بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

صلاۃ وسلام علی سید الانام مولانا محمود الرشید حدوٹی۔ صفحات: ۲۷۲۔ قیمت : ۳۰۰روپے۔ ملنے کا پتہ: دفتر ماہنامہ آب حیات، مدینہ ہاؤس، مدینہ ٹاور، مسلم ٹاؤن، لاہور۔ زیر نظر کتاب کے مؤلف حضرت مولانا محمود الرشید حدوٹی صاحب زیدمجدہٗ کا شمار ان موفق من اللہ اصحاب میں ہوتا ہے، جن کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنے دین کی اشاعت اور فتنوں کے تعاقب کے ساتھ حضور اکرم a کی محبت سے سرشار فرمایا ہے۔ آپ کی یہ تازہ تالیف ’’صلاۃ وسلام علی سید الانام‘‘ اس کا واضح ثبوت ہے۔ مؤلف نے اس کتاب کے چند عنوانات قائم کیے ہیں: ۱:… قرآن کریم اور صلاۃ وسلام ، اس میں تقریباً ۱۶؍ تفاسیر کے حوالے نقل کیے ہیں۔ ۲:… آیت صلاۃ کا شانِ نزول، اس میں زمانۂ نزول، سبب نزول، صلاۃ کا معنی ومفہوم پندرہ کتب لغات سے واضح کیا ہے۔ ۳:… نبی کریم a نے کونسا صلاۃ وسلام سکھایا؟ اس میں نو احادیث کو نقل کیا ہے۔ ۴:…فضائل صلاۃ وسلام ، ایک صلاۃ کے بدلے ستر دعائیں۔ ۵:… صلاۃ وسلام پیش کرنے کے مواقع، تقریباً پچپن مواقع ذکر کیے ہیں جہاں درود شریف پڑھنا مستحب ہے۔ ۶:… نبی کریم a کے اسمائے گرامی حروف تہجی کے اعتبار سے تقریباً چار سو نام ذکر کیے ہیں۔ ۷:…درود شریف کے متعلق کچھ مسائل۔ خلاصہ یہ کہ یہ کتاب درود شریف کی تفہیم وترغیب، فضائل ومسائل اور مواقع وفوائد کاایک انسائیکلو پیڈیا ہے، جس میں درود شریف کے متعلق ہر قسم کی احادیث اس میں آگئی ہیں۔  البتہ اتنا اہم کتاب ہونے کے باوجود، اس کے کاغذ اور بینڈنگ میں وہ کوشش اور محنت نہیں کی گئی جو اس کتاب کا حق ہے،جو کتاب میرے سامنے ہے، ابھی سے اس کے اوراق نکلنا شروع ہوگئے ہیں۔ امید ہے کہ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کرلی جائے گی۔ تسہیل علم الصیغہ مولانا محمد علی محمود۔ صفحات:۱۹۲۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ دارالبشائر، نزد جامع مسجد جہانگیری، جہانگیر روڈ، کراچی۔ مولانا محمد علی محمود جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل اور مدرسہ دارالبشائر کے استاذ ہیں۔ آپ نے درجہ ثانیہ کے طلبہ کی سہولت کے لیے علم الصیغہ کا نہ صرف یہ کہ اردو ترجمہ کیا ہے، بلکہ فن صرف کو سمجھانے پر بھی کافی محنت اور کوشش صرف کی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ آپ کی اس سعی جمیلہ کو قبولیت عامہ عطا فرمائیں۔ کتاب کی ثقاہت کے لیے جامعہ کے دو اساتذہ حضرت مولانا مفتی محمد عبداللہ چترالی صاحب اور حضرت مولانا محمد عادل صاحب حفظہما اللہ کی تقریظات کافی دلیل ہیں۔ کتاب کا کاغذ، طباعت اور جلد بہت ہی عمدہ ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ طلبہ کرام کو اس کتاب سے نفع اٹھانے کی وافر توفیق عطا فرمائیں۔ کارٹون بینی، ویڈیوگیم اور مسلمان بچے مفتی محمد شہزاد شیخ۔ صفحات: ۳۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: رطیب پبلشرز۔۱۱۳-۱۱۱، صابر منزل ، ماسٹن روڈ، کراچی۔ دنیائے عالم خصوصاً عالم اسلام میں مغرب تہذیبی جنگ میں مصروف ہے، آئے دن ایسی ایسی چیزیں ایجاد کی جارہی ہیں جو مسلمان بچوں کو نہ صرف یہ کہ دین سے دور بلکہ عریانی وفحاشی کی طرف بھی دھکیلا جارہا ہے، جیسا کہ پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ صاحب نے بھی لکھا ہے کہ ایک سائنسدان اور کمپیوٹر آئی۔ٹی کے ماہر کی حیثیت سے میں وثوق سے یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ کارٹون، ویڈیو گیم، موبائل فون، انٹرنیٹ وغیرہ سے بچوں کی ذہنی نشوونما پر بہت منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اس کی تائید اب امریکی اور بے شمار بین الاقوامی محققین بھی کررہے ہیں۔ ان چیزوں کے نقصانات سے آگاہی دینے کے لیے جناب مؤلف نے یہ خوبصورت کتابچہ مرتب کیا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ان کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ہم سب کے بچوں کو ان چیزوں کے نقصانات سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آسان ترجمۂ مقامات فضیل احمد۔ صفحات: ۱۲۸۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ ابومحمد۔ ملنے کا پتہ: تمام مشہور اسلامی کتب خانے۔ مولوی فضیل احمد نے عربی ادب کی مقبول ومایہ ناز کتاب مقامات کی چند شروح اور عربی لغات کو سامنے رکھ کر اس کا عام فہم اور آسان لفظی ترجمہ تحت اللفظ کیا ہے، جو امید ہے کہ مقامات پڑھنے والے طلبہ اور طالبات کو راہنمائی کا کام دے گا۔ رسالہ کا ٹائیٹل معیاری اور کاغذ مناسب ہے۔ درسی نماز (اردو) مولانا رحمت اللہ صاحب۔ صفحات: ۲۰۰۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: دارالاشاعت للعلوم الاسلامیہ فاروقیہ روڈ، غفور ٹاؤن، کوئٹہ۔ زیرتبصرہ کتاب مؤلف موصوف نے چھوٹے بچوں اور مبتدی حضرات کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی ہے، جس میں ہر مسئلہ کو سوال جواب کی شکل میں تحت اللفظ ترجمہ کے ساتھ، درسی انداز میں لکھا ہے۔ یہ کتاب بنیادی اسلامی عقائد، چھ کلمے، مسائل طہارت، مسائل نماز، ادعیۂ مسنونہ، خطبۂ نکاح، خطبۂ جمعۃ المبارک پر مشتمل ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مؤلف کی اس محنت کو قبول فرمائیں اور قارئین کے لیے اس کتاب کو ہدایت کا ذریعہ بنائیں۔ آمین

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین