انڈرویئر میں اگر پیشاپ کے بعد قطرے لگ جائیں اور پتا نہ چلے تو اس صورت میں کیا کریں؟
اگرپیشاب کے قطرے ایک درہم (5.94 مربع سینٹی میٹر) یا اس سے زیادہ لگے ہیں تو نماز سے قبل انڈرویئر پاک کرنا ضروری ہوگا، اتنی مقدار پیشاب کے قطرے لگے ہوں تو ایسے کپڑوں میں نماز ادا نہیں ہوگی۔ اور پاکی کا طریقہ یہ ہے کہ انڈرویئر کی رومالی تین بار اس طور پر دھوئی جائے کہ ہر بار دھونے کے بعد خوب اچھی طرح نچوڑا بھی جائے اور ہر بار نئے پانی سے دھویا جائے ۔ ملحوظ رہے کہ مکمل انڈرویئر دھونا واجب نہیں۔
اور اگر پیشاب درہم کی مقدارسے کم لگا ہے تو اس کے ساتھ نماز ہوجائے گی مگر مکروہ ہوگی؛ اس لیے اگر علم ہوکہ پیشاب کے قطرے لگے ہوئے ہیں تو نماز سے پہلے انہیں دھویاجائے، خواہ وہ درہم کی مقدار سے کم ہوں، اگر جانتے ہوئے اس مقدار کے ساتھ نماز ادا کرلی تو پاک کرنے کے بعد نماز کا اعادہ بھی کرلینا چاہیے۔
اگر پیشاب کے قطروں کے لگنے کا محض شک ہے تو اس کی وجہ سے انڈرویئر دھونا واجب نہیں، نیز اگر شک ہوتا رہتا ہے تو اس صورت میں جب بھی وضو کیا جائے تو وضو سے فارغ ہوکر اپنی انگلیاں تر کرکے رومالی پر چھڑک لیا کریں ان شاء اللہ شک کا مرض ختم ہوجائے گا۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 143909202264
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن