بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

اسماعیلیت سے توبہ کرنے پر نکاح کا حکم،


سوال

میری ایک اسٹوڈنٹ ہے، وہ آغا خانی فیملی سے تعلق رکھتی ہے، اس کی شادی بھی آغا خانی خاندان میں ہوئی ہے۔ ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، دو تین سال پہلے اس کے خیال میں آیا وہ غلط ہے، اس نے بعد میں قرآن و حدیث اور باقی کتب وغیرہ پڑھیں، اور سنی مذہب اپنے آپ کو ڈھال لیا۔ لیکن اب مسئلہ یہ ہوا کہ اس کے شوہر منع تو نہیں کرتے نماز پڑھنے سے یا روزے رکھنے سے لیکن ان کی ساس بچوں کو زبردستی جماعت خانے لے کر چلی جاتی ہے۔ وہ کہہ رہی ہے کہ میں پریشان ہوں، کسی مفتی یا عالم سے رجوع کی صورت میں وہ طلاق لینے کا کہیں گے۔ میں ان دونوں بچوں کو لے کر کہاں جاؤں گی۔ میرے میکے والے بھی اسماعیلی ہیں۔ اور اگر ان کو پتہ چلا تو وہ مجھ کو نہیں چھوڑیں گے۔ وہ ابھی بھی میرے آفس کے کمرے میں آکر نماز پڑھتی ہے کہ کہیں اس کے کلاس میٹس کو معلوم نہ ہوجائے، کیوں کہ وہ اب تک اسماعیلی ہے۔ رمضان میں جب وہ میرے پاس آئی تو تب تو میں نے تسلی دی کہ اللہ دیکھ رہا ہے۔ وہ نماز اور روزے قبول ضرور کرے گا۔ اسے حضرت آسیا کی مثال دی۔ پر اب وہ پھر آئی کہ میں کوئی ایسا حل بتاوں کہ جس سے میں طلاق بھی نہ لوں، میرے بچے بھی سنی بنیں اور شوہر وساس کو بھی ہدایت مل جائے۔ یا کم از کم وہ میرے بچوں کو مجبور نہ کریں۔

جواب

شرعی نقطہ نظر سے ان کے اور ان کے اسماعیلی شوہر کے درمیان نکاح جب کہ شوہر آغا خانی مذہب ہی پر قائم ہے، ختم ہو چکا ہے۔ مذکورہ حالات کے پیش نظر اگر مذکورہ طالبہ فوری طور پر شوہر سے علیحدگی اختیار نہیں کرسکتی ہے تو کم از کم شوہر کو اپنے قریب نہ آنے دے۔جہاں تک شوہر اور ساس کے مذہب اسلام کے قبول کرنے کا تعلق ہے تو طالبہ کو چاہیے کہ مثبت طریقے سے انہیں اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانے کی ہر ممکنہ کوشش بروئے کار لائے۔ بچوں کی تربیت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کرے۔ اور سب سے بڑھ کر خدا تعالی سے خلوص دل کے ساتھ دعا کرے، خدا سے امید ہے کہ ان کی کوششیں بے کار نہیں ہوں گی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143510200010

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں