بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مختلف مواقع پر میسجز کے ذریعہ لوگوں کو معافی نامہ بھیجنے کا حکم


سوال

شبِ براء ت کے آنے سے پہلے موبائل پر معافی نامہ بھیجا جاتا ہے، اس کا رواج بھی ہے،  برائے کرم اس کی کیا حقیقت ہے؟ کیا بھیجنا درست ہے یا نہیں؟

جواب

آج کل مختلف مواقع پرمیسج وغیرہ کے ذریعہ سے  ایک رسمی معافی نامہ بھیجنے کا رواج ہوگیا ہے، اس طرح کے معافی نامہ بھیجنے سے عام طور سے خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوتا، کیوں کہ بھیجنے والا بھی اس طرح کا معافی نامہ بطور ایک رسم کے بھیجتا ہے، چناں چہ یہ میسج ہر ایک کو بھیج دیا جاتاہے، اس کا مقصود حقیقت میں معافی مانگنا نہیں ہوتا، اور جس کو بھیجا جاتا ہے اسے بھی پتا ہوتا ہے کہ معافی نامہ بھیجنے والے کا مقصد معافی وغیرہ مانگنا نہیں ہے، بلکہ ایک رسم کی ادائیگی ہے، اس لیے اس طرح کے میسج بھیجنے میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ذہن پر زور دے کریاد کرنا چاہیے  کہ ہم نے کس کس کو ناراض کیا ہوا ہے اور پھر ہوسکے تو اس کے پاس جاکر باقاعدہ معذرت کر کے دل سے اس سے معافی مانگ کر اس کو راضی کرنا چاہیے، اگر کسی شخص کے دور ہونے کی وجہ سے اس کے پاس جانا مشکل ہو تو پھر موبائل پر فون یا میسج کر کے اس سے نزاعی معاملہ پر باقاعدہ معذرت کر کے معافی مانگی جائے تو یہ صورت بھی مفید ہے، لیکن صرف بطور رسم ہر ایک کو معافی نامہ بھیجنے سے معافی کی اہمیت اور اثر باقی نہیں رہتا، جس کا اندازا ایسے مواقع کے گزرتے ہی ہوجاتاہے کہ دلوں میں وہی دوریاں باقی رہتی ہیں، اور موقع ملتے ہی دل کی کسک بھی نکال لی جاتی ہے۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144008200308

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں