بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

انبیاء کرام اور دیگر حضرات کے ناموں کے ساتھ علیہ السلام لکھنے کا حکم


سوال

کیا انبیاء کے علاوہ اور کسی کے نام کے ساتھ "علیہ السلام" لکھا جاسکتاہے؟ اس کے لیے بعض لوگ نیچے دیا گیاحوالہ پیش کرتے ہیں۔ (صحیح بخاری،باب اہلِ بیت،حدیث 1107 ) رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ میری امت پہ لازم ہے کہ میری آل اور بالخصوص میری آل کے امام علی ،حسن،حسین،زین، باقر،جعفر،موسیٰ،علی رضا،تقی،نقی،حسن،اور قائم مہدی علیہ السلام پر درودوسلام بھیجے۔ اور اس کا انکاری مسلمان نہیں ہوسکتا ۔

برائے کرم اس حدیث کی صحت اور غیر انبیاء کے نام کے ساتھ "علیہ السلام "لکھنا کیسا ہے؟ اس بارے میں راہ نمائی فرمائیں۔

جواب

صورت مسئولہ میں انبیاء کرام کے علاوہ کسی کے نام کے ساتھ "علیہ السلام"  کہنا اور لکھنا جائز نہیں ہے ۔("ردالمحتار " ۔ ص: 753،ج:6۔ط: سعید)

البتہ حضور ﷺ کے نام کے ساتھ تبعاً  آپ ﷺ کی ازواجِ مطہرات ،آل اور تمام صحابہ پر درودو سلام کہنا جائز بلکہ سنت ہے، جیسا کہ بخاری شریف میں ہے : ترجمہ: عمرو بن سلیم زرقی روایت کرتے ہیں کہ ابوحمید الساعدی رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ صحابہ کرام نے حضور ﷺ سے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول ہم آپ پر کیسے درود بھیجیں؟ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اس طرح کہو :اللّٰهم صل علی محمد و اٴزواجه وذریته کما صلیت علیٰ اٰل ابراهیم و بارک علیٰ محمد وأ زواجه وذریته کما بارکت علیٰ اٰل ابراهیم انک حمید مجید (حدیث نمبر3189،ص:1145،ج:2،ط: دارالعلوم الانسانیه دمشق)

سوال میں مذکور باب اور حدیث شریف بخاری میں تلاش کے باوجود نظروں سے نہیں گزری ۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143101200008

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں