بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مناجات مقبول اور الحزب الاعظم


سوال

مناجات مقبول اور حزب الاعظم میں کیا فرق ہے؟ اور ان کی فضیلت کیا ہے؟

جواب

’’مناجاتِ مقبول‘‘ اور ’’الحزب الاعظم‘‘ دونوں ہی دعاؤں کے مجموعہ کی کتابیں ہیں۔

’’الحزب الاعظم‘‘  ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ کا مرتب شدہ دعاؤں کا مجموعہ ہے، ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ اس مجموعہ کے مقدمہ میں فرماتے ہیں کہ میں نے کئی لوگوں کو دیکھا کہ وہ علماء کی طرف منسوب دعاؤں کا ہی اہتمام کرتے ہیں اور اس کی ایسی اسناد ذکر کرتے ہیں جس کا موضوع ہونا یقینی ہے،  اس لیے میں نے ادعیہ ماثورہ کو جمع کرنے کا اہتمام کیا۔ اسے ہفتہ وار منزلوں پر تقسیم کیا گیا ہے، ہفتے کے دن (قرآنی دعاؤں اور کچھ احادیث میں منقول دعاؤں ) سے شروع ہوکر جمعے کے دن درود شریف کے صیغوں پر یہ مجموعہ مکمل ہوتاہے، موجودہ دور میں بعض علماء نے اسے مہینے کی ترتیب پر یومیہ کچھ مقدار مقرر کرکے تقسیم کردیا ہے۔

’’مناجاتِ مقبول‘‘  حضرت تھانوی رحمہ اللہ کی تالیف ہے، مناجات مقبول کے مقدمہ میں مولانا عبد الرحیم صاحب نے حضرت تھانوی کی طرف منسوب کر کے لکھا ہے کہ یہ دعائیں چوں کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیان فرمودہ ہیں، اس لیے  ان کی قبولیت میں کوئی شک نہیں بشرطیکہ ان کو پڑھنے والا اخلاص، توجہ اور پختہ یقین کے ساتھ پڑھے۔  یہ مجموعہ  دو سو سے  زائد  قرآنی اور حدیثی دعاؤں کا مجموعہ ہے جس میں مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے  سات منزلیں مرتب فرما دیں، جن میں قرآن و حدیث کی مستند،ماثور و مسنون دعائیں جمع فرمائی گئی ہیں ​​​​​۔
مذکورہ دونوں مجموعے اکابرینِ امت کے ہاں مقبول اور متداول ہیں، دونوں ہی مجموعوں کا معمول رکھا جاسکتاہے، بہتر ہے کہ جس بزرگ سے عموماً مشورہ لیتے ہوں ان کے مشورے سے کسی ایک مجموعے کا انتخاب کرکے اسے معمول بنالیجیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143908200432

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں