بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کیایہودونصاریٰ اپنے اچھے کاموں کی بناء پرجنت میں جاسکیں گے؟


سوال

غیر مسلموں اور اہل کتاب یہود، نصاری،اور عیسائیوں میں سے نیک لوگوں کے نیک اور چھے اعمال کے متعلق قرآن و سنت کا کیا موقف ہے۔ آیا ان کے نیک لوگ اپنے اچھے اعمال کی بدولت جنت میں جا سکیں گے؟

جواب

یہودونصاریٰ میں تمام لوگ یکساں نہیں ہیں ،بعض لوگ ان میں اچھی شہرت ، نیک سیرت اورعمدہ اخلاق رکھتے ہیں،امانت داربھی ہیں اوردوسروں کے ساتھ ہمدرداورخیرخواہ بھی، قرآن کریم میں الله تعالیٰ نے ان کی بعض اچھی صفات کاتذکرہ قرآن کریم کی آیات مبارکہ میں فرمایاہے:وہ سب(اہل کتاب)برابرنہیں ،اہل کتاب میں ایک فرقہ ہے سیدھی راہ پر، پڑھتے ہیں آیتیں الله کی راتوں کے وقت اوروہ سجدے کرتےہیں ۔[سورہ آل عمران:۱۱۳]اوربعضے اہل کتاب میں وہ ہیں کہ اگر تو ان کے پاس امانت رکھے ڈھیر مال کا تواداکردیں تجھ کو او ربعضے ان میں وہ ہیں کہ اگر تو ان کے پاس امانت رکھے ایک اشرفی توادانہ کریں تجھ کومگرجب تک کہ تورہے اس کے سرپرکھڑا۔[سورہ آل عمران:۷۵]توپاوے گاسب لوگوں سے زیادہ دشمن مسلمانوں کا یہودیوں کو اورمشرکوں کو ، اور تو پاوے گاسب سے نزدیک محبت میں مسلمانوں کے ان لوگوں کو جوکہتے ہیں کہ ہم نصاریٰ ہیں ۔ یہ اس واسطے کہ نصاریٰ میں عالم ہیں اوردرویش ہیں اوراس واسطے کہ وہ تکبرنہیں کرتے۔[سورہ مائدۃ:۸۲]البتہ دائمی نجات کے لیے ایمان شرط ہے،کیونکہ کفر اور شرک کاگناہ کبھی معاف نہیں ہوگا،اورایمان کے صحیح ہونے کے لیے صرف الله کو ماننا کافی نہیں بلکہ اس کے تمام رسولوں کا ماننا بھی لازم ہے ۔ جو لوگ حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوخداتعالیٰ کاآخری نبی نہیں مانتے وہ خداتعالیٰ پربھی ایمان نہیں رکھتے کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خداتعالیٰ کے آخری نبی اوررسول ہیں الله تعالیٰ نے آپ کے خاتم النبیین ہونے کی شہادت دی ہے ۔پس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کوقبول کرناشرطِ نجات ہے ، غیرمسلم کی نجات نہیں ہوگی ۔ لہذا غیرمسلم ، اہل کتاب صرف اپنے اچھے کارناموں کی وجہ سے جنت میں نہیں جاسکیں گے۔قرآن کریم میں ہے:اورجوکوئی چاہے سوا دین اسلام کے اورکوئی دین تو اس سے ہرگز قبول نہ ہوگا،اوروہ آخرت میں خسارے میں رہے گا۔[سورہ آل عمران :۸۵]بیشک الله نہیں بخشتااس کوجواس کاشریک کرے اوربخشتاہے اس سے نیچے کے گناہ جس کے چاہے،اورجس نے شریک ٹھہرایاالله کااس نے بڑاطوفان باندھا۔[سورہ نساء:۴۸]حدیث شریف میں ہے:حضرت ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں محمدﷺکی جان ہے !اس امت میں سے جوشخص بھی خواہ وہ یہودی ہویانصرانی،میری نبوت کی خبرپائے اورمیری لائے ہوئی شریعت پرایمان لائے بغیرمرجائے وہ دوزخی ہے۔[مسلم:ج: ،۱ص:۸۶،مشکوۃ المصابیح،ص:۱۲]فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 143603200010

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں