بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

مشکلات کا حل کیسے ہو؟


سوال

میں نےتقریباً بارہ سال  تک اچھی ملازمت کی، میں نے ڈبل ماسٹرز کی ڈگری لی ہوئی ہے،لوگوں کی منافقت اور دین سے دوری کی وجہ سے میں نے ملازمت سے تنگ آکرملازمت ترک کرکے  پچھلے سال رمضان کے بعد اپناکام پراپرٹی اور ٹریول کا شروع کیا، مگر میں مستقل شدید ناکامی کا سامنا کررہاہوں،میں نے اپنا کام سچ کے ساتھ کرنے کاعہد کیاہے، مگر مجھے مشکلات پیش آرہی ہیں،میں نے جس جگہ کام شروع کیا وہ جگہ بھی اب ختم ہورہی ہے،میری والدہ بیمار ہیں اور میں دو بچیوں کا باپ ہوں، ماہانہ اخراجات ہمارے ستر ہزار کے لگ بھگ بنتے ہیں، مگرمیں ماہانہ ایک روپیہ بھی نہیں بچاپارہا،میں نے بہت توبہ استغفار کیا ،مگر مجھے لگتاہے کہ سب کچھ بے اثر ہورہاہے،میں نے حقوق العباد کی کوتاہیوں پر بھی اللہ کے حضور بہت توبہ کی ہے،میں بہت گناہ گارہوں، مگر بندہ جتنا بھی گناہ گار ہو اللہ تعالیٰ اسے معاف کردیتے ہیں ، مگر میرے حالات سدھر نہیں رہے،براہِ کرم میری راہ نمائی فرمائیں مجھے کوئی موثر اور مجرب وظیفہ بتائیں میرے مسائل حل ہوسکیں!

جواب

اللہ تعالیٰ سے دعاگوہیں کہ باری تعالیٰ آپ کے ساتھ آسانی اور عافیت والا معاملہ فرمائے،دنیاوی زندگی میں انسان مختلف آزمائشوں اور تکالیف سے گرزتاہے، لیکن ایک مومن  کو ان تمام احوال میں اپنے رب  کے فضل  اس کی عطااوربخشش پر کامل اعتقاد اور اس کے وعدہ رحم وکرم پر کامل یقین  رکھنا چاہیے اور ہمہ وقت اس کے کرم اور اس کی رحمت کا امیدوار رہنا چاہے۔ اللہ کی ذات سے  بد گمانی یا اس کی رحمت  سے مایوسی کسی مسلمان کی شان کے لائق نہیں۔لہذا آپ ان حالات میں اللہ کی ذات پر اعتماد اور توکل رکھیں ان آزمائشوں کو رضابالقضاسمجھتے ہوئے اللہ کی ذات سے ان پر اجر وثواب کی امیدرکھیں۔نمازوں کا اہتمام کریں ،اللہ تعالیٰ سے اپنے احوال کی درستی مانگتے رہیں، استغفار کی کثرت بھی رکھیں، اور جتنی استطاعت ہو  صدقہ نکالتے رہیں، اور مندرجہ ذیل ورد کثرت سے پڑھتے رہیں :

''حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ''۔

حدیث شریف میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:جب تمہیں کوئی بھاری اور مشکل معاملہ پیش آجائے تو ''حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ''پڑھا کرو۔(معارف الحدیث 5/153)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909200130

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں