بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بد نظری سے بچنے کا طریقہ


سوال

لڑکیوں کو بری نظر سےدیکھنے سے بچنے کا طریقہ بتائیں؟

جواب

نیک ماحول اور صحبت اختیار کریں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ جس طرح آپ اس بات کو ناپسند کریں گے کہ کوئی آپ کی بہن ،بیٹی کو بری نظر سے دیکھے اسی طرح ہر لڑکی کسی کی بہن اور کسی کی بیٹی ہے، اس کی عزت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ۔ 

راستے میں چلتے ہوئے نگاہیں جھکا کر چلنے کی عادت بنائیں یہ اللہ تعالی کا حکم بھی ہے اور رسول اللہ ﷺ کی سنت بھی، اور ایک مسلمان کے لیے دنیا میں عافیت اور آخرت میں نجات اللہ تعالی کے اوامر پر سنت کے مطابق عمل کرنے ہی میں ہے۔ 

بزرگ فرماتے ہیں کہ اگر کسی گناہ سے بچنا مشکل ہورہاہو تو  آدمی یہ سوچے کہ اگر اس گناہ کرتے وقت مجھے میرے والدین (یا کوئی بھی ایسے رشتہ و تعلق والا شخص جس سے انسان اپنا گناہ چھپانا چاہے مثلاً اساتذہ یا شاگرد وغیرہ) دیکھ لیں تو کیا میں ان کے سامنے یہ گناہ کرسکوں گا؟ یا شرمندہ ہوں گا؟ پھر یہ سوچے کہ جب میں والدین کے سامنے گناہ سے شرماتا ہوں تو اللہ تعالیٰ جو ہر وقت مجھے دیکھ رہے ہیں، جو میرے خالق اور  حقیقی محسن ہیں اور حساب و کتاب پر مکمل قادر ہیں، ان کے سامنے میں کس منہ سے حاضر ہوں گا۔ 

نیز یہ سوچے کہ قیامت کے دن اگر والدین، بیوی بچوں، بہن بھائیوں، اساتذہ، شاگرد، دوستوں  اور تمام مخلوق کے سامنے بتادیا کہ فلاں بن فلاں نے فلاں دن فلاں وقت یہ گناہ کیا ہے، تو اس وقت آدمی شرم سے پانی پانی ہوجائے گا، قیامت کا وہ منظر سوچے تو امید ہے کہ گناہوں کا ترک کرنا آسان ہوجائے گا۔ اور ان سب باتوں کی عادت پیدا کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں کی صحبت انتہائی ضروری ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012200776

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں