائز نہیں ۔ اور اگر کسی نے یہ عقد کرلیا ہو تو اس پر لازم ہے کہ وہ اس عقد کو ختم کردے  اور اپنی اصل رقم واپس لےلے۔

حوالہ جات:

"عن عبداﷲ بن مسعود رضي اﷲ عنه قال: سمعت النبي صلی اﷲ علیه وسلم یقول: إن أشد الناس عذاباً یوم القیامة المصورون".

(صحيح البخاري، باب عذاب المصورین یوم القیامة، النسخة الهندیة۲/ ۸۸۰، رقم:۵۷۱۷، ف:۵۹۵۰)

حاشية ابن عابدين (6/ 91):

"( للمستأجر أن يؤجر المؤجر الخ ) أي ما استأجره بمثل الأجرة الأولى أو بأنقص، فلو بأكثر تصدق بالفضل، إلا في مسألتين كما مر أول باب ما يجوز من الإجارة".

صحيح مسلم ، باب لعن أکل أمر باوموکله، النسخة الهندیة۲۷/۲۷، بیت الأفکار، رقم:۱۵۹۸:

"عن جابر قال: لعن رسول اﷲ صلی اﷲ علیه وسلم، آکل الربوا، ومؤکله، وکاتبه، وشاهدیه، وقال: هم سواء".

سنن النسائي، البحث علی ترک الشبهات، النسخة الهندیة۲/۲۸۵:

"عن أبي الحوراء السعدي، قال: قلت للحسن بن علي: ما حفظت من رسول اﷲ صلی اﷲ علیه وسلم؟ قال: حفظت منه: «دع ما یریبک إلی مالا یریبک».

الفتاوى الهندية،كتاب الشركة،،قديمي ج٢،ص٣٠٢:

"وأن يكون الربح معلوم القدر فإن كان مجهولاً تفسد الشركة، وأن يكون الربح جزأً شائعاً في الجملة لا معيناً، فإن عين عشرةً أو مأةً أو نحو ذلك كانت الشركة فاسدةً".

الدر مع الرد، كتاب المضاربة، ص٦٤٨،ج٥ كراچي:

"وكون الربح بينهما شائعاً، فلو عين قدراً فسدت، وكون نصيب كل منهما معلوماً عند العقد".

ردالمحتار، كتاب الشركة،مطلب في شركة العنان:

"إن شرطا الربح بينهما بقدر رأس مالهما جاز، والوضيعة بينهما علي قدر رأس مالهما أبداً".

ردالمحتار ص٤٤ ج:

"قال في التتارخانیة: وفي الدلال والسمسار یجب أجرالمثل، وما تواضعوا علیه إن في کل عشرة دنانیر کذا فذلک حرام علیهم. وفي الحا وي: سئل محمد بن سلمة عن أجرة السمسار، فقال: أرجو أنه لا باس به، وإن کان في الأصل فاسداً؛ لکثرة التعامل".فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909200379

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں