بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شائع شدہ دو جوابات پر اشکال اور ان کے جواب


سوال

آپ کی ویب سائٹ پر دو فتوے دیکھے جو سراسر غلط ہیں۔

1. فتوی نمبر   143908200670 جس میں کسی نے سوال کیا کہ اگر کوئی اپنی بیوی کو بولے تو آزاد ہے اور طلاق کی نیت کے بغیر بولے تو کیا طلاق ہو جاتی ہے؟ آپ کے فتوی میں جواب ہے کہ تو آزاد ہے کنایہ کے الفاظ نہیں، اس لیے اس میں نیت شرط نہیں اور طلاقِ بائن کا فتویٰ دے دیا، جب کہ ایسا نہیں ہے، تو آزاد ہے، کنایہ کے الفاظ ہیں اور اس میں بغیر نیت کے طلاق نہیں ہوتی۔

2. فتویٰ نمبر  143909202316 جس میں کسی نے سوال کیا کہ بیوی نے شوہر کو  بولا کہ ختم کر دو یہ رشتہ اور شوہر نے بغیر نیتِ طلاق کے اپنی بیوی کو بولا ہاں ٹھیک ہے ختم کر دو رشتہ، اور آپ لوگوں نے بولا یہ الفاظ کنایہ کے ہیں اور بغیر نیت  طلاق نہیں ہوتی، جو کہ سراسر غلط بات ہے کیوں کہ ختم کر دو رشتہ کنایہ کے الفاظ نہیں۔

ذرا دوبارہ غور کریں، اور لوگوں کی غلط راہ نمائی نہ کریں اور اپنے آن لائن فتاوی  کو ٹھیک کریں۔

جواب

آپ نے سوال میں جن دو  مسئلوں کا ذکر کیا ہے ان دونوں سوالات کے جوابات بالکل درست ہیں اور ان کی اصلاح کی  ضرورت نہیں،   دونوں مسئلوں کی وضاحت مختصراً دوبارہ کیے دیتے ہیں:

1. اگر کوئی شوہر اپنی بیوی سے یوں کہتا ہے کہ تو آزاد ہے تو اس سے طلاق واقع ہونے میں نیت کی احتیاج ہو گی یا نہیں، اس میں علماء کے درمیان اختلاف ہے، ہمارے نزدیک یہ لفظ طلاق کے لیے صریح بائن ہے، یعنی جس طرح صریح الفاظ سے طلاق بغیر نیت کے واقع ہو جاتی ہے اسی طرح  اس لفظ سے   بغیر نیت کے طلاق واقع ہو جاتی ہے،مثلاً لفظ حرام سے متعلق متقدمین میں یہ ہی معروف تھا کہ اس سے طلاق اسی وقت واقع ہو گی جب طلاق کی نیت ہو اور طلاق کی نیت کے بغیر طلاق واقع نہیں ہو گی، لیکن عرف میں جب یہ لفط طلاق کے لیے بالکل معروف ہو گیا تو متاخرین نے بغیر نیت کے طلاق واقع ہونے کا قول فرما لیا؛ لہذا یہ ہی معاملہ اردو زبان میں لفظ آزاد کے ساتھ ہوا  کہ لفظ آزاد گو اپنی حقیقت اور اصل کے اعتبار سے  طلاق کے لیے صریح نہیں، بلکہ کنایہ الفاظ میں سے تھا، لیکن جب عرف میں اس کا استعمال کثرت سے طلاق کے لیے کیا جانے لگا  تو  یہ طلاق کے باب میں صریح کہلایا جانے لگا اور پھر اس سے طلاق کی نیت کے بغیر ہی طلاق واقع ہونے کا فتویٰ دیا جانے لگا،  لفظ آزاد سے متعلق یہی قول حضرت تھانوی رحمہ اللہ، مفتی عبدالرحیم لاجپوری رحمہ اللہ، مفتی رشید احمد  لدھیانوی رحمہ اللہ اور مولانا  یوسف لدھیانوی   رحمہ اللہ  نے بھی اختیار فرمایا ہے۔

اس مسئلہ میں چوں کہ دوسری رائے بھی ہے تو ہو سکتا ہے کہ آپ تک دوسری رائے پہنچی ہو جس کی وجہ سے  آپ کو اس جواب پر  اشکال ہوا۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (3/ 250)
"ففي البدائع: أن الصريح نوعان: صريح رجعي، وصريح بائن".

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (3/ 252)
"ومن الألفاظ المستعملة: الطلاق يلزمني، والحرام يلزمني، وعلي الطلاق، وعلي الحرام فيقع بلا نية للعرف".
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (3/ 252)
"(قوله: فيقع بلا نية للعرف) أي فيكون صريحاً لا كنايةً؛ بدليل عدم اشتراط النية وإن كان الواقع في لفظ الحرام البائن؛ لأن الصريح قد يقع به البائن، كما مر، لكن في وقوع البائن به بحث سنذكره في باب الكنايات، وإنما كان ما ذكره صريحاً؛ لأنه صار فاشياً في العرف في استعماله في الطلاق لا يعرفون من صيغ الطلاق غيره ولا يحلف به إلا الرجال، وقد مر أن الصريح ما غلب في العرف استعماله في الطلاق بحيث لا يستعمل عرفاً إلا فيه من أي لغة كانت، وهذا في عرف زماننا كذلك فوجب اعتباره صريحاً، كما أفتى المتأخرون في أنت علي حرام بأنه طلاق بائن؛ للعرف بلا نية مع أن المنصوص عليه عند المتقدمين توقفه على النية".

 

 "فإذا قال: رها کردم أي سر حتک یقع به الرجعي مع أن أصله کنایة أیضاً، وما ذاک إلالأ نه غلب في عرف الفرس استعماله في الطلاق، وقد مرأن الصریح مالم یستعمل إلا في الطلاق من أي لغةٍ کانت، لکن لما غلب استعمال حلال اﷲ في البائن عند العرب والفرس وقع به البائن، ولو لا ذلک لوقع به الرجعي". (شامی، باب الکنایات ج۔۲ ص ۶۳۸)

 دیکھیے:امداد الفتاوی 2-249

("الجواب)بندہ کی رائے یہ ہے کہ لفظ آزاد کر دی بھی مانند گذاشتم و چھوڑ دی کے ملحق بصریح ہے" ۔

فتاوی رحیمیہ جلد 8-304(حضرت مولانا مفتی عبد الرحیم صاحب لاجپوری)
" اُردو محاورے میں ”آزاد کرتا ہوں“ کے الفاظ صریح طلاق کے الفاظ ہیں"۔ آپ کے مسائل اور ان کا حل جلد 5 - 372 (حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی صاحب)

احسن الفتاوی میں ہے:

"جواب: اس تحریر میں طلاق کے تین جملے ہیں (1) جاؤ (2) اپنے گھر چلی جاؤ (3)  میں نے آزاد کر دیا ۔۔۔۔۔۔ تیسرا جملہ طلاق صریحِ بائن ہے؛ لہذا اس سے طلاق کی نیت ہو یا نہ ہو بہرحال ایک طلاق بائن ہو گئی"۔

آپ کے مسائل اور ان کا حل میں ہے:

"اُردو محاورے میں ”آزاد کرتا ہوں“ کے الفاظ صریح طلاق کے الفاظ ہیں، اس لیے مولوی صاحب کا یہ کہنا تو غلط ہے کہ طلاق کے الفاظ استعمال نہیں کیے، البتہ چوں کہ یہ لفظ صرف ایک بار استعمال کیا اس لیے ایک طلاق واقع ہوئی"۔

2. اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو یہ کہتا ہے کہ "رشتہ ختم" تو یہ الفاظ طلاق کے لیے کنائی الفاظ ہی میں سے ہیں، اور اس کے لیے عربی الفاظ میں سے بطورِ حوالہ جن الفاظ کو ذکر کیا جاتا ہے وہ یہ ہیں:

" لا نكاح بيني وبينك، أو قال: لم يبق بيني وبينك نكاح".

اور ان الفاظ کے متعلق فقہاء نے یہی لکھا ہے کہ یہ کنایہ الفاظ ہیں، اور ان سے طلاق اسی وقت واقع ہو گی جب ان الفاظ سے طلاق کی نیت کی جائے، لہذا یہ جواب بھی بالکل درست ہے۔

الفتاوى الهندية (1/ 375)
"ولو قال لها: لا نكاح بيني وبينك أو قال: لم يبق بيني وبينك نكاح يقع الطلاق إذا نوى".

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (3/ 107)

وَلَوْ قَالَ: فَسَخْتُ النِّكَاحَ بَيْنِي وَبَيْنَكِ وَنَوَى الطَّلَاقَ يَقَعُ الطَّلَاقُ؛ لِأَنَّ فَسْخَ النِّكَاحِ نَقْضُهُ فَكَانَ فِي مَعْنَى الْإِبَانَةِ.
المحيط البرهاني في الفقه النعماني (3/ 235)
"ولو قال: لا نكاح بيني وبينك. ذكر الصدر الشهيد رحمه الله في «واقعاته» : إنه إذا نوى الطلاق يقع".

المحيط البرهاني في الفقه النعماني (3/ 236):
"إذا قال: ليس بيني وبينك نكاح ونوى به الطلاق، ولو قال: لم يبق بيني وبينك شيء ونوى به الطلاق لا يقع".

علمی اعتراض کرنا اچھی بات ہے، لیکن اس کے لیے شائستہ انداز اختیار کرنا ہی مناسب ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144001200116

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں