بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نبی کریم ﷺ کی حیات کے منکر امام کے پیچھے نماز ادا کرنے کا حکم


سوال

بعض لوگوں کا عقیدہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قبر پر کیے جانے والے سلام کو نہ سنتے ہیں نہ جواب دیتے ہیں، ایسا عقیدہ  رکھنے والے کے پیچھے نماز کا کیا حکم ہے؟

جواب

واضح رہے کہ  مذکورہ لوگ اہلِ سنت والجماعت کے اجماعی عقیدہ حیات النبی و حیات الانبیاء علیہم السلام  کے منکر ہونے کی وجہ سے اہلِ سنت الجماعت سے خارج  ہیں،   پس ایسا شخص جو حیات النبی ﷺ کا قائل نہ ہو یا حیات کا اقرار کرتا ہو،  مگر حیاتِ روحانی کا قائل ہو اس کی اقتدا  میں نماز ادا کرنا مکروہِ تحریمی ہے، لہذا ایسے بد عقیدہ شخص کی امامت میں نماز ادا نہ کی جائے۔

"القول البدیع فی الصلاۃ علی الحبیب الشفیع"  میں ہے:

"نحن نؤمن و نصدق بأنه صلي الله عليه وسلم حي يرزق في قبره، و أن جسده الشريف لاتأكله الأرض، و الإجماع علی هذا".

(الباب الرابع: رسول الله حي علي الدوام، ص: ١٦٧،ط: مطبعة الإنصاف)

ترجمہ: ہم ایمان رکھتے ہیں اور تصدیق کرتے ہیں کہ بے شک رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قبر میں زندہ ہیں اور زمین  ان کے جسم مبارک کو نہیں کھاسکتی، اور اس پر اجماع ہے۔

الحاوی للفتاوی میں ہے:

"حياة النبي صلي الله عليه وسلم في قبره هو و سائر الأنبياء معلومة عندنا علماً قطعياً لما قام عندنا من الأدلة في ذلك، و تواترت به الأخبار الدالة علی ذلك".

( إنباء الأذكياء بحياة الأنبياء، ص: ٥٥٤، ط: رشيدية)

 ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنی قبر میں حیات اور تمام انبیاء علیہم السلام کی  حیات علم قطعی کے ساتھ ثابت ہے بوجہ ان احادیثِ متواترہ  کے جو حیاتِ انبیاء پر دلالت کرتی ہیں۔

"اشعۃ اللمعات" میں ہے:

"حیات انبیاء متفق علیہ است، ہیچ کسی را در وے خلاف نیست"۔

( کتاب الصلاۃ، باب الجمعۃ، الفصل الثانی، ١/ ٦١٣، ط: منشی نول کشور)

مظاہر حق میں ہے:

"چنانچہ یہ مسئلہ بالکل صاف اور واضح ہے اور اس میں کسی اختلاف کی گنجائش نہیں کہ انبیاء اپنی اپنی قبروں میں زندہ ہیں اور انہیں بالکل دنیا کی طرح حقیقی جسمانی حیات حاصل ہے، نہ کہ انہیں حیاتِ معنوی روحانی حاصل ہے، جیساکہ شہداء کو حاصل ہوتی ہے"۔

(مظاہر حق جدید، باب الجمعہ، الفصل الثانی، ١/ ٨٦٥، ط: دار الاشاعت)

جواہر الفتاوی میں ہے:

"حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم بلکہ تمام انبیاء علیہم السلام کا عقیدہ نصوصِ شرعیہ سے اور اجماعِ امت سے ثابت ہے، باتفاق علماءِ اہل السنۃ والجماعۃ خاص کر اکابرینِ علماءِ دیوبند، اس جماعتِ دیوبندیہ کے لیے معیار قرار دیتے ہیں، اس کے خلاف منکرینِ حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم و الانبیاء والشہداء کو مبتدع اور اہلِ سنت و الجماعت سے خارج قرار دیتے ہیں"۔

  (جواہر الفتاوی جدید ،  ١/ ٤٣٢، ط: اسلامی کتب خانہ)

المہند علی المفند میں ہے:

"عندنا و عند مشائخنا حضرة الرسالة صلي الله عليه وسلم حي في قبره الشريف و حيوٰته صلي الله عليه وسلم دنيوية من غير تكليف، و هي مخصوصة به صلي الله عليه وسلم و بجميع الأنبياء صلوات الله عليهم، لا برزخية كما هي حاصلة لسائر المؤمنين، بل لجميع الناس، كما نص عليه العلامة السيوطي في رسالة: "إنباء الأذكياء بحيوٰة الأنبياء" حيث قال: قال الشيخ تقي الدين السبكي: حيوٰة الأنبياء و الشهداء في القبر كحيوٰتهم في الدنيا، و يشهد له صلوٰة موسی عليه السلام في قبره؛ فإن الصلوٰة تستدعي جسداً حياً... الخ (ص: ادارة اسلاميات)

ترجمہ:  ہمارے اور ہمارے مشائخ کے نزدیک رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قبرِ اطہر میں زندہ  ہیں اور  ان کی زندگی دنیاوی زندگی ہے، سوائے اس کے کہ وہ قبر میں مکلف نہیں، اور یہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام انبیاء علیہم السلام کے ساتھ خاص ہے، (ان کی قبر کی زندگی ) برزخی حیات نہیں ہے، جیساکہ تمام مومنین بلکہ تمام لوگوں کو حاصل ہوتی ہے، جیساکہ علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے اپنے رسالہ "انباء الاذکیاء بحیاۃ الانبیاء" میں اس کی صراحت کی ہے :  شیخ تقی الدین سبکی نے فرمایا : انبیاء  اور شہداء کی قبر میں حیات ان کی دنیاوی حیات کی مانند ہے، اور اس کی دلیل موسیٰ علیہ السلام کا اپنی قبر میں نماز  ادا کرنا ہے،  اس لیے کہ نماز کی ادائیگی زندہ جسم کا تقاضا کرتی ہے۔۔۔الخ

حضرت مولانا سید مہدی حسن رحمہ اللہ اپنے رسالہ " قہر حق بر صاحب ندائے حق"  میں تحریر فرماتے ہیں:

"جو امام یہ عقیدہ رکھتا ہو کہ انبیاءِ کرام علیہم السلام کی حیات بعد الممات محض روحانی ہے اور جسم اگرچہ محفوظ ہے مگر حیات سے بے بہرہ ہے اور پھر اس عقیدہ کی تبلیغ کرتا ہے اور ترویج چاہتا ہے، بالیقین اس عقیدہ والا امام مبتدع فی العقیدہ و العمل ہے، اس کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی واجب الاعادہ ہے"۔ (ص: ٢٨٨، ط: امدادیہ)

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004200853

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں