بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

سفرِ عمرہ کے دوران اسمگلنگ اور رشوت دینے کا حکم


سوال

 ایک شخص عمرہ پر جانا چاہتا ہے اور اس کے پاس عمرہ پر جانے کے لیے اسباب نہیں ہیں، مگر کوئی دوسرا شخص اس کو بھیج رہا ہے اپنے پیسوں سے، مگر اس شرط کے ساتھ کہ آپ ہمارا کچھ سامان لے کر جاؤ گے، سامان نشیلی اشیاء ہے، اور جب وہ عمرہ سے واپس آتے ہیں تو واپسی پر سونا لاکر دیتے ہیں اس شخص کو جس نے اپنا مال لگاکر بھیجا، اور جب کہ دونوں ملکوں کے ائیرپورٹ پر افسروں کو رشوت دے کر سیٹنگ سے یہ کام ہوتا ہے، اور ساتھ میں یہ انڈین گورمنٹ اور سعودی گورمنٹ کی  چوری بھی ہے تو اس صورت میں اس شخص کا عمرہ کرنا جائز ہوگا یا نہیں؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل مع حوالے کے جواب عنایت کردیں!

جواب

واضح رہے کہ گناہ ہر حال میں گناہ ہوتا ہے اور کسی حال میں  بھی اُس کو جائز نہیں کہا جا سکتا، خواہ وہ کسی نیکی کے کام کے لیے ہی کیوں نہ کرنا پڑے، اسی طرح گناہ کے کام میں کسی کی معاونت و تعاون کرنا بھی جائز نہیں اور یہ حکم نصِ قرآنی سے ثابت ہے، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَلاَ تَعَاوَنُواْ عَلَى الإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُواْ اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ (المائدۃ:2)

لہذا اگر کوئی شخص کسی دوسرے شخص کو عمرے پر بھیجتا ہے اور اس کے ضمن میں اس سے ایسے امور سر انجام دینے کا مطالبہ کرتا ہے جو از روئے شرع ممنوع ہیں، جیسے نشہ آور  اشیاء کی اسمگلنگ اور رشوت دینا  تو  اس شخص کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ ان امور کو سر انجام دے،  اس لیے  کہ شرطِ مذکور  کی تعمیل نہ تو  اُس کی مجبوری ہے اور نہ ہی اس کے ساتھ اُس کا کوئی حق متعلق ہے، بلکہ اسمگلنگ تو قانونی اعتبار سے بھی ممنوع ہے،  اس لیے مذکورہ بالا امور سے اجتناب لازم ہے۔ اگر ایسا کرے گا تو سخت  گناہ گار ہو گا۔   البتہ اگر عمرہ مذکورہ صورت میں عمرہ کرلیا تو عمرہ ادا ہوجائے گا، لیکن رشوت دینے اور قانون ومعاہدے کی خلاف ورزی کا گناہ ہوگا۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004200807

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں