بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شادی شدہ افراد کا بیوی سے دوری کی وجہ سے اپنی جنسی خواہش کی تکمیل کرنا


سوال

شادی شدہ افراد کیا اپنی جنسی خواہش کی تکمیل اپنے ہاتھ سے کرسکتے ہیں،  بہت سے لوگ جو  یہاں عرب ممالک میں ہیں وہ اپنی فیملی کو اپنے ساتھ رکھنے کی استطاعت نہیں رکھتے، کیا ان کو اس کی اجازت ہے؟

جواب

شریعت نے جنسی خواہش کی تسکین کے لیے  عفت والا راستہ نکاح کومتعین کیاہے ، اس حلال راستہ کے علاوہ کسی بھی طریقہ سے اپنی خواہش پوری کرنا حدودسے تجاوز کرنے کی بنا پر ناجائز اور حرام ہے ۔

 اس کی حرمت قرآن کریم سے ثابت ہے۔( سورۃ المومنون  ، آیت ، ۵ تا ۸)۔ نیز کئی احادیث میں اس فعلِ بد  پر وعیدیں وارد ہوئی ہیں، ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :سات لوگ ایسے ہیں جن سے اللہ تعالی ٰ قیامت کے دن نہ گفتگو فرمائیں گے اور نہ ان کی طرف نظر ِ کرم فرمائیں گے ۔۔۔۔اُن میں سے ایک وہ شخص ہے جو اپنے ہاتھ سے نکاح کرتا ہے (یعنی مشت زنی کرتا ہے )۔ (شعب الایمان (7/ 329)

 ایک  اور حدیث میں ارشاد فرمایاگیا ہے کہ: اپنے ہاتھ سے نکاح کرنے والا قیامت کے دن ایسی حالت میں آئے گا کہ اُس کے ہاتھ حاملہ ہوں گے ۔

شادی شدہ آدمی کے لیے  حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے 4 ماہ سے زائد بیوی سے جدا رہنے کی ممانعت کا ضابطہ نافذ فرمایا تھا ۔اس لیے  اب اگر سائل پر  شہوت کا اس قدر غلبہ ہو کہ مشت زنی کے  گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو تو درج ذیل صورتوں پر عمل کرے:

(1) بیوی کے پاس آنے کی یا اس کو اپنے پاس بلانے کی  فوری کوئی صورت اختیار کرے, تاکہ میاں بیوی دونوں عفت اور پاک دامنی کے ساتھ زندگی گزارسکیں۔

(2)  روزے رکھے ؛ کیوں کہ روزہ رکھنے سے شہوت مغلوب ہوتی ہے۔

(3) ایسی غذا ئیں استعمال نہ کرے جس سے شہوت میں اضافہ ہوتا ہو۔

(4)  غلط ماحول اور خیالات سے بچنے کی حتی المقدور کوشش کرے، اپنے آپ کو مصروف رکھے، حتی الامکان تنہائی سے احتراز کرے، اور جہاں تنہائی ناگزیر ہو وہاں کم سے کم وقت گزارنے کی عادت اور ترتیب بنائے۔ فقط  واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143811200006

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں