بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر جمادی الاخری 1440ھ

 

نقدونظر 


اہلِ بیت رضی اللہ عنہم

جناب قائد العمروسی۔ مترجم: مولانا سعید الرحمن علویؒ۔ اہتمام: میاں غلام مرتضیٰ کھٹانہ۔ صفحات:۱۹۰۔ قیمت: ۳۰۰ روپے۔ ناشر: مکتبۂ جمال، تیسری منزل حسن مارکیٹ، اردو بازار، لاہور۔
زیرِ تبصرہ کتاب’’ اہلِ بیتؓ ‘‘ عرب اسکالر محترم جناب قائد العمروسی مدظلہٗ کی تصنیف ہے، جسے جناب چوہدری ثناء اللہ بھٹہ مرحوم کے ایماء اور اصرار پر حضرت مولانا سعید الرحمن علوی ؒ نے عربی قالب سے اُردو زبان میں ڈھالا۔ ترجمہ اس انداز کا کیا گویا یہ اصل کتاب ہے۔ کتاب کا عنوان تو ’’اہلِ بیتؓ ‘‘لکھا ہے، لیکن اس میں: ۱:-حضور اکرم a کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ کا، ۲:- خاتم النبیین سیّد المرسلین a، ۳:- سیّدہ خدیجۃ الکبریٰ t، ۴:- آپ کی چاروں صاحبزادیوںu کا ذکر کیا ہے۔ اس کے ابتدائیہ کے عنوان کے تحت لفظ ’’اہلِ بیتؓ   ‘‘ کی تشریح قرآن و سنت کی روشنی میں فرمائی ہے۔ دیباچہ میں خانقاہ سراجیہ کندیاں شریف کے جانشین صاحبزادہ حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد دامت برکاتہم کا بہت ہی عمدہ مضمون لگایا ہے۔ کتاب ہر اعتبار سے خوبصورت اور پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ بندہ نے اسے از اول تا آخر پڑھا ہے۔ ایک مرتبہ یہ کتاب شروع کریں تو رکھنے کا جی نہیں چاہتا۔ اللہ تبارک و تعالیٰ مصنف، مترجم اور اس کا ترجمہ کرنے والے اور شائع کرنے والے سب کو اپنی شایانِ شان جزائے خیر عطا فرمائے۔ کتاب میں پروف کی کچھ غلطیاں ہیں اور کاغذ بھی کتاب کے شایانِ شان نہیں۔ اُمید ہے کہ اگلے ایڈیشن میں ان کی اصلاح کرلی جائے گی۔

معرکۂ بالا کوٹ اور گوجر قوم

مولانا قاضی مہدی الزماں کھٹانہ۔ اہتمام: میاں غلام مرتضیٰ کھٹانہ۔ صفحات:۱۶۸۔ قیمت: ۳۰۰ روپے۔ ناشر: مکتبٔہ جمال، تیسری منزل، حسن مارکیٹ، اردو بازار، لاہور
اس کتاب کو مصنف نے ۶؍ ابواب پر تقسیم کیا ہے: ۱:-لفظ گوجر کی وجہ تسمیہ، ۲:-گوجر قوم کے ہم نسل قبائل اور ذیلی شاخیں، ۳:-گوجر حکومتیں اور ریاستیں، ۴:-سکھوں کے ساتھ مجاہدین کے جہاد کی ابتدا، ۵:- الزامات کا تاریخی جائزہ، ۶:-جنگ آزادی ۱۸۵۷ء اور گوجر قوم۔ 
اس کتاب میں بہت ہی تاریخی اور علمی باتیں زیرِ بحث لائی گئی ہیں۔ تاریخ کا ذوق رکھنے والوں کے لیے یہ کتاب بہت ہی قیمتی اضافہ ہے۔ البتہ کتاب کی غلطیاں کافی نظر میں آئیں اور کاغذ میں بھی وسعتِ ظرفی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ اسی لیے اس کی مطبوعہ قیمت ۳۰۰ روپے زیادہ رکھی گئی ہے۔ اُمید ہے کہ ان اُمور کی طرف توجہ کی جائے گی۔

 تسہیل’’ الانتباہات المفیدۃ‘‘

حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ۔ تسہیل و شرح: مفتی امداداللہ عبدالقیوم۔ صفحات:۲۳۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارۃ التحقیق مرکز العلوم الاسلامیہ، منگھوپیر روڈ، کراچی۔ ملنے کا پتا: اسلامی کتب خانہ، نزد جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹائون، کراچی۔
زیرِ تبصرہ کتاب ’’الانتباہات المفیدۃ‘‘ حکیم الامت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ کا ایک بیان تھا، جسے آپ نے اسکول کے طلباء کے چند اشکالات کے جواب میں کیا تھا، بعد میں کچھ اضافہ جات کے ساتھ اُسے رسالہ کی شکل دی گئی۔ اس کتاب میں سات اُصول موضوعہ ہیں اور ۱۶؍ انتباہات ہیں۔ اس کتاب میں سب کی تسہیل کی گئی ہے۔ یہ کتاب درج ذیل خصوصیات کی حامل ہے: ۱:- تسہیل اور شرح کے لیے اس طریقہ کو اختیار کیا گیا ہے، جس کو حضرت تھانوی قدس سرہٗ نے اپنی حیات میں پسند اور انفع قرار دیا تھا۔ ۲:- کتاب کے اہم مقامات کو عنوانات کے ذریعہ نمایاں کیا گیا ہے۔ ۳:-کتاب میں موجود اصطلاحات اور امثلہ کو آسان پیرایہ میں بیان کیا گیا ہے۔ ۴:-حضرت تھانویؒ کی عبارت کو برقرار رکھا گیا ہے، صرف مشکل مقامات کی تشریح کی گئی ہے۔ ۵:-ہر بحث کے آخر میں بحث سے متعلق سوالات کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ۶:- ہر بحث سے متعلق جن اصطلاحات یا مباحث کے اضافے کی ضرورت تھی، ان مباحث کو حضرت تھانویؒ کی دوسری تصانیف کی روشنی میں لکھا گیا ہے۔ چونکہ یہ کتاب وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نصاب میں شامل ہے، اس لیے یہ کتاب علماء کرام و طلباء کے لیے بہت ہی مفید ہے۔ کتاب کا کاغذ بہت ہی عمدہ اور جاذبِ نظرہے۔ البتہ ٹائٹل کتاب کے معیار سے فروتر ہے۔ امید ہے اگلے ایڈیشن میں اس کمی کو پورا کرلیا جائے گا۔

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین