بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 ذو الحجة 1440ھ- 23 اگست 2019 ء

دارالافتاء

 

بارش کے پانی پر 70 مرتبہ سورہ اخلاص و معوذتین پڑھ کر دم کرنے کی فضیلت والی روایت کی تحقیق


سوال

اس حدیثِ مبارک  سے متعلق وضاحت فرمائیں کہ یہ درست ہے یا ضعیف روایت ہے:

’’ نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے کہ جو شخص بارش کا پانی لے کر اس پر سورۂ فاتحہ 70 بار، سورہ اخلاص 70 بار اور معوذتین 70 بار پڑھ کر دم کرے تو آپ ﷺ نے قسم کھا کر ارشاد فرمایا کہ جبرائیل ؑ میرے پاس تشریف لائے اور مجھے خبر دی کہ جو شخص یہ پانی 7روز تک متواتر پیے  گا اللہ تعالیٰ اس کے جسم سے ہر بیماری دور فرمادیں گے اور اسے صحت وعافیت عطا فرمائیں گے اور اس کے گوشت پوست اور اس کی ہڈیوں سے تمام بیماریوں کو نکال دیں گے‘‘۔

جواب

اس ترتیب کے ساتھ یہ عمل عموماً روافض کی کتابوں میں ’’نیسان‘‘ ( سریانی شمسی تقویم میں چوتھے ) مہینے کے اعمال ووظائف میں ملتاہے ۔ رافضی عالم مجلسی کی کتاب ( بحار الأنوار) میں یہ عمل حسین بن حسن بن خلف کاشونی کی کتاب ( زاد العابدین ) کے حوالے سے منقول ہے ، اور سند اس طرح سے مذکور ہے :

’’قال الکاشونی : أخبرنا الوالد أبو الفتح ، حدثنا أبوبکر محمد بن عبدالله الخشابی البلخي ، حدثنا أبو نصر محمد بن أحمد بن محمد الباب حریزي ، أخبرنا أبو نصرعبدالله بن عباس المذکر البلخي ، حدثنا أحمد بن أحید ، حدثنا عیسی بن هارون ، عن محمد بن جعفر بن عبد الله بن عمر ، حدثنا نافع ، عن ابن عمر ....فذكره‘‘

مذکورہ سند کے بعض رواۃ اواخرِ سند میں معروف ہیں ، باقی مجاہیل یا ضعفاء ہیں ، خصوصاً اوائلِ سند میں مذکورہ رواۃ تو روافض ہیں، مزید یہ ہے کہ مذکورہ روایت اہلِ سنت کی کتابوں میں نہیں، اس لیے اس پر اعتماد نہیں کرسکتے ۔  نیز روایت میں مذکور دعا کےعجیب وغریب فضائل بتائے گئے ہیں، اس سے روایت کا موضوع ومن گھڑت  ہونا واضح ہے ۔

تاہم بارش کے پانی کا برکت والا ہونا بنصِ قرآنی ثابت ہے ، ارشاد باری تعالی ہے:( وَنَزَّلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً مُّبَارَکًا ) ، اسی طرح مذکورہ بالا سورتوں کی فضیلتیں بھی علاج ومعالجہ کے سلسلہ میں ملتی ہیں، اس لیے اگر کوئی اس عمل کو بطورِ علاج کرنا چاہے تو اس میں حرج نہیں ہے ، لیکن اس کی نسبت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کرنا اور اس اعتقاد سے یہ عمل کرنا صحیح نہیں ہے ۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010201066

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاشں

کتب و ابواب

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں

ہماری ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے