بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاق دوں گا کہا یا تم طلاق ہو کہا، شوہرکو الفاظ میں شک ہے جب کہ بیوی پہلے جملے کا کہہ رہی ہے


سوال

آج سے تقریباً  ایک سال پہلے میں اور میری بیوی،  میری  بیوی کے میکے گئے،  ہم نے 17دن ساتھ گزارے، پھر میں سعودی عرب آیا،  میری بیوی نے تقریباً  چھ مہینے گزارے،  انہیں  چھ مہینوں کے دوران وہ حاملہ ہوگئی،  اس کے بعد میں نے اپنی  بیوی کو اپنے گھر جانے کو کہا، جانے سے تقریباً  ایک ہفتہ پہلے کسی بات پر لڑائی  ہوئی اور لڑائی کے دوران میں نے غصہ میں یہ بول دیا کہ  اگر تم میرے گھر جاؤگی تو میں تمہیں طلاق دوں گا،  اس وقت میرا کوئی ارادہ نہیں تھا ایسے بات کرنے کا، بعد میں جب میرا غصہ ٹھنڈا ہوا تو دل میں شک سا پیدا ہوا اور سوچنے لگا کہ  میں نے (1۔میں تمہیں طلاق دوں گا بولا ہے )(2۔ یا اگر تم گئی تو تم طلاق ہو بولا ہے)اس کے بعد میں نے اپنی بیوی کو گھر جانے سے منع کردیا تو بیوی نے پوچھا کیوں منع کررہے ہو؟  تو میں نے اس کو یہ سب بتادیا تو میری بیوی نے مجھ سے کہا کہ تم نے طلاق دوں گا،  بولا ہے طلاق ہو،  نہیں بولا ۔اب میرے لیے شرعی حکم کیا ہے اس میں؟

جواب

’’طلاق دوں  گا“ یہ  وعدہٴ طلاق اور طلاق کی دھمکی کے الفاظ ہیں،  اس سے طلاق واقع نہیں ہوتی؛ البتہ ’’تم طلاق ہو  ‘‘ کے الفاظ طلاق کے صریح الفاظ ہیں،  جن سے  طلاق واقع ہوجاتی ہے، دونوں صورتوں میں حکم مختلف ہے،  اس  لیے سائل  کو چاہیے کہ ذہن پر زور دے کر کسی ایک لفظ  کو متعین کرے،  جس طرف غالب گمان ہو انہیں الفاظ کا اعتبار ہوگا  ، اگر کوئی متعین نہ ہوپائے اور دونوں میں برابر کا تردد اور شک رہے  تو  بیوی کے گھر جانے کی صورت میں شک کی وجہ سے طلاق کا حکم عائد نہ ہوگا، خصوصاً جب کہ بیوی پہلے جملے کا کہہ رہی ہے۔

الدر المختار شرح تنوير الأبصار في فقه مذهب الإمام أبي حنيفة (3/ 283):
"علم أنه حلف ولم يدر بطلاق أو غيره لغا، كما لو شك أطلق أم لا، ولو شك أطلق واحدةً أو أكثر بنى على الأقل".
 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201552

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں