بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حالت صحت میں رقم کے استعمال کی اجازت دی اور بعد میں ذہنی توازن ٹھیک نہ رہا تو سابقہ اجازت کا حکم


سوال

میرے سسرکا انتقال ہوگیا ہے اور میری ساس حیات ہیں جو کہ میرے ساتھ ہی رہتی ہیں۔میری ساس کو میرے سسر مرحوم کی وراثت میں سے آٹھواں حصہ ملا ہے۔ میرے شوہر کے آٹھ بہن بھائی ہیں۔ لیکن سوائے میرے شوہر اور میرے کوئی اور اولاد (میرے شوھر کے بہن بھائی) ان کی ذمے داری نہیں اٹھا رہا۔ ہم ہی ان کی خدمت و کفالت کر رہے ہیں۔ میری ساس کی ذہنی حالت پہلے صحیح تھی مگر اب ان کی دماغی/ذہنی حالت درست نہیں رہی۔ جب ان کی حالت درست تھی تو اس وقت انھوں نے ہمیں اجازت دی تھی کہ ہم ان کے (وراثت میں ملے پیسے) میں سے جب چاہیں اپنی کسی بھی ذاتی ضرورت کے لیے خرچ کرسکتے ہیں۔ اب ہم اس میں سے کچھ خرچ کرنا چاہ رہے ہیں تو کیا ہمارا ان پیسوں پر حق ہے ؟ ہمارے لیے اس رقم میں سے اپنے لیے خرچ کرنا جائز ہے ؟ یا دوبارہ ہمیں اجازت باقاعدہ لینی پڑے گی۔

واضح رہے کہ میری ساس کی دماغی حالت اب ٹھیک نہیں ہے، مگر اجازت دیتے وقت وہ بالکل نارمل تھیں۔ میرے شوہر کے دیگر بھائی بہن ہم کو کہہ رہے ہیں کہ :تم لوگ (میں اور میرے خاوند) کے لیے یہ پیسے استعمال کرنا جائز نہیں۔ اس میں ہم سب بھائی بہنوں کا وراثت کا حق ہے۔

برائے مہربانی وضاحت کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں۔

جواب

جب سائلہ کی ساس نے اپنی صحت اور ہوش و حواس کی حالت میں اپنی رقم کے استعمال کی اجازت دی تھی تو وہ اجازت ان کی صحت تک برقرار تھی، اب جب کہ ان کی دماغی حالت درست نہیں رہی تو اس اجازت کا بھی اعتبار نہیں،  اب ساس کی رقم ذاتی ضرورت میں  استعمال نہیں  کرسکتے ۔(کما فی الشامیۃ فی بیان اسباب الحجر: الحجر  ھو منع من نفاذتصرف قولی  وسببہ صغر وجنون الخ  ج: ۶، ص: ۱۴۴)

سائلہ کے شوہر اپنی والدہ  اور سائلہ اپنی ساس کی خدمت کرتے آئے ہیں تو یہ سائلہ اور اس کے شوہر کے لیے بڑی سعادت ہے، آئندہ بھی  اللہ تعالیٰ کے ہاں بڑا اجر ملنے کا یقین رکھتے ہوئے دونوں خدمت جاری رکھیں۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143712200011

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں