بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

توسل بالانبیاء والصلحاء کا عقیدہ


سوال

میرا ایک کزن ہے، ہم عقائد علمائے دیوبند کے بارے میں بحث کررہے تھے تو توسل بالنبیﷺوالاولیاء والصالحین کی بات زیرِ بحث آئی وہ کہہ رہا تھا کہ توسل بالنبیﷺوالاولیاء والصالحین جائز ہے اور یہ ہمارا علمائے دیوبند کا عقیدہ ہے، میں نے اس سے کہا کہ یہ شرک ہے۔ مانگنا ہے تو اللہ سے مانگو، توسل بالنبیﷺوالاولیاء والصالحین جائز نہیں، یہ تو شریک عظیم ہے ۔لیکن وہ اپنے بات پرقائم رہا، اس سے میں نے کہا کہ قرآن و حدیث سے دلائل دو تو وہ میرے پاس ایک کتاب لایا، کتاب کا نام "المھند علی المفند یعنی عقائدعلماءاہلِ سنت دیوبند ہے اور یہ فخر المحد ثین حضرت مولاناخلیل احمد سہانپوری قدس سرہ العزیز المتوفی 1342ھ کی تالیف ہے، با اضافہ: قائد اھلِ السنۃ والجماعۃ از حضرت مولانا مفتی سید عبد الشکورترمذی مدظلہم مع تصدیقاتِ قدیمہ و جدیدہ مکتبہ الحسن اشاعت رمضان المبارک 1413ھ بمطابق اگست 1992ء یہ مسئلہ اس کتاب کے صفحہ نمبر 32 سے لے کر صفحہ نمبر 35 پر موجود ہے، از راہ کرم اس مسئلے میں عقیدہ کی صحیح کی پہچان کراکے گمراہی سے بچائیں.

جواب

سب سے پہلے تو یہ اصولی بات سمجھ لینی چاہیے کہ دیوبندیت کوئی نیا فرقہ نہیں ہے، جن کے الگ عقائد ہوں، بلکہ چودہ سو سال سے جمہور علمائے اہلِ سنت وجماعت کے جو عقائد چلے آرہے ہیں وہی علمائے دیوبند کے عقائد ہیں، حضرت مولانا خلیل احمد سہارن پوری رحمہ اللہ نے ایک معروضی صورتِ حال کی بنا پر علمائے دیوبند کے متعلق بعض  عقائد کے حوالے سےپھیلائی جانے والی غلط بیانیوں یا غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے مذکورہ کتاب ترتیب دی تھی،  ان مسائل میں سے ایک مسئلہ توسل بھی ہے،  جو کتاب میں مندرجہ دیگر مسائل کی مانند محض علمائے دیوبند کے ساتھ خاص نہیں، بلکہ اہل سنت والجماعت کے  تمام متقدمین ومتاخرین اہل علم  کی تقریبا  وہی رائے ہے جو  المہند میں مذکور ہے،  اس لیے صلحائے امت کے توسل سے یوں دعا مانگنا  کہ اللہ تعالٰی اپنے ہاں ان کی قدر ومنزلت کی برکت سے میری دعا قبول فرمائے، قطعا شرک نہیں ہے،   البتہ متاخرین میں سے امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ سے توسل کی نفی منقول ہے،  اور بعد کے دور میں بھی منکرین نے  زیادہ تر امام موصوف ہی کے زاویہ فکر کو بنیاد بنایا ہے،  ممکن کہ بعض اہل علم نےغلبہ توحید کی بنا پر بھی یہ رجحان اختیار کیا ہو، لیکن ایسے لوگ  غلو سے محفوظ نہیں رہ سکے، اس حوالے سے اہل سنت والجماعت کے نقطہ نظر کی درست وضاحت وترجمانی کے لیے  حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی رحمہ اللہ کی کتاب اختلاف امت اور صراط مستقیم کا مطالعہ کریں، واللہ اعلم۔


فتوی نمبر : 143703200020

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں