بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

اسلامی معاشرہ کے لازمی خدوخال درسی افادات واَمالی:حضرت مولانا سمیع الحق مدظلہم۔ جمع وترتیب:مولانا مفتی عبدالمنعم حقانی۔ صفحات :۴۰۰۔ قیمت:درج نہیں۔ ناشر:القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہؓ،خالق آباد،نوشہرہ کے پی کے۔ فون:03336544950 علماء اور طلبۂ حدیث جانتے ہیں کہ کتبِ حدیث میں ’’أبواب البر والصلۃ‘‘ کے عنوان کے تحت وہ احادیث ذکر کی جاتی ہیںجو والدین اوررشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک، حسن معاشرت، صلہ رحمی، عفوو درگزر، پاکیزگی اخلاق اور حقوق وآداب سے متعلق ہوں۔ زیرنظر کتاب حدیث کی مشہور کتاب ’’سنن ترمذی ‘‘ کے ’’أبواب البر والصلۃ‘‘  سے متعلق حضرت مولانا سمیع الحق مدظلہم کے درسی افادات اور اَمالی پر مشتمل ہے، جنہیں مفتی عبدالمنعم حقانی صاحب نے دورانِ درس ٹیپ ریکارڈر کے ذریعہ محفوظ کرکے نقل کیا اور اب وہ دروس ۴۰۰ صفحات پر مشتمل ایک ضخیم کتاب کی شکل میں طبع ہوکر آچکے ہیں۔اس سے پہلے بھی حضرت مدظلہ کی ’’شمائل ترمذی‘‘ کی درسی تقاریر کو مولانا اصلاح الدین حقانی صاحب مرتب کرچکے ہیں، جو ’’زین المحافل‘‘ کے نام سے دو جلدوں میں شائع ہوچکی ہیں۔ کتاب کا ٹائیٹل پر یوں تعارُف کرایا گیا ہے: ’’جس میں والدین، بھائیوں،بہنوں،رشتہ داروں، پڑوسیوں،بیواؤں، یتیموں، ضعیفوں، بے کسوں، غلاموں، خادموں، بوڑھوں، بچوں، بچیوں، مریضوں، مہمانوں، الغرض ہر انسان کے ساتھ ہر قسم کی خوش اخلاقی، حسنِ معاشرت کی تعلیم،اوصافِ حسنہ کے فضائل اور اس پر اجروثواب کی تفصیل بیان کی گئی ہے‘‘۔ مسلمان خاوند مسلمان بیوی تالیف:حضرت مولانامحمد ادریس انصاری نور اللہ مرقدہٗ۔ تصحیح وتخریج:صاحبزادہ مولانا محمد سعید انصاری مدظلہ۔ صفحات :۱۹۹۔ قیمت:درج نہیں۔ ناشر:مکتبہ غفوریہ ، نزد جامعہ اسلامیہ درویشیہ ،کراچی۔ فون:0333-2329310 انسانی زندگی کا ایک اہم شعبہ ازدواجی زندگی ہے۔ مردو عورت کے اس خاص جوڑ اور ملاپ کا اسلامی نام نکاح ہے۔ زندگی کا یہ ایسا شعبہ ہے کہ جو اس میں کامیاب ہے، وہ پرسکون اور عمدہ زندگی گزارتا ہے، ورنہ دنیا اس کے لئے جہنم ہے۔ ازدواجی زندگی میں جس قدر خرابیاں اور بدمزگیاں ہیں، ان کی اصل وجہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے ناواقفیت ہے، جس کے نتائج گھروں کی بربادی اور چین وسکون کے مفقود ہونے کی صورت میں نکلتے ہیں۔ بربادی سے بچنے کی ایک ہی صورت ہے ، وہ یہ کہ اپنی من مانی اور رسم ورواج اور انانیّت کو چھوڑ کر حضور رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے بتلائے ہوئے اصولوں کے تحت ازدواجی زندگی گزاری جائے۔مذکورہ کتاب میں ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنانے کے اصول اور طریقے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں بتائے گئے ہیں۔ جمالِ مصطفوی ا مرتب و ناظم :محمد بشیراللہ۔صفحات:۸۰۔قیمت:درج نہیں۔ناشر:اقرأ پبلشرز۔ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریارحمہ اللہ نے شمائل ترمذی کااردو ترجمہ کیا تھا جو ’’خصائل نبوی‘‘ کے نام سے شائع ہوا۔زیرتبصرہ کتابچہ میں اسی ترجمہ کو نظم میں ڈھالا گیا ہے، جس کا مقصد حضور اقدس ا کی سنتوں اور آپ ا کی عادات وصفات کو نئے طریقے اور نئے انداز میںمسلمانوں کے سامنے پیش کرنا ہے۔ عشق مصطفوی کے جذبہ سے کیا گیا یہ منظوم ترجمہ عشاقِ مصطفی ا کے لئے عمدہ سوغات ہے۔اللہ تعالیٰ نظم نگار کی محنت کو قبول فرماتے ہوئے مذکورہ کتابچہ کو سنت کی پیروی کا ذریعہ اور وسیلہ بنائے۔آمین

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین