میرے منہ سے خون آتا ہے، جب میں وضو یا کلی کرتا ہوں، میرا خون پتلا ہونے کی وجہ سے آتا ہے، میں بار بار وضو کرتا ہوں، اور میں روزے کے لیے بھی پریشان ہوں، کیوں کہ میرے منہ میں خون کا ذائقہ آتا ہے؟
روزے کی حالت میں منہ سے خون نکلنے کی چند صورتیں ہو سکتی ہیں:
*اگر خون حلق سے نیچے اتر کر پیٹ تک نہیں پہنچا تو روزہ بہرحال نہ ٹوٹے گا خواہ خون کم ہو یا زیادہ۔
* اگر خون پیٹ میں پہنچ جائے اور اس کا مزہ بھی محسوس ہو تو بہرحال روزہ ٹوٹ جائے گا۔
* اگر پیٹ میں پہنچ جائے، لیکن مزہ محسوس نہ ہو تو خون مغلوب ہونے کی صورت میں روزہ نہ ٹوٹے گا، ورنہ یعنی اگر خون غالب یا برابر ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
آپ اپنے ساتھ کوئی برتن (اگال دان وغیرہ) رکھ لیا کریں، تا کہ خون آنے کی صورت میں اس میں تھوک دیا کریں اور روزے کے متعلق کوئی وہم نہ ہو۔
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 396):
"(أو خرج الدم من بين أسنانه ودخل حلقه) يعني ولم يصل إلى جوفه أما إذا وصل فإن غلب الدم أو تساويا فسد وإلا لا إلا إذا وجد طعمه، بزازية. واستحسنه المصنف وهو ما عليه الأكثر وسيجيء".فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144008201459
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن