بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

فحش ویب سائٹ ہیک کرنا


سوال

کیا Pornograffi یعنی فاحشات کے ویب سائٹ ہیک کرنا جائز ہے؟

جواب

مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنے معاشرے کو بے حیائی اور فحاشی سے پاک رکھنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کریں، اور اربابِ اختیار اس کے سدِّباب کے لیے مستقل قانون سازی کریں، اس سلسلے میں عام مسلمانوں کو  اپنے دائرہ اختیار میں کوشش جاری رکھنی چاہیے، قانونی اجازت حاصل کرکے فحش ویب سائٹ برائی مٹانے کی غرض سے  ہیک کرنا  شرعاً جائز ہے۔

قرآن مجید میں ہے:

﴿ إِنَّ ٱلَّذِينَ يُحِبُّونَ أَن تَشِيعَ ٱلْفَـٰحِشَةُ فِى ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌۭ فِى ٱلدُّنْيَا وَٱلْاٰخِرَةِ ۚ وَٱللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ﴾ [النور:١٩]

ترجمہ: بے شک وہ لوگ جو چاہتے ہیں کہ بے حیائی پھیلے ایمان والوں میں، ان کے لیے درد ناک عذاب ہے دنیا اور آخرت میں، اور اللہ تعالیٰ جانتے ہیں اور تم نہیں جانتے۔

حدیث مبارک میں ہے:

"عن أبي سعيد الخدري عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «من رأى منكم منكراً فليغيره بيده، فإن لم يستطع فبلسانه، فإن لم يستطع فبقلبه، وذلك أضعف الإيمان» . رواه مسلم". (مشكاة المصابيح (3/ 1421، کتاب الآداب، باب الأمر بالمعروف، الفصل الأول، ط: المکتب الإسلامي)

     ترجمہ:حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ  رسول کریم ﷺ سے روایت کرتے  ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا :” تم میں جو  شخص کسی خلافِ شرع امر کو دیکھے ( یعنی جس چیز کو شریعت کے خلاف جانے) تو اس کو چاہیے کہ اس چیز کو اپنے ہاتھوں سے بدل دے،اور اگر (وہ خلافِ شرع امر کے مرتکب کے زیادہ قوی ہونے کی وجہ  سے ) ہاتھوں کے ذریعے اس امر کو انجام دینے کی طاقت نہ رکھتا ہو تو زبان کے ذریعے اس امر کو انجام دے ، اور اگر زبان کے ذریعے بھی اس امر کو انجام دینے کی  طاقت نہ رکھتا ہوتو  پھر دل کے ذریعے اس امر کو انجام دے(یعنی اس کو دل سے برا جانے ) اور یہ (آخری درجہ) ایمان کا سب سے کمزور درجہ ہے“۔(ماخوذ از مظاہر حق جدید،4/604،ط: دارالاشاعت)  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909202186

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں