بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ایک نکاح کے ہوتے ہوئے دوسرے نکاح کا حکم


سوال

مید ہے کہ مزاج گرامی بخیروعافیت ہوں گے۔ عرض ہے کہ اس سوال کو میں تیسری مرتبہ ارسال کررہا ہوں،تقریباً مہینے سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہوگا کہ جواب نہیں آیا، ازراہِ کرم جواب جلدعنایت فرمائیں چوں کہ مسئلہ کی نوعیت بہت نازک ہے اور معاملہ کا فیصلہ بھی جلد ہوجائے اس کے لیے آپ سے عرض ہے کہ جواب میں جلدی فرمالیں گے تو سہولت ہوجائے گی۔ ایک صاحب کا نکاح تقریباً پانچ سال پہلے ایک لڑکی سے کیا گیا جس میں اہل محلہ کی ایک کثیر تعداد شریک ہوئی۔ نکاح کے وقت لڑکے کی عمر تقریبا 26 سال جبکہ لڑکی کی عمرتقریباً18 سال تھی۔ نکاح کے بعد رخصتی نہ ہوسکی جس کی وجہ مالی پریشانی اور مختلف اداروں میں بِل کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے مکان کی تعمیر میں تاخیر تھی۔ابھی کچھ عرصہ قبل یعنی 27جون 2009ء کو لڑکی اپنے گھر سے نکل کر کسی اور شخص کے ساتھ چلی گئی اور وہاں جاکر انہوں نے نکاح کرلیا، اور نکاح کرتے وقت انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ چوں کہ پہلے نکاح کو تین سال گزرچکے ہیں لہٰذا اب وہ نکاح ختم ہوچکا ہے اور انہوں نے دوبارہ نکاح کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں شریعت مطہرہ کیا حکم دیتی ہے؟1۔لڑکی کا اس طرح ایک نکاح کے قائم ہونے کے باوجود دوسرا نکاح کرنا کیسا ہے؟ نیزپیدا ہونے والی اولاد کا کیا حکم ہوگا؟2۔ایک نکاح کے بعد رخصتی نہ ہونے کے بعد کب تک وہ نکاح قائم رہ سکتا ہے جبکہ لڑکے کی طرف سے طلاق وغیرہ کا معاملہ نہ ہوا ہو؟ نیز کیا عدالت سے خلع کی صورت میں جبکہ لڑکا بیوی کو آزاد نہ کرے، یکطرفہ طور پرعدالت خلع کا اختیار رکھتی ہے یا نہیں؟3۔اس طرح کا نکاح منعقد کرنا کہ پہلے نکاح ہوچکا ہو اور اس پر دوسرا نکاح کرنے والوں کے متعلق کیا حکم ہے جو اس کو صحیح تسلیم اور اس میں شرکت کریں؟4۔اس صورت میں جبکہ رخصتی نہ ہوئی ہو، طلاق کی نوبت آنے پرمہر کی ادائیگی کا کیا طریقہ کار ہوگا؟ازراہِ کرم شریعت مطہرہ کی روشنی میں مفصل جواب جلد ازجلد تحریر فرمائیں، اللہ تعالیٰ آپ حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے ،علم وعمل میں برکت اور دین کی خدمت کو قبول فرمائے،آمین۔

جواب

1۔ناجائز اورحرام تھا اور اولاد کا نسب دوسرے شوہر سے ثابت ہو گا بشرطیکہ دوسرے شوہر کوپہلے نکاح کا علم نہ ہو۔اور اگر دوسرے شوہر کوپہلے نکاح کا علم تھا پھر بھی اس نے نکاح پرنکاح کرلیا تونسب کسی سے ثابت نہیں ہوگا،اولاد ولدالحرام ہوگی۔ 2۔ایک نکاح ہونے کے بعد شوہر جب تک طلاق یاخلع نہ دے یاکسی اور شرعی طریقہ سے عورت کو آزاد نہ کرے اس وقت تک عورت شوہر کے نکاح میں رہتی ہے ،یکطرفہ عدالتی خلع کی صورت میں دعویٰ ،جوابِ دعویٰ اور عدالتی فیصلہ ملاحظہ کرنے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے دیجاسکتی ہے۔ 3۔ ایک نکاح کے ہوتے ہوئے دوسرا نکاح کرنے والے ،اس کو جائز سمجھنے والے اوراس کو جائز سمجھ کر اس میں شرکت کرنے والے قرآن و سنت کی صریح نصوص کی مخالفت کے مرتکب اور سخت گناہ گار ہیں ،ایسے تمام اشخاص پر توبہ کرنا لازم ہے ۔ 4۔رخصتی سے قبل اگر طلاق کی نوبت آجائے تو مرد پر نصف مہر ادا کرنالازم ہوگا۔البقرۃ۔۔۲۳۷۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143101200197

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں