بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

جھینگا کھانے کا حکم / دس محرم کو اہل وعیال پر وسعت کا حکم / روزگار اور اس میں برکت اور جان ومال کی حفاظت کا وظیفہ


سوال

1۔جھینگا کھانا کیسا ہے؟

2۔۔10 محرم کو دسترخوان بڑا کرنا(وسیع) کرنا کیسا ہے؟

3۔۔روزگار کے لیے کوئی وظیفہ اور روزگار میں خیروبرکت کے لے کوئی وظیفہ بتادیں۔

4۔۔ جان مال کی حفاظت کے لیے کوئی جامع دعا بتا دیں۔

جواب

1۔۔ جھینگےکی حلت اورحرمت کی بنیاد اس بات پرہےکہ یہ مچھلی ہےیا نہیں،  جولوگ اس کو مچھلی قراردیتے ہیں وہ اس کی حلت کے قائل ہیں اورجولوگ اس کو مچھلی قرارنہیں دیتے وہ اس کی حرمت کے قائل ہیں۔ہمارے نزدیک جھینگا مچھلی کی قسم ہے اور اس کا  کھاناحلال ہے۔

2۔ عاشوراء  (دس محرم) کے روز اپنے اہل و عیال پر رزق کی وسعت اور فراوانی کی ترغیب وارد ہوئی ہے،  حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ راویت کرتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا:  "جو شخص عاشورہ کے دن اپنے اہل و عیال کے خرچ میں وسعت اختیار کرے تو اللہ تعالی سارے سال اس کے مال و زر میں وسعت عطا فرمائے گا۔  حضرت سفیان ثوری رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ ہم نے اس کا تجربہ کیا تو ایسا ہی پایا"۔ (رزین) 

" عن ابن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : من وسع على عياله في النفقة يوم عاشوراء وسع الله عليه سائر سنته. قال سفيان : إنا قد جربناه فوجدناه كذلك. رواه رزين".

اس طرح کی روایات دیگر صحابہ سے بھی مروی ہیں جو  اگرچہ سنداً ضعیف ہیں، لیکن مختلف طرق سے مروی ہونے کی وجہ سے فضائل میں قابلِ استدلال ہیں، اسی وجہ سے اکابرین نے اس عمل کو مستحب قرار دیا ہے۔

3۔۔ روزگار کے حصول کے لیے فجر کی نماز کے بعد اپنی جگہ پر بیٹھے بیٹھے طلوعِ  آفتاب سے قبل ستر مرتبہ سورۃ الشوری کی آیت نمبر   ۱۹ : ﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِهٖ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾ کا ورد کریں اور پھر اشراق پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، نیز کثرت سے استغفار پڑھیں۔اسی طرح فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق پڑھیں، یہ بھی مجرب ہے، اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ  کی روزی جہاں مقدر کی ہے وہاں آپ کو ضرور ملے گی، اور جہاں آپ کا رزق نہیں وہاں نوکری بھی نہیں ملے گی۔

نیز کاروبار میں برکت کے لیے   کاروبار میں حلال وحرام اور شریعت کے احکامات کاخوب لحاظ رکھیں،ہر فرض نماز کے بعد تین باردرجِ ذیل مسنون کا دعا کا اہتمام کریں:

« اللَّهُمَّ اكْفِنِي بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ ، وَأَغْنِنِي بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ»،  نیز  ہر نماز کے بعد  سومرتبہ''یا لطیف''اور ایک مرتبہ ﴿اللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ﴾پڑھ لیا کریں۔

4۔۔ صبح وشام تین تین  مرتبہ اس دعا کا اہتمام کریں: «بِسْمِ اللهِ عَلٰى دِيْنِيْ وَنَفْسِيْ وَوَلَدِيْ وَأَهْلِيْ وَمَالِيْ»،ان شاء اللہ دین، جان ، اولاد، ہل وعیال اور مال کی حفاظت ہوگی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144001200154

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں