بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر، ذوالقعدہ 1434ھ

نقدونظر، ذوالقعدہ 1434ھ


مجددِ اعظم
صوفی محمد اشفاق اللہ واجد مجددی۔ صفحات: ۱۱۰۲۔ قیمت: ۱۲۰۰روپے۔پاکستان میں ملنے کا پتہ: مکتبہ سراجیہ کندیاں شریف ضلع میانوالی۔انڈیا میں ملنے کا پتہ:سید محمد صادق رضا صاحب، سجادہ نشین وخلیفہ مجاز روضہ شریف سرہند (انڈیا)
زیر تبصرہ کتاب کے مؤلف بہت ساری نسبتوںکے امین ہیں، اور کئی بزرگوں سے خلعت خلافت سے بھی نوازے گئے ہیں، اس کتاب میں حضرت مجدد الف ثانی قدس سرہٗ کے حالاتِ زندگی، آپؒ کے صاحبزادوں کے حالاتِ زندگی، نیز آپؒ کے خلفاء کے حالات مرتب کیے گئے ہیں۔
اس کتاب ’’مجددِ اعظم‘‘ میں حضرت مجدد الف ثانی قدس سرہٗ کے خاندانی حالات کے علاوہ حکومت وقت کے دربار کا ماحول، اکبر بادشاہ کی ہندو نوازی اور اسلام دشمنی، رافضیت کی طرف داری، نیز شریعت اسلامیہ میں رائج بدعات، توحید وجودی کے نام پر ملحدانہ عقائد کا پھیلاؤ اور اس کی روک تھام، تجدید دین اسلام کے لیے آپ کا اسلوب اور تن تنہا کوششوں کا مطالعہ کرسکیں گے۔
ماشاء اللہ! کتاب بہت سے اہم مضامین اور مضبوط تاریخی واقعات کا احاطہ کیے ہوئے ہے، تصوف اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے احباب کے لیے یہ ایک بہت ہی علمی سوغات ہے۔ 
بہتر ہوتا کہ اس کتاب کے آخر میں جو پیوند کاری کی گئی ہے،وہ نہ ہوتی اور نہ ہی کسی پر طعن کیا جاتا، اس لیے کہ تمام اہل حق جماعتیں دین ہی کا کام کررہی ہیں اور اپنی اپنی نیت واخلاص کی بنیاد پر مستحقِ اجر ہیں۔ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو تمام شرور وفتن سے محفوظ فرمائے اور راہِ حق پر استقامت نصیب فرمائے۔
حج وعمرہ کے جدید وضروری مسائل
مولانامحمد اصغر کرنالوی۔ صفحات :۱۲۰۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر :مکتبۃ الارشاد مہاجر مکی مسجد صدر کراچی۔ملنے کا پتہ: دارالاشاعت، اردو بازار کراچی۔
مولانا محمد اصغر کرنالوی صاحب جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل اور کئی کتابوں کے مؤلف ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب کے شروع میں لکھتے ہیں کہ: میں نے حج وعمرہ کے موقع پر متعدد بار مسائل دینیہ سے ناواقف لوگوں کو ایسے کام اور گفتگو کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جو شریعت مطہرہ کے بالکل خلاف ہے۔اس لیے بندہ نے انتہائی ضرورت محسوس کرتے ہوئے چند سوالات تحریر کیے اور مختلف دارالافتاؤں میں ان کے جواب کے لیے بھیجا، جواب ملنے پر انہیں سوال وجواب کی شکل میں ترتیب دیا اور اس کے ساتھ ساتھ حج وعمرہ کے فرائض، واجبات، سنن، مکروہات اور مختصر طریقۂ حج وعمرہ بھی عام فہم انداز میں تحریر کیا۔حجاج کرام کے لیے یہ رسالہ بہت ہی نافع ہے۔
حیاۃ الصحابہؓ (اردو) مکمل تین جلد
حضرت مولانامحمد یوسف کاندھلویؒ۔ مترجم: حضرت مولانا محمد احسان الحق دامت برکاتہم۔ صفحات: جلداول:۶۱۴، جلددوم:۶۸۶، جلد سوم: ۶۵۲، عام قیمت اعلیٰ:۲۵۰۰روپے، سادہ:۱۴۰۰ روپے۔
حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین حضور اکرم ا کی نبوت ، نزولِ وحی،معجزات اور سفر وحضر کے چشم دید گواہ ہیں، اس لحاظ سے صحابہ کرامؓ دین اسلام کی اول اساس اور علم دین کے اول پھیلانے والے ہیں، صحابہ کرامؓ نے آپ ا سے دین سیکھا اور امت کو سکھایا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے صحابہ کرامؓ کی اس برگزیدہ جماعت کو آپ ا کی مصاحبت کے لیے چنا، اس لیے یہ جماعت ِ صحابہؓ اس کی مستحق ہے کہ اس کو نمونہ بناکر اس کا اتباع کیا جائے۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا ارشاد ہے: 
’’جسے دین کی راہ اختیار کرنی ہے تو ان کی راہ اختیار کرے جو اس دنیا سے گزرچکے ہیں اور وہ حضرت محمد ا کے صحابہؓ ہیں جو اس امت کا افضل ترین طبقہ ہے۔ قلوب ان کے پاک تھے، علم ان کا گہرا تھا، تکلف اور تصنع ان میں کالعدم تھا، اس لیے ان کی فضیلت اور بزرگی کو پہچانو، ان کے نقش قدم پر چلو اور طاقت بھر ان کے اخلاق اور ان کی سیرتوں کو مضبوطی سے پکڑو، اس لیے کہ وہی ہدایت کے راستے پر تھے‘‘۔                                               (مشکوٰۃ،ص:۱۵)
حضرت مولانامحمد الیاس نور اللہ مرقدہٗ کو صحابہ کرامؓ کے ساتھ بہت شغف ومحبت تھی، اس لیے اکثر ان کے احوال پڑھتے ، سنتے اور بیان کرتے تھے ، انہی کے حکم پر شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا قدس سرہٗ نے حکایاتِ صحابہؓ مرتب کی۔ حضرت مولانا محمد یوسف کاندھلویؒ المعروف حضرت جیؒ نے ’’حیاۃ الصحابہؓ    ‘‘ عربی زبان میں مرتب کی، پھر حضرت مولانا انعام الحسنؒ کے حکم پر حضرت مولانا احسان الحق زید مجدہٗ نے اس کا اردو ترجمہ کیا اور یہ کتاب عرصہ دراز سے چھپ رہی ہے۔ اب زمزم کے احباب نے اسے کئی جدتوں اور نئے اضافات کے ساتھ اس کے شایانِ شایان چھاپا ہے، اس میں کیا اضافات اور کیا نیا کام ہوا ہے، اس کے لیے عرضِ ناشر کے عنوان کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے:
’’الحمد للہ!زمزم پبلشرز اس مرتبہ مزید نئی کمپوزنگ بڑے سائز میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہے۔ اس طباعت میں مزید تصحیح اور تخریج کے نئے حوالے بھی عربی کتاب سے نقل کیے گئے ہیں اور مزید حوالے جو وہاں نہ تھے، ان کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ مزید بر آں غیر اردو داں طبقے کی سہولت کے لیے جابجا اعراب بھی لگائے گئے ہیں، تاکہ ہر طبقہ کے لیے صحیح طرح سے پڑھنا اور استفادہ آسان ہوجائے، گویا نئی کتاب صحت کے اعتبار سے اب بہت بہتر اور عمدہ ترین ہے، زمزم پبلشرز اس محنت کی وجہ سے لائق داد وتحسین ہے‘‘۔
ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسی کتب اپنے گھر اور اپنی لائبریریوں میں ضرور رکھیں، تاکہ ہماری اولاد، ہمارے گھر والے اور ہماری نئی نسل صحابہ کرامؓکی سیرت اور احوال پڑھ کر انہیں اپنی زندگیوں میں لائے اور ان کے نقش قدم پر چل سکے۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین