بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

فارم ہاوس سے متعلق چند سوال


سوال

1۔  اکثر فارم ہاوس /واٹر پارک جانا ہوتا ہے تو پانی میں نہانے کے بعد کیا نماز کے لیے کپڑے بدلنا ضروری ہے?

2۔  آیا وضو کرنے کی ضرورت ہے ؟

3۔ گھاس پر بغیر کچھ بچھائے نماز پڑھ سکتے ہیں ؟

4۔ فارم ہاوس وغیرہ میں جمعہ کے دن جمعہ کی نماز ہوگی یا ظہر کی ؟ کیوں کہ باہر سے لوگوں کا بغیر ٹکٹ کے اندر آنا منع ہوتا ہے!

جواب

1۔اگر سویمنگ پول   225 اسکوائر فٹ یا اس سے زیادہ ہو تو اتنا بڑا حوض فقہ کی اصطلاح میں "حوضِ کبیر" کہلاتاہے، اور اس کا پانی ’ آبِ کثیر ‘ ہے ، اگر اس میں نجاست گر بھی جائے  تو جب تک رنگ ، بو یا مزے میں سے کسی بھی ایک وصف میں اس نجاست کا اثر ظاہر نہ ہو ، پانی ناپاک نہیں ہوتا، اور اگر حوض اس سے چھوٹا ہو اور اس کے ناپاک ہونے پر کوئی واضح دلیل نہ ہو ، صرف ناپاکی کا شبہ ہو تب بھی وہ پانی پاک ہی سمجھا جائے گا اس میں نہانے سے کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے ان کپڑوں میں نماز درست ہے ؛ کیوں کہ پانی اصل میں پاک ہے ، صرف شک کی وجہ سے اس کے ناپاک ہونے کا حکم نہیں لگایا جاسکتا :

’’ ویجوز للرجل أن یتوضأ من الحوض الذي یخاف أن یکون فیه قذر ولا یتیقن به، ولیس علیه أن یسال عنه، ولا یدع التوضوء منه حتی یتیقن أن فیه قذراً للأثر‘‘ ۔(فتاویٰ ہندیہ ، کتاب الطہارۃ : ۱؍۲۵)

2۔اگر سویمنگ پول میں نہاتے ہوئے اعضائے وضو تک پانی پہنچ جائے تو وضو ہو جائے گا دوبارہ وضو کی ضرورت نہیں۔

3۔گھاس پر بغیر کپڑا بچھائے نماز پڑھنا درست ہے، جب تک کہ ظاہری کوئی نجاست موجود نہ ہو۔

4. فارم ہاوس اگر  شہر یا فنائے شہر میں ہےیا ایسی جگہ ہے جہاں جمعہ کی شرائط پائی جائیں تو وہاں جمعہ ادا کیا جائے گا خواہ بغیر ٹکٹ اندر آنے کی اجازت نہ ہو ، ایسی جگہوں پر عمومی داخلے کی ممانعت جمعے کی صحت سے مانع نہیں ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909201654

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں