بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظرذوالقعدۃ ۱۴۴۰ھ

نقدونظرذوالقعدۃ ۱۴۴۰ھ

 

خلاصہ ’’منتخب الحسامی‘‘


مولانا عبد الرؤف منوری صاحب۔ صفحات:۲۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عمر فاروقؓ، ۴۹۱/۴، شاہ فیصل کالونی، کراچی۔
زیرِ تبصرہ کتاب اُصولِ فقہ کی مشہور کتاب حسامی کا مختصر مگر پراثر خلاصہ اور شرح ہے، جس میں منتخب الحسامی کی طویل عبارت کے تحت مختصر اور جامع مانع خلاصہ بیان کیاگیاہے۔ جہاں ضرورت تھی وہاں توضیحی نقشوں کے ذریعہ بھی بات سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے، تاکہ ایک نظر میں پوری بحث کا خلاصہ ذہن نشین ہوجائے۔ کتاب کے شروع میں کئی علمائے کرام کی تقریظات اور تصدیقات بھی ثبت ہیں جو کتاب کی ثقاہت کے لیے کافی دلیل ہیں۔ البتہ کتاب کے ٹائٹل پر ’’تقریظات‘‘ کے لفظ کو ’’ظ‘‘ کے بجائے ’’ض‘‘ سے لکھاگیا ہے جو صاف آئینہ پر داغ کی طرح محسوس ہوتا ہے اور کاغذ میں بھی توسع سے کام نہیں لیا گیا۔ امید ہے آئندہ اس طرف توجہ دی جائے گی۔

ریاض الصالحین من کلام سید المرسلین (صلی اللہ علیہ وسلم)

ابو زکریا محی الدین یحییٰ بن شرف النووی الدمشقیؒ۔ صفحات: ۵۷۸۔ عام قیمت: ۴۵۰ روپے۔ ملنے کا پتا : مکتبہ زم زم ،نزد مقدس مسجد، اردو بازار ،کراچی۔
زیرِ تبصرہ کتاب ’’ریاض الصالحین‘‘ کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے بے پناہ قبولیت عطا فرمائی ہے، بہت سارے اداروں نے اپنے اپنے انداز میں بارہا اس کو چھاپاہے۔ مکتبہ زم زم کے حضرات نے اس کو نئے اور خوبصورت انداز میں چھاپ کر اس کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔ پوری کتاب کی عبارت پر اعراب لگائے گئے ہیں، تاکہ عام آدمی بھی اس کو پڑھ سکے اور کتاب کو مُلوَّن یعنی دو رنگوں میں چھاپاگیا ہے اور کاغذ بھی اعلیٰ قسم کا لگایا گیا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ان حضرات کی اس محنت کو قبول فرمائے۔

جامع التصاریف

مولانا محب اللہ صاحب جاڑیجہ۔ صفحات:۵۱۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: جامعہ باب الاسلام ٹھٹھہ، سندھ، پاکستان۔
حضرت مولانا محب اللہ صاحب جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل اور جامعہ باب الاسلام ٹھٹھہ کے استاذ ہیں۔ علم الصرف سے ان کا تعلق اورذوق وشوق ابتداء ہی سے تھا اور ماشاء اللہ! تیس اکتیس سالہ تدریسی تجربہ اور دس سالہ محنت شاقہ کے بعد ’’جامع التصاریف‘‘ کے نام سے یہ کتاب معرضِ وجود میں لائے ہیں۔ کتاب کیا ہے، گویا تمام صرف کی کتابوں کا عرق اور نچوڑ ہے جو انہوں نے تشنگانِ علم صرف کی پیاس بجھانے کے لیے پیش کردیا ہے۔ کتاب کے شروع میں اکابر علمائے کرام اور مدرسین حضرات کی تقاریظ بھی موجود ہیں جو اس کتاب کی افادیت پر شاہد ہیں۔ اللہ تعالیٰ طلبہ کرام کو اس سے استفادہ کرنے اور اس کے مؤلف ومعاونین کے لیے نجاتِ اخروی کا ذریعہ بنائے، آمین!

شواہد النحو وإجراء ہٗ بالقرآن الکریم تحت ہدایۃ النحو

مفتی عبد اللہ اسلم صاحب۔ صفحات: ۱۸۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ نشریاتِ اسلام، منصور منزل بالمقابل مسلم ماڈل ہائی اسکول، اردو بازار، لاہور۔
چونکہ قرآن کریم، احادیثِ رسول اور تمام عربی علوم عربی زبان میں ہیں اور عربی لغت کا سمجھنا اور سمجھانا علم صرف اور علم نحو کے سمجھنے پر موقوف ہے اور علم صرف اور علم نحو کے قواعد کا صحیح معنوں میں استعمال تب ہوسکتا ہے، جب کہ ان قواعد کا صحیح معنوں میں اجراء اور انطباق آتاہو، اس لیے صرف اور نحو میں محض پڑھنے پڑھانے اور رَٹنے سے زیادہ قواعد کے اجراء پر زور دیا جاتا ہے اور وہ استاذ کامیاب استاذ کہلاتاہے جو صرف اور نحوکا اپنے طلبہ سے زیادہ سے زیادہ اجراء کراتا ہو۔
اس کتاب کے مؤلف نے ’’ہدایۃ النحو‘‘ کے تمام قواعد کا اجراء او ران قواعد کی مثالیں قرآن کریم سے نقل کی ہیں، ایک تو اس وجہ سے تاکہ قرآن کریم کے ساتھ بھی مناسبت ہو اور دوسری وجہ یہ ہے کہ اکثر طلباء قرآن کریم کے حافظ ہوتے ہیں تو ان کو یہ مثالیں جلدی ازبر بھی ہوجاتی ہیں اور دیر تک یاد بھی رہتی ہیں۔ بہرحال یہ کتاب علم نحو سے تعلق بڑھانے والوں کے لیے نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں، البتہ کتاب کا کاغذ بہت ہلکا لگایا ہے جو کتاب کے شایانِ شان نہیں۔

شیخ التفسیر مولانا قاضی عبد الکریم کلاچوی رحمۃ اللہ علیہ 

شیخ الحدیث مولانا عبد القیوم حقانی مدظلہ۔ صفحات: ۲۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ ۔
زیرِ تبصرہ کتاب حضرت مولانا عبد القیوم حقانی دامت برکاتہم کے فیضِ قلم سے وجود میں آئی ہے، جو ماہنامہ ’’القاسم‘‘ کی بیسویں خصوصی اشاعت ہے، ذو القعدہ، ذوالحجہ ۱۴۳۶ھ مطابق ستمبر، اکتوبر ۲۰۱۵ء کے دو ماہ پر مشتمل ہے۔ کتاب کے ٹائٹل پر اس کا تعارف یوں کرایا گیاہے:
’’جس میں حضرت کی سیرت وسوانح، آپ بیتی، مشاہدات، مجالس وافادات، علمی وادبی مکتوبات، نووارد علماء کی حوصلہ افزائیاں وتشجیعات، عشق رسول کے دل چسپ واقعات، فقیہانہ جلالت قدر اور فتاویٰ جات، عارفانہ واقعات، ایک لاجواب علمی، فقہی، روحانی اور ادبی سوغات۔‘‘
چونکہ بزرگوں کے ملفوظات اور سوانح سے زندگی گزارنے کے اصول وآداب اور علمی وروحانی راہیں ملتی ہیں، اسی لیے ان کو منظر عام پر لایاجاتاہے، تاکہ بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہِ منزل مل سکے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ جزائے خیر دے ’’القاسم اکیڈمی‘‘ کے کارپردازوں کو کہ وہ وقتاً فوقتاً اکابر کی سوانح اور ملفوظات سے ہم سب کو روشناس کراتے رہتے ہیں۔ امید ہے باذوق حضرات اس کتاب کی قدر افزائی فرمائیں گے۔

مصباح الملہم، خلاصہ صحیح مسلم

مولانا عبد الرؤف مانسہروی۔ صفحات:۲۶۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عمر فاروقؓ،  ۴۹۱/۴ ، شاہ فیصل کالونی، کراچی۔
اس کتاب میں صحیح مسلم کے کتاب البیوع، ایمان و نذور، اقضیہ، ہبہ اور فرائض وغیرہ کی احادیث کو مختصر اور عام فہم انداز میں بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ائمہ کرام کے اختلافات کو بھی احسن انداز میں بیان کیاگیاہے۔ نیز یہ خلاصہ صحاحِ ستہ کے ’’أبواب البیوع‘‘ کے لیے بھی ممد ومعاون ہوگا۔ 
دورہ حدیث اور مشکوٰۃ المصابیح پڑھنے والے طلبہ کے لیے ایک عمدہ سوغات ہے۔ 
امید ہے طلبہ اور اسااتذہ ایک بار ضرور اس کتاب کا مطالعہ فرمائیں گے۔ کتاب کا کاغذ اور طباعت عمدہ ہے۔

إرشاد الصرف باللغۃ العربیۃ مع الأسئلۃ والتمارین

الشیخ منظور شاہ مشوانی الدیروی۔ صفحات:۲۴۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ربیع الابرار للطباعۃ والنشر والتوزیع، کراتشی، باکستان۔
علم صرف کی مشہور ابتدائی کتاب’’ارشادالصرف‘‘ کو حضرت مولانا خدا بخش  رحمۃ اللہ علیہ  نے فارسی زبان میں تصنیف کیا تھا۔ یہ ان کے اخلاص کی برکت ہے کہ یہ کتاب درجہ اولیٰ کے نصاب میں شامل ہے، لیکن چونکہ ایک تو اس کے قواعد وغیرہ مشکل ہیں، اور دوسرا یہ کہ یہ فارسی زبان میں ہے تو طلبہ کو دوہری مشقت اُٹھانا پڑتی تھی، فارسی زبان کی بہ نسبت عربی لغت سہل ہے، اس لیے حضرت مولانا منظور شاہ صاحب مشوانی سابق استاذ جامعہ فاروقیہ نے اس کو عربی زبان میں ڈھالا اورمولانا عبد الرشید بن مقصود الہاشمی صاحب نے سوال وجواب اور تمرینوں کا اضافہ کرکے اس کو مرتب کیا ہے۔ اب یہ کتاب کافی حد تک طلبہ کے لیے آسان ہوگئی ہے۔ البتہ کاغذ کتاب کے شایانِ شان نہیں لگایا گیا۔ اللہ تعالیٰ ہر دو حضرات کی محنت وسعی کو قبول فرمائے اور طلبہ کے لیے اس کتاب کو زیادہ سے زیادہ مفید بنائے۔آمین 
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین