بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

شرعی پردہ نہ کرانے والے لڑکے سے شادی کرنا


سوال

بندی کا رشتہ آیا ہوا ہے،وہ  دور کے رشتہ دار ہیں، لیکن کوائف اچھے ہیں، لڑکا حافظ قرآن ہے، ایم۔ بی۔ اے کیا ہوا ہے، ان کے والد کا کاروبار ہے اوروہ لوگ  ٹھیک ٹھاک ہیں، ان کا بس ایک ہی بیٹا ہے اور کوئی اولاد نہیں ، مسئلہ یہ ہے کہ وہ لوگ شرعی پردہ بالکل قبول نہیں کررہے، چہرہ ڈھکنے کی اجازت صرف گھر سے باہر نکلتے ہوئے ہے، بندی بہت دل سے شرعی پردہ کرتی ہے اور بے پردگی سے نفرت ہے، ان کا جوائنٹ فیملی سسٹم نہیں ہے ، لیکن لڑکے کے دو چچاایک ہی گھر پر  الگ الگ فلور پر رہتے ہیں، اس کے علاوہ جو رشتے دار گھر میں نہیں بھی رہتے ان سے بھی چہرہ ڈھاکنے کی اجازت نہیں، جیسا کہ لڑکے کا پھوپھا، چچا ، کزنز ،ان سب کے سامنے جانا ہوگا اور بیٹھنا بھی ہوگا، ان کے ساتھ بغیر نقاب کے باتیں بھی کرنی ہوں گی، صرف سلام کی حد تک بھی نہیں رہنا ہوگا، والدین بہت پریشان ہیں، بندی کو سمجھ نہیں آرہا کہ بندی کیا کرے؟کیسے شرعی پردہ اتار دے؟ اس کے علاوہ سامنے اور کوئی رشتہ نہیں ہے، بندی کی دو جگہ منگنی ہوکر ختم ہوچکی ہے، دونوں دفعہ رشتہ  غیروں میں ہوا تھا، آپ مشورہ دیجیے کہ بندی ایسے  وقت میں کیا کرے؟

جواب

نبی کریم ﷺ کا ارشادہے کہ دنیا میں نکاح کرنے کی عام طور پر تین وجوہات ہوتی ہیں:مال، خوبصورتی ، حسب و نسب اور تقوی و دین داری،یہ فرما کر آپ ﷺ نے تقوی کی بنیاد پر نکاح کرنے کی ترغیب دی ،  لہذا  آپ کو چاہیے کہ اپنے والدین کو اعتماد میں لے کر لڑکے اور اس کے گھر والوں سے اچھے ماحول میں بات چیت کرکے انہیں شرعی پردہ پر راضی کیا جائے، اگر وہ پھر بھی نہ مانیں تو کسی ایسی جگہ سے رشتہ آنے  کا انتظار کریں جو آپ کے دینی جذبات کا احساس رکھیں، لیکن اگر یہ محسوس ہو کہ کسی دوسری جگہ سے رشتہ نہیں آئے گا یاجو آئے گا وہ دین داری کے پہلو سے اس سے براہوگا ور نہ گھر بیٹھے رہنے سے اوربڑے مفاسد کااندیشہ ہے تو اسی رشتہ پر ہاں کرنے کی گنجائش ہے،رشتے کے بعد حتی المقدوراپنے دین کاتحفظ ضروری ہوگا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143903200016

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں