بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ذوالحجہ 1433ھ

نقدونظر ذوالحجہ 1433ھ

 

ذرا سوچئے!(حصہ اول،دوم،سوم)
جمع وترتیب:مفتی صغیر نعمانی صاحب مع رفقاء ومعاونین۔ صفحات حصہ اول:۱۵۵،صفحات حصہ دوم وسوم:۲۰۳۔ قیمت: درج نہیں۔ برائے رابطہ: محمد نادرمیواتی ، فون نمبر :03009214604 ۔ محمد رئیس،فون نمبر:03218269001
    حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی جس کا ایک ایک گوشہ قرآن وحدیث اور تاریخ میں تفصیلاً موجود ہے مسلمانوں کے لئے بہترین اُسوہ اور عمدہ نمونہ ہے، جس کو صرف جاننا اورماننا کافی نہیں، بلکہ اُس پر عمل پیرا ہونااصل مطلوب اور مقصودہے۔جس میں ہر مسلمان کی دنیوی اور اخروی کامیابی کا راز مضمر ہے۔زیرتبصرہ کتاب جو مفتی صغیر نعمانی صاحب نے اپنے رفقاء ومعاونین کے ساتھ مل کر ترتیب دی ہے، اس میں مسلمانوں کو عمل کی ترغیب دینے اور عمل کی طرف متوجہ کرنے کے لئے منتخب آیات، احادیث اور تاریخی واقعات جمع کئے گئے ہیں۔اس کتاب کو ترتیب دینے والے حضرات کا اندازِ تحریر عمل کی ترغیب دیتا ہے، چنانچہ ہر آیت، حدیث اور واقعہ کے ذکر کے بعدایک جملہ ’’ذرا سوچئے!‘‘کا لکھا گیا ہے، جس سے قاری کا ذہن عمل کی طرف متوجہ ہوتا ہے اوروہ یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ کیا میں نے بھی کبھی اس حکم پر عمل کیا؟ ۔ عمل پر اُبھارنے اور اس کی ترغیب کا یہ ایک انوکھا انداز ہے۔ اللہ تعالیٰ اس انداز سے کتاب ترتیب دینے والوں کی محنت اور ان کے اخلاص کو قبول فرمائے۔ اور اس کتاب کا نفع عام فرمائے۔اگر کتاب کے تینوں حصے ایک ہی جلد میں آجائیں تو قارئین کے لئے استفادے میں سہولت ہوگی۔
قواعدُالتفسیر
مؤلف:مولانا محمدنعمان صاحب ۔ صفحات :۳۳۶۔ قیمت: ۱۸۰روپے۔ ناشر:مکتبہ عمرفاروق ۴۹۱/۴شاہ فیصل کالونی،کراچی،فون نمبر:021-34594144
    زیرنظر کتاب فاضل نوجوان مولانا محمد نعمان صاحب کی ایک شاہکار علمی کاوش ہے۔انہوں نے بڑی عرق ریزی اورہزاروں صفحات کے مطالعہ کے بعد تفسیر قرآن کے سمجھنے میںممد ومعاون قواعد کو یکجا جمع کردیا ہے۔
    یہ ۱۶۶ تفسیری قواعدمختلف کتابوں میں منتشر تھے۔ سب سے زیادہ یکجا قواعد عربی کی ایک کتاب’’القواعدالحسان لتفسیر القرآن‘‘ میں ہیں،جن کی تعداد ۷۱تک پہنچتی ہے۔جبکہ مؤلف موصوف نے اس موضوع کی تمام کتابوںکے مطالعہ کے بعد ۱۶۶ قواعد کو یکجا جمع کردیا ہے۔قواعد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ  ایک ایک قاعدہ کی وضاحت اور تفہیم کے لئے کئی کئی مثالیں دیں، علاوہ ازیں مثالوں کی قواعد سے تطبیق بھی دی گئی ہے،جس سے قاعدہ کا سمجھنا نہایت آسان ہوگیا ہے۔نیز تمام قواعد باحوالہ ذکر کئے گئے ہیں۔بلاشبہ اپنے موضوع پر اُردو میں یہ پہلی کتاب ہے۔ مؤلف کا اردو دان طبقہ پر بہت بڑا احسان ہے۔اللہ تعالیٰ مؤلف کو جزائے خیر عطا فرمائے۔کتاب کا ٹائیٹل اور کاغذعمدہ ہے۔آئندہ ایڈیشن میںاگر علاماتِ ترقیم کا بھی اہتمام کیا جائے تو بہتر ہے۔ علم دوست حضرات سے اُمید ہے کہ وہ اس کتاب کی قدر دانی فرمائیںگے۔ 
مشکلات کا حل قرآن کے ذریعہ
    ترجمہ وتشریح واضافہ عنوانات:مولانا فہیم الدین قریشی مع رفقاء ومعاونین۔ صفحات :۱۱۲۔ قیمت:درج نہیں۔ پتہ:غازی محمد بن قاسم مسجد ، سندھی مسلم سوسائٹی ، بلاک اے، نزد شاہراہِ فیصل ، کراچی۔
     وظائف، عملیات اور تعویذات کے موضوع پرحکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کی ’’اعمالِ قرآنی‘‘ کے نام سے اردو زبان میں ایک کتاب تھی،جس میں مختلف بیماریوں اور پریشانیوں کا حل قرآنی آیات کی روشنی میں بتایا گیا تھا،حضرت تھانوی رحمہ اللہ کی زندگی ہی میںافریقہ کے مسلمانوں کی خواہش اور حضرتؒ کی اجازت سے جناب محمد رفیق ہتھورانی صاحب نے اُس کا انگریزی ترجمہ کیاتھا۔ زیرتبصرہ کتاب اُس انگریزی ترجمہ کا اُردو ترجمہ ہے، جس میں تصحیح کے اہتمام کے ساتھ مختصر تشریح و عنوانات کابھی اضافہ کیا گیا ہے۔یہ ترجمہ وتشریح اور اضافہ عنوانات کاکام مولانا فہیم الدین قریشی صاحب نے اپنے احباب کے ساتھ مل کر کیا ہے۔عملیات سے شغف رکھنے والے حضرات اور عوام الناس ادھر ادھر کے چکروں میں پڑنے کے بجائے مستند علماء اور اکابرین کی اس موضوع پر لکھی ہوئی کتابوں سے استفادہ کریں تو یہ ان کے لئے دنیا اور آخرت دونوں اعتبار سے بہتر ہے۔
    چونکہ اصل کتاب حضرت تھانویؒ کی ہے ،مقدمہ میںبھی اس بات کا تذکرہ موجود ہے اور حضرتؒ کے احوالِ زندگی بھی پیش لفظ کے بعد ذکر کئے گئے ہیں۔ اس لئے زیادہ مناسب یہ تھا کہ حضرتؒ کا نام بھی ٹائیٹل پر ہوتا۔امید ہے کہ آئندہ ایڈیشن میں اس بات کا خیال رکھا جائے گا۔کتاب کاکاغذ اور جلد عمدہ ہے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین