بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر رمضان وشوال ۱۴۴۰ھ 

نقدونظر رمضان وشوال ۱۴۴۰ھ 

 

 

تفسیر ہدایت القرآن (کامل سیٹ)

تالیف: حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالن پوری (شیخ الحدیث وصدر المدرسین دارالعلوم دیوبند)۔ اہتمام وپیشکش: مفتی عبدالرؤف غزنوی، فاضل وسابق استاذ دارالعلوم دیوبند، حال استاذِ حدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔ آٹھ ضخیم جلدوں پر مشتمل عمدہ طباعت۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ غزنوی، سلام کتب مارکیٹ علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی۔ 
مؤلف محترم حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری مدظلُّہم نے تدریس وتالیف اور تحقیق ومطالعہ کے میدان میں تقریباً پچپن سالہ کامیاب تجربے کے بعد تفسیر ہدایت القرآن تحریر فرمائی ہے۔ ان کے افہام وتفہیم کا انوکھا انداز اور درس وتدریس کا کامیاب طریقہ ضرب المثل ہے۔ ان کی تالیفات نے پورے برصغیر کے علمی حلقوں میں بڑی مقبولیت حاصل کی ہے۔ ان کے علمی مقام اور ہمہ جہتی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کی بااختیار اور معزز مجلس شوریٰ نے شیخ الحدیث وصدر المدرسین کے اعلیٰ علمی منصب کے لیے ان ہی کا انتخاب فرمایا۔
اس تفسیر کی ہر سورت کے شروع میں اس کا تعارف اور اس میں پھیلے ہوئے مضامین کا خلاصہ بیان کیا گیا ہے۔ پھر ہر مضمون کے اعتبار سے کبھی ایک ہی آیت اور کبھی چند آیتوں کو لے کر ان کے مفردات کا کالم بناکر ہر لفظ کے سامنے اس کا لفظی ترجمہ اور پھر دلنشین انداز میں تفسیر اور آخر میں خط کشیدہ الفاظ کے ذریعے بامحاورہ ترجمہ کیا گیا ہے۔ آیات وسورتوں کے درمیان ایک ایسا بہترین انداز میں ربط بیان کیا گیا ہے جس سے قرآن کا بنیادی پیغام سمجھنے میں آسانی پیدا ہوگئی ہے۔ عصرِ حاضر کے قارئین کے مزاج کو سامنے رکھتے ہوئے لمبی تحقیقات اور تفصیلی مباحث کو نہیں چھیڑا گیا ہے، تاکہ قرآن کریم کا اصل پیغام سہولت کے ساتھ دلوں میں اُترجائے۔ ترجمہ وتفسیر پڑھانے والے اساتذۂ کرام اور پڑھنے والے طلبۂ عزیز کی سہولت کے لیے مشکل الفاظ کی لغوی، صرفی اور نحوی تحقیق اختصار کے ساتھ حاشیہ میں لکھ دی گئی ہے۔
مؤلفِ محترم حضرت مفتی صاحب پالن پوری مدظلُّہم کے شاگردِ خاص مفتی عبدالرؤف غزنوی فاضل وسابق استاذ دارالعلوم دیوبند، حال استاذِ حدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی نے کتاب کے شروع میں حضرت مؤلف محترم کے علمی مقام اور حالاتِ زندگی اور تفسیر ہدایت القرآن کے امتیازات وخصوصیات کا تذکرہ بھی کردیا ہے، تاکہ قارئین کرام کو علیٰ وجہ البصیرت استفادہ کرنے کا موقع ملے۔
تفسیر ہدایت القرآن مکمل ۸ جلدوں میں پہلی بار پاکستان میں شائع ہوگئی ہے۔ اُمید یہ ہے کہ اس سے اساتذۂ کرام، طلبۂ عزیز، مساجد میں درسِ قرآن دینے والے ائمۂ مساجد اور قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنے کے خواہش مند عام مسلمان سب کے سب استفادہ کریں گے۔

آسان بیان القرآن (جلد اول از ابتداء تا ختم سورۃ النساء)

تصنیف لطیف حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانوی قدس سرہٗ۔ تسہیل نگار: حضرت مولانا عقیدت اللہ صاحب قاسمی زیدمجدہم۔ نظرثانی : حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری (شیخ الحدیث وصدر المدرسین دارالعلوم دیوبند )مدظلُّہم۔ اہتمام وپیشکش: مفتی عبدالرؤف غزنوی (فاضل وسابق استاذ دارالعلوم دیوبند، حال استاذِ حدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی) صفحات: ۶۰۸۔ عمدہ طباعت۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ غزنوی، سلام کتب مارکیٹ علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی
حکیم الامت حضرت تھانوی نور اللہ مرقدہٗ کی تفسیر بیان القرآن محتاجِ تعارف نہیں۔ حضرت تھانویؒ خود فرماتے ہیں: ’’تفسیر بیان القرآن میں سب مضامین الہامی ہیں۔‘‘ حضرت علامہ محمد انور شاہ کشمیری قدس سرہٗ نے فرمایا: ’’بیان القرآن دیکھ کر مجھے اُردو کتابوں کے پڑھنے کا شوق پیدا ہوگیا۔‘‘ آج سے تقریباً ایک سو چودہ سال پہلے ۱۳۲۶ھ کو پہلی بار یہ تفسیر شائع ہوئی اور اس وقت سے آج تک برابر چھپتی رہی ہے اور اُمتِ مسلمہ کے بے شمار لوگ اس سے فائدہ اُٹھارہے ہیں، البتہ موجودہ دور میں علمی اور تحقیقی مزاج کے فقدان اور اصطلاحات میں تبدیلیاں رونما ہونے کی وجہ سے اس سے استفادہ کرنا مشکل ہوگیا تھا اور اس کی تسہیل کی ضرورت کو ہر خاص وعام محسوس کررہا تھا، لیکن اس الہامی تفسیر کی تسہیل کا کام انجام دینا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ 
بالآخر دارالعلوم دیوبند کے ایک پرانے باصلاحیت فاضل اور اُردو زباں کے ادیب حضرت مولانا عقیدت اللہ صاحب قاسمی زید مجدہم نے بڑی محنت وعرق ریزی کے ساتھ اس کی تسہیل فرماکر حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری شیخ الحدیث وصدر المدرسین دارالعلوم دیوبند اور حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم واستاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند کی خدمت میں نظرثانی کے لیے پیش کردی، اور پھر تینوں حضرات کے مشورہ سے حضرت مفتی سعید احمد پالن پوری صاحب کو نظرثانی کے لیے منتخب کیا گیا، جنہوںنے نظرثانی فرمائی اور جہاں جہاں اصلاحات یا تسہیلات کی ضرورت محسوس کی، ان کا اضافہ فرمایا اور عناوین بھی بڑھادیئے، جس سے تسہیل کو چار چاند لگ گئے۔ ’’مکمل بیان القرآن‘‘ کے حواشی میں درج شدہ خالص علمی مباحث کو عام قارئین کی سہولت کی خاطر ’’آسان بیان القرآن‘‘ میں شامل نہیں کیا گیا۔
حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری مدظلُّہم کے شاگردِ خاص مفتی عبدالرؤف غزنوی فاضل وسابق اُستاذ دارالعلوم دیوبند وحال استاذِ حدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی نے پاکستانی ایڈیشن کے شروع میں حضرت حکیم الامتؒ کے حالاتِ زندگی، حضرت مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری کے علمی مقام اور تفسیر بیان القرآن کی اہمیت اور اس کی تسہیل کی ضرورت کو واضح کرنے کے لیے ایک مقدمہ بعنوان ’’حرفِ آغاز‘‘ لکھا ہے، تاکہ قارئین کرام کو علیٰ وجہ البصیرت استفادہ کرنے کا موقع میسر ہو۔ ’’آسان بیان القرآن‘‘ کی جلد اول شائع ہوگئی ہے اور جلد ثانی پریس میں ہے اور باقی تین جلدیں بھی ان شاء اللہ! عن قریب شائع ہوں گی۔

ہدایۃ الدراری لطالبی صحیح الامام البخاری (مقدمہ بخاری) 

شیخ الحدیث حضرت مولانا فضل الرحمن اعظمی مدظلہ، صفحات:۳۵۲ عام قیمت: ۵۵۰ روپے، ناشر: ادارہ دعوۃ الحق ٹرسٹ ۹۳۶۲ آزادول، ۱۷۵۰ جنوبی افریقہ۔
زیرِ تبصرہ کتاب حضرت مولانا فضل الرحمن اعظمی مدظلہ کی تالیف ہے، جس میں صحیح بخاری کی مبادیات کو ایک سلیقہ اور عمدہ ترتیب سے جمع کیاگیاہے جس میں اسناد پر سیر حاصل بحث اور تراجم وابواب پر اصولی بحث اور دیگر علمی مباحث بھی ہیں صحیح بخاری پڑھنے اور پڑھانے والوں کے لیے رانہما خطوط ہیں اور یہ کتاب حدیثی معلومات کا ایک بے بہا ذخیرہ ہے۔ مولانا موصوف نے اس کے علاوہ بھی کئی کتب تالیف فرمائی ہیں۔ 
اس کتاب کے آخر میں حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن قدس سرہ نے الابواب والتراجم کے بارہ میں پندرہ اصول بھی اس کتاب کا حصہ بنائے ہیں جو ایک مفید اضافہ ہے۔ خلاصہ یہ کہ صرف اس ایک کتاب کو دیکھ لینا صحیح بخاری کی کئی دیگر شروحات سے مستغنی کردیتا ہے۔ بخاری ومسلم کی احادیث مفیدِیقین ہیں یا نہیں؟! اس عنوان کے تحت جانبین کے دلائل اور اکابر دیوبند کی تحقیقات کو ایسے سلیقہ سے جمع کردیا ہے کہ ہرپڑھنے والے کو اکابر دیوبند کی تحقیقات پر شرح صدر ہوجاتاہے اور جملہ شکوک وشبہات اصح ہوجاتے ہیں۔
 یہ کتاب طلبہ وعلماء حدیث کے لیے ایک عمدہ سوغات ہے۔

تفسیر سورۂ یٰس

مولانا سید محمد متین ہاشمی۔ صفحات: ۱۳۶۔ قیمت: ۳۰۰روپے۔ ناشر: مکتبہ جمال، تیسری منزل، حسن مارکیٹ، اردو بازار، لاہور۔
زیرِنظر کتاب جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، سورۂ یٰسین کی تفسیر پر مشتمل ہے،اور اس کے شروع میں ایک بہترین مقدمہ بھی ہے، جس میں توحید، رسالت اور آخرت کو بڑے دل چسپ اور عام فہم پیرائے میں بیان کیاگیا ہے۔ 
کتاب کے آخر میں سورۂ یٰسین کے چند آزمودہ خواص بھی درج کیے گئے ہیں، تاکہ اگر کوئی صاحب عقیدے کی صحت کے ساتھ ان سے فائدہ اُٹھانا چاہیں تو فائدہ اُٹھاسکیں۔ بہرحال یہ ان کی ایک کوشش ہے جو اُمید ہے قارئین کے لیے مفید ہوگی۔

بیانات اور تبلیغی کام کے اہم اُصول

افادات: حضرت مولانا سعید احمد خان صاحب قدس سرہٗ۔ صفحات: ۱۷۵۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: بلال انٹرپرائزز، آفس نمبر۱-ایس۔ جامع مسجد ناظم آباد نمبر:۲، انکوائری آفس، کراچی
تبلیغ کے کام میں لگے حضرات اور بزرگوں میں سے ایک بڑا نام حضرت مولانا سعید احمد خان صاحب نور اللہ مرقدہٗ کا بھی آتا ہے، جن کی وفات ۲۵ رجب ۱۴۱۹ھ مطابق ۱۵ نومبر ۱۹۹۸ء کو ہوئی۔ آپ حضرت مولانا محمد الیاس قدس سرہٗ کے تربیت یافتہ، مظاہر علوم سہارن پور کے چشم وچراغ اور حضرت اقدس مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی قدس سرہٗ کے خلیفہ مجاز تھے۔ یہ انہی حضرات کی توجہ کا اثر تھا کہ آپ نے ساری زندگی دعوت وتبلیغ کے کام میںصرف کردی۔ آپ کے انہی اوصاف وکمالات کی وجہ سے بزرگوں نے آپ کی تشکیل مدینہ منورہ میں کی۔ 
آپ کی محنت وسعی اور دعاؤں کا اثر تھا کہ عرب حضرات بھی اس کام کی طرف متوجہ ہوئے۔آپ پاکستان کے مختلف شہروں اور خصوصاً کراچی میں بھی تشریف لاتے رہے۔ محترم جناب اعجاز النبی صاحب -جو عرصہ دراز سے تبلیغی اجتماعات میں شریک ہوتے رہے- منبر سے کیے گئے بیانات خصوصاً حضرت مولانا سعید احمد خان کے بیانات کو اپنی کاپی میںلکھ لیا کرتے تھے، جو بعض تو کراچی میں ہوئے اور بعض رائے ونڈ میں ہوئے، اس طرح کل انیس بیانات جمع ہو گئے ، جو اس کتاب کا حصہ ہیں، اور کتاب کے آخر میں تبلیغی کام کے اہم اصول جمع کیے گئے ہیں۔ یہ بیانات دل کی دنیابدلنے کے لیے ایک اکسیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ 
تمام مسلمانوں کے لیے عموماً اور تبلیغ میں چلنے والے حضرات کے لیے خصوصاً یہ کتاب بڑی راہنمائی کا ذریعہ ہے۔ امید ہے باذوق حضرات اس کتاب کو ضرور اپنے پاس رکھیں گے۔

سیرت کے نقوش

حضرت مولانا عبدالشکور لکھنوی فاروقی قدس سرہٗ۔ جمع وترتیب : مولانا محبوب احمد صاحب۔ تحقیق وتخریج: مفتی محمد اظہر صاحب۔ صفحات: ۲۸۸۔ قیمت: ۳۰۰ روپے ۔ ناشر: مکتبہ عشرہ مبشرہؓ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار ، لاہور
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تمام اولین وآخرین کے سردار ، تمام انبیاء کرام علیہم السلام کے امام، اور اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم  کی سیرت پر اب تک بے شمار کتابیں تصنیف کی گئی ہیں، جو بڑی بھی ہیں اور چھوٹی بھی، عربی میں بھی ہیں اور اردو کے علاوہ مختلف زبانوں میں بھی، لیکن کسی نے آج تک یہ دعویٰ نہیں کیا کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم  کی سیرت کا حق ادا کردیا ہے۔ زیرِتبصرہ کتاب بھی جیسا کہ نام سے ظاہر ہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کی سیرت پر لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کی خوبی یہ ہے کہ الفاظ مختصر لیکن معنی ومفہوم وسیع ہے، گویا یہ کتاب ’’دریا بکوزہ‘‘ کا مصداق ہے۔ 
حضرت مولانا عبدالشکور لکھنوی قدس سرہٗ کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو رسالہ ’’النجم‘‘ اور ’’لکھنؤ‘‘ میں لکھے گئے تھے۔ ان تمام مضامین کو یکجا کرنے کا سہرا مولانا محبوب احمد کے سر ہے۔ کتاب کیا ہے، ایک گوہر نایاب ہے: ۱:-کتاب کا ایک مقدمہ ہے جو عقائدِ اسلامیہ ضروریہ کے بیان میں ہے۔ ۲:-اس کے بعد ’’نفحہ عنبریہ بذکر میلادِ خیرالبریہ‘‘ کاباب ہے، اس باب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم  کی سیرت کو حیاتِ طیبہ کے ماہ وسن کے اعتبار سے جمع کیا گیا ہے۔ ۳:-مختصر سیرتِ نبویہ بزبان قرآن کریم یعنی آنحضرت a کی سیرت کے وہ درخشندہ پہلو جس کو قرآن کریم نے بیان فرمایا۔ اور اس کے شروع میں حضرت مولانا عبدالشکور لکھنوی قدس سرہٗ کا تعارف بھی دے دیا گیا ہے۔ 
یہ کتاب سیرت کے موضوع پر مختصر لیکن پراثر ہے۔ اُمید ہے کہ اس کتاب کی قدرافزائی کی جائے گی۔اللہ تعالیٰ ان حضرات کی اس سعی وکوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

تحفۃ العزیز فی سوانح الشاہ عبدالعزیز (حصہ اول، دوم)

جناب عبدالسبحان شاہ۔ صفحات: ۲۵۵۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: جامعہ اسلامیہ مدینۃ العلوم، ٹنڈو آدم ، پاکستان
زیرِتبصرہ کتاب دعوت وتبلیغ کے ایک بزرگ حضرت مولانا ’’عبدالعزیز دعا جو‘‘ قدس سرہٗ کی سوانح پر لکھی گئی ہے، جو عالم باعمل، صوفی باصفا، عارف کامل اور صاحب فتویٰ ہونے کے ساتھ ساتھ صاحبِ تقویٰ بھی تھے۔ صرف داعی ومبلغ ہی نہیں، بلکہ اہلِ بصیرت ، اہلِ حکمت واہلِ فراست بھی تھے۔ قرآن وسنت کا صرف مطالعہ نہیں، بلکہ عمیق وگہرا مطالعہ بھی رکھتے تھے۔ بہرحال اکابر کی سوانح لکھنے کا مقصد اصلی یہی ہوتا ہے کہ بعد والے اپنے اکابر کے حالات وواقعات پڑھ کر ان سے راہنمائی لیں اور اپنی زندگی کے قیمتی لمحات انہیں کے نقش قدم پر گزار کر دنیا وآخرت میں سرخروئی حاصل کرسکیں۔ 
کتاب بہت عمدہ ہے، البتہ کاغذ کتاب کے شایانِ شان نہیں اور اس کے صفحات جیسا کہ اوپر درج کیے گئے ہیں، کتاب کے شروع میں ۳۰۸ لکھے گئے ہیں جو درست نہیں۔ اُمید ہے کہ اگلے ایڈیشن میں اس کی تلافی کی جائے گی۔

نورانی قاعدہ

استاذ القراء حضرت مولانا قاری نورمحمدصاحبؒ۔ مرتب: اساتذہ جامعۃ الابرار۔ تصحیح : قاری عبدالمالک صاحب دامت برکاتہم۔ صفحات: ۴۴۔ قیمت: ۱۰۰ روپے۔ ناشر: جامعۃ الابرار (للعلوم الاسلامیۃ) ۵۳۳ بی ، بلاک ۱۳، نزد قباء مسجد، گلبرگ، کراچی
اس رسالہ میں درج ذیل خصوصیات ہیں:
۱:- قواعد کا انتخاب نورانی قاعدہ کی تختیوں کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔ 
۲:-اردو الفاظ کا چناؤ انتہائی آسان انداز میں کیا گیا ہے، تاکہ بچوں کو پڑھنے میں دشواری نہ ہو۔ 
قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے والے حضرات بخوبی جانتے ہیں کہ قرآن کریم پڑھنے کی ابتداء نورانی قاعدہ سے کی جاتی ہے، گویا یہ قاعدہ قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے کے اعتبار سے اساس اور بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کو جتنا آسان، دل چسپ اور عمدہ انداز میں طبع اور شائع کیا جائے، اُتنا چھوٹے بچوں کی دل چسپی اور رغبت بڑھتی ہے، جو کہ ان کے آگے بڑھنے کے لیے معاون ومددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس لحاظ سے اس قاعدہ کی کتابت، طباعت اور اشاعت میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں۔  
پورا قاعدہ آرٹ پیپر پر ’’مُلَوَّن‘‘ طبع کیا گیا ہے۔ قاعدہ ظاہری اور باطنی تمام خوبیوں سے مزین ہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ اس کے مرتب، مصحح اور ناشر سب حضرات کی محنتوں کو قبول فرمائے۔

آسان نماز اور چالیس مسنون دعائیں مع چالیس احادیث

حضرت مولانا محمد عاشق الٰہی بلند شہری مہاجر مدنی نور اللہ مرقدہٗ۔ صفحات: ۸۰۔ قیمت: ۱۰۰ روپے۔ ناشر: جامعۃ الابرار ۵۳۳ بی، بلاک ۱۳، نزد قباء مسجد، گلبرگ،ایف بی ایریا، کراچی
حضرت مولانا محمد خرم عباسی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے بہت عمدہ ذوق عطا فرمایا ہے کہ وہ ہر کتاب چاہے چھوٹی ہو یا بڑی، بہت ہی خوبصورت اور اعلیٰ انداز میں شائع کرتے ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب (آسان نماز) اگرچہ چھوٹی سی ہے، لیکن دیکھتے ہی جی چاہتا ہے کہ اس کو اپنے پاس ضرور رکھوں۔ 
یہ کتاب آسان نماز حضرت مولانا محمد عاشق الٰہی بلندشہری قدس سرہٗ کی تصنیف ہے، جو مکاتبِ قرآنیہ کے بچوں کے لیے انہوںنے لکھی تھی۔ پچاس سال سے ہر خاص وعام اس سے نفع اُٹھارہا ہے۔ اس پر مزید یہ کام کیا گیا کہ:
۱:-کتاب کے لیے صفحات انتہائی عمدہ استعمال کیے گئے ہیں۔
۲-تمام کتاب دو رنگوں سے’’مُلَوَّن‘‘کی گئی ہے، جو ہر کسی کے لیے دل چسپی کا باعث ہوگی۔
۳:- ہر عنوان کو اپنے انداز میں علیحدہ علیحدہ بریکٹ کرکے پیش کیا گیا ہے کہ ہر عمر والا اس سے استفادہ کرسکے۔
۴:- حروف کو جلی اور واضح رکھا گیا ہے، اس وجہ سے کتاب کے صفحات بڑھ گئے۔
آخر میں مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب نور اللہ مرقدہٗ کی جوامع الکلم یعنی چہل حدیث بھی شامل کی گئی ہے۔ اُمید ہے باذوق حضرات اس کتاب کو خود بھی پڑھیں گے اور دوسروں کو بھی پڑھوائیں گے۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین