بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کا نسب شریف


سوال

حضورصلی اللہ علیہ وسلم کاشجرہ نسب کیاہے؟آپ علیہ الصلوۃ والسلام سے لے کرحضرت آدم علیہ السلام تک شجرہ نسب بتائیں۔

جواب

سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کاسلسلہ نسب تمام عالم کے سلاسل انساب سے اعلیٰ وبرترہے،اوروہ سلسلہ نسب یہ ہے:محمدبن عبداللہ بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبدمناف بن قصی بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لوی بن غالب بن فہربن مالک بن النضربن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزاربن معدبن عدنان۔(بخاری ) عدنان تک سلسلہ نسب سب کے نزدیک مسلم ہے،اوریہ بھی مسلم ہے کہ عدنان حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولادمیں سے ہیں،البتہ اس میں اختلاف ہے کہ عدنان سے حضرت اسماعیل علیہ السلام تک کتنی پشتیں ہیں۔عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نسب شریف کوبیان فرماتے تھے توعدنان سے تجاوزنہ فرماتے،عدنان تک پہنچ کررُک جاتے اوریہ فرماتے ''نسب والوں نے غلط کہا''یعنی ان کوسلاسل انساب کی تحقیق نہیں جوکچھ کہتے ہیں وہ بے تحقیق کہتے ہیں۔ اس لیے سلسلہ نسب محقق اورمسلم وہی ہے جواوپرذکرکردیاگیا،عدنان سے حضرت اسماعیل علیہ السلام تک اورحضرت اسماعیل علیہ السلام سے حضرت آدم علیہ السلام تک سلسلہ نسب کے ذکرمیں اختلاف ہے،اس لیے علماء عدنان تک ہی سلسلہ نسب کے بیان کرنے کومناسب قراردیتے ہیں۔پوراسلسلہ نسب بعض سیرت کی کتابوں میں موجودہے،مزیدتفصیل کے لیے ''رحمۃ للعالمین''ملاحظہ فرمائیں۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143708200015

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں