بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

امام کا تاخیر سے آنا


سوال

 کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک مفتی صاحب نے جو کہ امام اور خطیب بھی ہیں ایک تو نمازکے اوقات میں 1 سے3 منٹ کی تاخیر  ان کا معمول کا حصہ ہے، دوسرا انہوں نے جادو سیکھا ہوا ہے،  تو ایسے امام اور مقتدی کی نماز کی صحت کس زمرے میں آتی ہے؟ اور یہ بھی بتائیں استخارہ کر کے کہ یہ بات صحیح کہ غلط کہ امام صاحب نے جادو سیکھا ہے کہ نہیں؟ موصوف کا نام ۔۔۔  بن ۔۔۔ بن ۔۔۔  ہے۔ 

جواب

مذکورہ مسجد کے منتظمین یا ذمہ دار افراد کی طرف سے مستند تحریر کی صورت میں سوال ارسال کیجیے۔ یا براہِ راست دار الافتاء میں تشریف لاکر سوال کیجیے۔ ہمارے ہاں شخصیات کے بارے میں بغیر ثبوت جواب نہیں دیا جاتا۔

نیز  اس نکتے کی بھی اصلاح کرلیجیے کہ استخارہ ایک شرعی اصطلاح اور مسنون عمل ہے، موجودہ زمانے میں استخارے کے نام سے جومختلف عملیات مشہور ہیں، شرعاً یہ استخارہ نہیں ہیں۔ آپ نے جس صورت کے بارے میں سوال کیا ہے کہ مذکورہ شخص کے جادو سیکھنے یا نہ سیکھنے کا معلوم کرکے بتایا جائے، اولاً استخارہ اس مقصد کے لیے نہیں ہوتا، اور نہ ہی استخارے سے یہ بات معلوم ہوتی ہے۔ دوسرا یہ کہ کسی شخص کے بارے میں بدگمانی میں مبتلا ہونا اور اس کے اندرونی احوال جاننے کے درپے ہوناشرعاً ناپسندیدہ اور ممنوع ہے، اس لیے اگر مذکورہ شخص کے بارے میں آپ کو یقینی طور پر کوئی بات معلوم نہیں تو آپ کے لیے اس کے اندرونی احوال جاننے کی کوشش کرنا درست نہیں ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143907200127

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں