بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

- 25 مئی 2019 ء

دارالافتاء

 

موبی کیش اور ایزی پیسہ اکاؤنٹ کھلوانے اور اس پر فری منٹس وغیرہ ملنے کا حکم


سوال

سموں کے موبائل اکاؤنٹ مثلاً: موبی کیش، ایزی پیسہ موبائل اکاؤنٹ کھلوانا کیسا ہے؟ موبائل اکاؤنٹ میں پیسے رکھنے اور اپنے نیٹ ورک پر لوڈ کرنے پر جو ایم بی منٹس اور میسیجز ملتے ہیں ان کا استعمال کرنا کیسا ہے؟ نیز موبائل اکاؤنٹ میں منٹ اور میسیجز پر کچھ پیسے بھی کاٹتے ہیں ۔تو کیا صورت مذکورہ کے مطابق اس اکاؤنٹ کا استعمال کرنا جائز ہے؟ اس کا مدلل و مفصل جواب عنایت فرمائیں !

جواب

 صورتِ مسئولہ میں اکاؤنٹ ہولڈر  جو مخصوص رقم کمپنی میں جمع کراتا ہے اور کمپنی اس مخصوص رقم جمع کرانے کی شرط پر اکاؤنٹ ہولڈر کو یومیہ فری منٹس اور میسیجز وغیرہ کی سہولت فراہم کرتی ہے درحقیقت یہ قرض ہے، قرض دینا تو فی نفسہ جائز ہے، لیکن کمپنی اس پر جو  مشروط منافع دیتی  ہے یہ  شرعاً ناجائز ہے؛  اس لیے کہ قرض پر شرط لگا کر نفع اٹھانے کو نبی کریم ﷺ نے سود قرار دیا ہے۔ (مصنف بن أبی شیبہ، رقم: ۲۰۶۹۰ )اور   چوں کہ مذکورہ اکاؤنٹ کھلوانا ناجائز معاملے کےساتھ مشروط ہے ؛ اس لیے یہ اکاؤنٹ کھلوانا یا کھولنا جائز نہیں ہے، اور اگر اکاؤنٹ کھلوانے میں یہ نفع  ملنے کی شرط نہ ہو، اور  ایزی پیسہ اور موبی کیش سے مقصود فقط رقم کی منتقلی ہوتواس حد تک اس اکاؤنٹ کااستعمال درست ہے،رقم منتقلی کی صورت میں اگر کمپنی صارف سے کچھ رقم (بطور سروس چارجز) وصول کرتی ہے تو یہ بھی درست ہے۔

'' فتاوی شامی '' میں ہے:" وفي الأشباه: کلّ قرضٍ جرّ نفعاً فهو حرام"۔ ( ج: ۵، ص: ۱۶۶، ط: سعید)۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143909200569

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


تلاشں

کتب و ابواب

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں