بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

تاریخِ مسنون تراویح مفتی جواد احمد شاہ منصوری، صفحات: ۱۵۰۔ قیمت: درج نہیں۔ اسٹاکسٹ: مکتبۃ الشیخین، محلہ الحق آباد، شاہ منصور، ضلع صوابی۔ زیرِتبصرہ کتاب میں رمضان کی راتوں کے مسنون عمل ’’تراویح‘‘ کی چودہ سو سالہ تاریخ‘ احادیثِ صحیحہ، اقوالِ صحابہؓ، تابعینؒ اور تبع تابعینؒ اور فقہاء کے اقوال کی روشنی میں مرتب کی گئی ہے، جس کے چیدہ چیدہ عنوانات درج ذیل ہیں: نبی اکرم a اور قیامُ اللیل، جماعتِ تراویح اور بیس رکعات عہدِ نبوی میں، بیس محدثین کی رائے گرامی، عہدِ فاروقی اور رکعاتِ تراویح، عہدِ عثمانی، علوی اور تراویح، دیگر صحابہ کرامؓ اور تراویح، تابعین کرامؒ اور تراویح، ائمہ اربعہؒ    کا مسلک، فقہاء کرامؒ اور تراویح ، وغیرہ۔ کتاب اپنے مضمون کے اعتبار سے بہت جامع اور تحقیقی معلومات پر مشتمل ہے۔ اہلِ تحقیق حضرات کے لیے معاون اور عامۃ الناس کے لیے بے حد مفید ہے۔ البتہ کتاب کا کاغذ اور طباعت کتاب کے شایان شان نہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مرتب اور ناشر کی اس سعی اور محنت کو قبول فرمائیں۔ اُسوۃ المعلّمین مولانا ابوشعیب محمد اصغر۔ صفحات: ۱۲۸۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عثمانیہ، ۵-اے ، ایچ سی ایریا، گلستانِ جوہر، بلاک نمبر۹ ، کراچی۔ زیرتبصرہ کتاب ’’اُسوۃ المعلّمین‘‘ قاعدہ، ناظرہ اور تجوید کے مدرسین کی راہنمائی کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ کتاب کے مرتب مولانا ابوشعیب محمد اصغر جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کے فارغ التحصیل اور یادگارِ اسلاف اُستاذ المحدثین حضرت مولانا سلیم اللہ خان قدس سرہٗ کے تلمیذ رشید اور جمعیت تعلیم القرآن ٹرسٹ سے وابستہ ہیں۔ موصوف نے کئی بار حفاظ، قراء اور علمائے کرام کو نورانی قاعدہ پڑھانے کے کورسز کرائے ہیں۔ انہیںکورسز میںپڑھائے گئے قواعد اور قراء ت کے بنیادی مضامین کو اس کتاب میں جمع کیا گیا ہے۔ تجوید سے شغف رکھنے اور محبت کرنے والوں اور قاعدہ و ناظرہ پڑھانے والوںکے لیے بہت ہی معین ومددگار ہے۔ کتاب کی ترتیب، اشاعت، کاغذ اور طباعت عمدہ ہے۔ اُمید ہے کہ اس کتاب کی قدرافزائی کی جائے گی۔ نبی اکرم a کی صورت اور سیرت حضرت مولانا حکیم محمد عمر فاروق قریشی۔ صفحات: ۲۴۰۔ قیمت: ۲۶۰۔ ملنے کا پتہ: ۷۲؍ میڈیم ریجمنٹ، آرٹلری، پنوعاقل ، کینٹ زیرِتبصرہ کتاب جیسا کہ نام سے ظاہر ہے حضور اکرم a کے جمال اور کمال پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کے مصنف ماشاء اللہ دارالعلوم کبیروالا کے فاضل اور جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے متخصص اور کئی علمی کتابوں کے مصنف ہیں۔ یہ کتاب بظاہر تو مختصر لیکن دریا بکوزہ کی مصداق ہے۔ حضور اکرم a کی سیرت، خاندانِ نبوت کی خواتین، سنت سے ماخوذ کامیاب زندگی کے اصول، نبی کریم a کی صورت کے ساتھ ساتھ اور بہت سارے مضامین کو عمدہ اسلوب سے اس کتاب میں سمویا گیا ہے، خاص کر حضور a کے غزوات اور سرایا کو جدول (نقشہ)کی شکل میں پیش کیا گیا ہے، جس سے قاری کو سمجھنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔ یہ کتاب علمائے کرام اور عام مسلمانوں کے لیے ایک عمدہ سوغات ہے۔ عسکری فقہی مسائل اور اُن کا حل حضرت مولانا حکیم محمد عمر فاروق قریشی۔ صفحات: ۲۵۶۔ قیمت: ۲۸۰۔ ملنے کا پتہ: ۷۲؍ میڈیم ریجمنٹ، آرٹلری، پنوعاقل ، کینٹ یہ کتاب جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، فقہی مسائل اور ان کے حل پر مشتمل ہے ، خصوصاً فوجی حضرات کے مسائل کو اس کتاب میں خاص جگہ دی گئی ہے جو اس کتاب کی انفرادیت ہے۔ کتاب کے مؤلف ماشاء اللہ! ذی استعداد عالم اور فوج میں باقاعدہ خطیب ہیں، جنہوں نے ان مسائل کو قریب سے دیکھا ہے اور انہیں فقہ حنفی کی روشنی میں حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ سوالات کے جوابات میں بے جا طوالت سے حتیٰ الامکان گریز کیا گیا ہے۔ یہ کتاب‘ طہارت، صلوٰۃ، زکوٰۃ، نکاح، طلاق، نذر، حج وعمرہ، جہاد، بیوع، حظرواباحت اور احکامِ میت جیسے عنوانات پر مشتمل ہے۔ امید ہے کہ تمام فوجی بھائی دینی راہنمائی کے حصول کی غرض سے اس کتاب کو ضرور اپنے پاس رکھیں گے۔ کتاب کا کاغذ اور طباعت عمدہ ہے۔ اسلام کا نظامِ مساجد مولانا ظفیرالدین صاحب۔ پیش لفظ: مولانا سید مناظر احسن گیلانیv۔ صفحات: ۲۵۲۔ قیمت: فہرستِ کتب ملاحظہ فرمائیں۔ ناشر:مکتبۃ البشریٰ، کراچی۔ زیرتبصرہ کتاب ’’اسلام کا نظامِ مساجد‘‘ آج سے تقریباً ستر سال پہلے لکھی گئی تھی، جس کا پیش لفظ اس وقت مولانا مناظر احسن گیلانی قدس سرہٗ نے لکھا تھا۔ اس کتاب میں اسلام کے نظام مساجد کے تمام گوشوں پر مکمل اور عمدہ بحث قرآن وسنت کی روشنی میں کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے ’’مکتبۃ البشریٰ‘‘ کے اربابِ حل وعقد کو جنہوںنے خوبصورت انداز اور عمدہ اسلوب میں اس کتاب کو طباعت کے زیور سے آراستہ کیا ہے۔ یہ کتاب تمام مسلمانوں کے لیے عموماً اور مسجد سے منسلک حضرات کے لیے خصوصاً ہدایت وراہبری کا ذریعہ ہے۔ امید ہے کتاب سے خاطر خواہ نفع اُٹھایا جائے گا۔  مجموعہ درود شریف مع داستانِ عاشقانِ مصطفی  ؐ محمد ثاقب صدیقی ایم  اے۔ صفحات: ۳۲۰۔ قیمت : ۵۰۰ روپے۔ ناشر: اوصاف پبلی کیشنز کراچی۔ حضور اکرم a پر صلوٰۃ واسلام اللہ تبارک وتعالیٰ اور اس کے ملائکہ بھیجتے ہیں، اہل ایمان کو بھی حکم ہے کہ وہ بھی حضور اقدس a پر صلوٰۃ وسلام بھیجا کریں۔حضور اکرم a نے بھی اس کی تاکید اور اس پر مرتب ہونے والے اجروثواب کو بیان فرمایا ہے۔ اس لیے علمائے کرام اور نیک دل لوگ کثرت سے درود شریف پڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کے مختلف صیغوں اور درود شریف کے مجموعے بھی مرتب کرتے آئے ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب میں بھی مختلف درود شریف کو جمع کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ مستند ومعتبر، مصدقہ اور سچے واقعات پر مشتمل علمائے کرام ومشائخ عظام اور نیک بندوں کے ۲۰۰ سے زائد خوابوں کو بھی اس کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مرتب کی اس سعی وکوشش کو قبول فرمائیں۔ کتاب کا کاغذ بہت ہی عمدہ ہے، لیکن اس کی کمپوزنگ اور جلد بندی معیاری نہیں۔ ارشادُ المعلّمین الیٰ تعلیم القرآن الکریم قاری سید محمد مسلم رحیمی صاحب۔ صفحات: ۱۰۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ رشیدیہ سرکی روڈ، کوئٹہ۔ بچوں کو قرآن کریم پڑھانا چاہے حفظ ہو یا ناظرہ، ایک صبر آزما کام اور بہت بڑا مجاہدہ ہے۔ جب تک ایک مدرس کے سامنے اپنے اساتذہ اور بزرگوں کی ترتیب اور طریقۂ تدریس سامنے نہ ہو، اس وقت تک کوئی مدرس کامیاب نہیں ہوسکتا۔ زیرِتبصرہ کتاب میں مؤلف موصوف نے اپنے اکابر اور بزرگوں کے تجربات وواقعات اور ان کے فرمودات کو اس کتاب میں خوبصورت طریقے سے جمع کیا ہے۔ البتہ مؤلف کی اردو کمزور ہے، جس کی بناپر عبارت میں عجیب قسم کی اُلجھن پیدا ہوتی ہے۔ بہتر ہوتا کہ کسی اردو جاننے والے سے اس کا مسودہ ایک بار پڑھوالیا جاتا۔ بہرحال کتاب مدرسین اور طلبہ کے لیے بے حد مفید ہے۔ معارفِ قربانی جناب مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب۔ صفحات: ۱۵۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ اشاعت اسلام مانچسٹر ۔ پاکستان میںملنے کا پتہ: صدیقی ٹرسٹ ۴۵۸، گارڈن ایسٹ، نزد لسبیلہ چوک کراچی حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب موفق من اللہ ہیں، جن کے فیض قلم سے کئی عمدہ کتابیں مثلاً: سیرتِ سیدنا ابوبکر صدیقؓ، سیرتِ سیدنا عمرؓ، سیرتِ سیدنا عثمانؓ، سیرتِ سیدنا علی المرتضیٰؓ، خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمہؓ، سیرتِ سیدنا ابوہریرہ sمنصہ شہود پر آچکی ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب ’’معارفِ قربانی‘‘ بھی آپ کی نئی تالیف ہے، جس میں ’’قربانی کی تاریخ، قربانی کی اہمیت، قربانی کی حقیقت، قربانی کی فضیلت، قربانی نہ کرنے کا نقصان، قربانی کا عام ہونا، حضور خاتم النبیین (a) کی طرف سے قربانی کا اہتمام، قربانی کے احکام ومسائل، عشرۂ ذوالحجہ کے فضائل، ایامِ قربانی، قربانی حضرت اسماعیل m کی یا حضرت اسحاق m کی، قربانی پر اعتراضات اور ان کے جوابات‘‘ جیسے مضامین عام فہم اور سہل انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔ امیدہے کہ مطالعہ کا ذوق رکھنے والے احباب اس کتاب کی قدرافزائی فرمائیں گے۔  پڑھنے میں آگے بڑھنے کا راز محمد سعد رفیق گاڈت۔ صفحات: ۲۱۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کراچی۔ زیرِتبصرہ کتاب دراصل ایک عرب عالم شیخ محمد راشد دیماس کی کتاب ’’أسرارالتفوق الدراسی‘‘ کا اردو ترجمہ ہے جسے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے درجہ سادسہ کے طالب علم محمد سعد نے عربی سے اردو کے قالب میں ڈھالا ہے، جس میں طلبہ کے پڑھنے کا انداز، سبق کی تیاری کا طریقہ اور امتحانات میں بہترین کارکردگی کے راہنما خطوط ملتے ہیں۔ مترجم چونکہ ابھی اس میدان میں نووارد ہیں ، اس لیے اردو تراکیب میں کہیں کہیں جھول اور عبارت کی صحیح ترجمانی میں کمی محسوس ہوگی، قطع نظر اس کے کہ یہ کتاب اسکول، کالج اور دینی مدرسہ کے طلبہ کے لیے بہت ہی مفید ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو قارئین کے لیے مفید سے مفید تر بنائے، آمین المختصر فی الفقہ الحنفی (ترجمہ بہشتی زیور) حکیم الامت شیخ اشرف علی تھانویؒ۔ عربی ترجمہ: شیخ ریاست علی۔ صفحات: ۴۳۴۔ قیمت: فہرست مکتبۃ البشریٰ ملاحظہ فرمائیں۔ ناشر: مکتبۃ البشریٰ کراچی حکیم الامت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی نور اللہ مرقدہٗ سے اللہ تبارک وتعالیٰ نے جس قدر کام لیا، اس کی قریب قریب زمانہ میں مثال نہیںملتی۔ آپ نے بہشتی زیور لکھ کر اُمت کی جس قدر راہنمائی فرمائی وہ اپنی جگہ ایک تجدیدی کارنامہ ہے۔ اگرچہ یہ کتاب خواتین کے لیے لکھی گئی تھی، مگر اس کی ثقاہت واستناد اور جامعیت کے پیش نظر جہاں مرد اُس کی اہمیت وافادیت سے مستفید ہوتے رہے، وہاں اہل علم، علماء اور بڑے بڑے مفتیان کرام بھی اس سے مستغنی نہیں رہے۔ چونکہ یہ کتاب حضرت نے اردو میں تصنیف فرمائی تھی، جس سے اردو دان طبقہ تو برابر مستفید ہورہا تھا، لیکن عالم عرب اس سے فائدہ اُٹھانے سے قاصر تھا۔ عالم عرب کو اس کتاب سے مستفید اور نفع یاب کرنے کی خاطر ’’مکتبۃ البشریٰ‘‘ نے کمر ہمت باندھی اور مدرسہ ابن عباسؓ کے استاذ حضرت مولانا ریاست علی صاحب کو اس کام پر لگایا، جنہوںنے بہت عمدہ اسلوب اور عام فہم عربی زبان میں اس کو ڈھالا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ان سب حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوںنے فرضِ کفایہ کا کردار ادا کرتے ہوئے اس کام میں پہل کی۔ ہمارے اکابر نے جتنا اردو میں دینی وعلمی کام کیا ہے، اللہ کرے کہ وہ سب کام عربی اور دوسری زبانوں میں بھی ڈھلنا شروع ہوجائے، تاکہ اس کا نفع عام وتام ہو، اس کتاب میں درج ذیل کام کیا گیا: ۱:… صرف مسائل فقہیہ کا عربی ترجمہ کیا گیا ہے، دیگر فوائد کو نہیں لیا گیا۔ ۲:… آیاتِ قرآنیہ اور احادیثِ نبویہ کی تخریج کی گئی ہے۔۳:…کتاب میں ایک باب سے متعلق متفرق مقامات پر پھیلے ہوئے مسائل کو ایک باب میں یکجا کیا گیا ہے۔ ۴:… مشکل الفاظ پر اعراب اور حرکات لگائی گئی ہیں۔ ۵:… مشکل الفاظ کا ترجمہ حواشی میں دیا گیا ہے۔ ۶:… املاء کے قواعد اور علاماتِ ترقیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ۷:… اصل کتاب میں مؤنث کے صیغے استعمال کیے گئے تھے، عربی ترجمہ میں انہیں مذکر کے صیغوں میں بدلا گیا ہے۔ ۸:… اصل کتاب میں کبھی ایک مسئلہ کے بیان میں متعدد مسائل کو ذکر کیا گیا ہے، تو ایسے مقام پر اُن کو الگ الگ کردیا گیا ہے۔ ۹:… جس مسئلہ میں کچھ شروط اور صورتوں کو ذکر کیا گیا تھا، انہیں ترتیب وار نمبرلگادیئے گئے ہیں۔  ۱۰:… اصل کتاب میں بعض مسائل مختلف صورتوں کی طرف تقسیم کیے بغیر بیان کیے گئے تھے، انہیں تقسیم کے انداز میں مختلف صورتوں میں بیان کردیا گیا۔ ۱۱:… بعض مقامات پر کتب فقہ سے مثالوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ۱۲:… بعض ابواب کی ترتیب میں تقدیم وتاخیر کی گئی ہے۔ ۱۳:… بعض فقہی اصطلاحات کے لیے نئے حواشی قائم کیے گئے ہیں اور پہلے سے موجود حواشی کا بھی عربی ترجمہ کردیا گیا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مکتبۃ البشریٰ کے ذمہ داران کو جزائے خیر عطا فرمائے، جنہوںنے ہر اعتبار سے اس کتاب کو عمدہ اور اعلیٰ انداز میں شائع کیا۔ اللباب فی شرح الکتاب (عربی) شیخ عبدالغنی الغنیمی المیدانی۔ صفحات: ۶۱۴۔ قیمت: فہرستِ مکتبۃ البشریٰ ملاحظہ فرمائیں۔ ناشر: مکتبۃ البشریٰ، کراچی یہ دین اللہ تعالیٰ کا ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ اپنے دین کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ قرآن کریم کے الفاظ کی حفاظت کے لیے حفاظ وقرائ، معانی کی حفاظت کے لیے علمائے کرام، احادیث کے لیے محدثین، علم کلام کے لیے متکلمین، الغرض یہ دین سوا چودہ سو سال سے محفوظ چلا آرہا ہے اور قیامت تک ان شاء اللہ! محفوظ ہی رہے گا۔  ایک وقت تھا کہ ہمارے ہندوپاک اور برصغیر میں بیروت کی طبع شدہ کتب کو بڑی وقعت اور اہمیت کی نظر سے دیکھا جاتا تھا، اس لیے کہ وہ ہر اعتبار سے کتابوں کو خوبصورت اور اعلیٰ معیار پر چھاپتے تھے، لیکن اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے ’’مکتبۃ البشریٰ‘‘ کے ذمہ داران کو جنہوںنے بلامبالغہ بیروت کے معیار کو سامنے رکھتے ہوئے عمدہ انداز میں کتابوں کو چھاپنا شروع کیا اور میری معلومات کے مطابق پاکستان کی حد تک خوبصورت کتب چھاپنے میں ان کا پہلا نمبر ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ انہیں مزید توفیق دے کہ وہ اس طرح قدیم کتابوں کو اعلیٰ معیار پر لے آئیں۔ زیرِتبصرہ کتاب دو کتابوں ’’مختصر القدوری‘‘ اور اس کی شرح ’’اللباب‘‘ کا مجموعہ ہے، جسے جدید انداز سے مُلَوَّن طبع کیا گیا ہے، اور مکتبہ بشریٰ کے ذمہ داران نے اس میں درج ذیل کام کیا ہے: ۱:…اس مجموعہ میں ’’مختصر القدوری‘‘ کا متن ایچ ایم سعید کمپنی کے نسخہ سے اوراس کی شرح ’’اللباب‘‘ کو دارالبشائر الاسلامیہ بیروت کے نسخہ سے لیا گیا ہے۔ ۲:… کتاب میں موجود غلطیوں کی متعدد نسخوں کو سامنے رکھ کر تصحیح کی گئی ہے۔ ۳:… اصل متن کی غلطی کو یا تو تبدیل کردیا گیا ہے یا بریکٹ میں اس کی وضاحت کردی گئی ہے۔ ۴:… متن کو صفحہ کے اوپر اور شرح ’’اللباب‘‘ کو نیچے دیا گیا ہے۔ ۵:…متن میں مذکور آیاتِ قرآنیہ اور احادیثِ نبویہ کو سرخ رنگ میں کیا گیا ہے۔ ۶:… قواعدِ املاء اور علاماتِ ترقیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ۷:… طلبہ کے لیے مشکل الفاظ پر اعراب لگایا گیا ہے۔ ۸:… قرآنی آیات کا نمبر اور ان کی سورتوں کا نام بھی درج کیاگیا ہے۔ امید ہے کہ باذوق حضرات اس کتاب کی خریداری میں بخل سے کام نہیںلیں گے۔ تحفۂ دولہا مولانا محمد حنیف عبدالمجید۔ صفحات: ۴۰۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ بیت العلم، کراچی زیرِتبصرہ کتاب میں مختلف اصلاحی مضامین کو یکجا کیا گیا ہے، خاص طور پر ’’مرد پر شوہر ہونے کی حیثیت سے عائد ہونے والی اسلامی ذمہ داریوں کی نشاندہی ۔۔۔۔۔۔ بیوی کے حقوق ادا کرنے کی ترغیب ۔۔۔۔۔۔ بیوی سے سدا نبھانے کے اصول ۔۔۔۔۔۔ بیوی سے محبت ۔۔۔۔۔۔ بیوی کی قدر ۔۔۔۔۔۔ اس کے ساتھ حسن سلوک ۔۔۔۔۔۔ اس کی خامیوں سے درگزر کی لطیف ترکیبیں ۔۔۔۔۔۔ اپنی بیوی کو اللہ تعالیٰ کی نافرمانیوں سے بچانے ۔۔۔۔۔۔ اسی طرح میاں بیوی، ساس بہو، نند بھابی کے مابین کشیدگی اور اس کی قسم کی تمام پریشانیوں اور غموں سے نجات پانے کے لیے مسلّم نفسیاتی اصول ‘‘بیان کیے گئے ہیں۔ پیش نظر نسخہ اس کتاب کا جدید اور نظر ثانی شدہ ایڈیشن (۲۰۱۲ئ)ہے جو باطنی خوبیوں کے ساتھ ظاہری خوبیوں سے بھی آراستہ وپیراستہ ہے، کتاب کا ٹائٹل جاذب نظر، کاغذاعلیٰ ، کمپوزنگ اور سیٹنگ عمدہ ہے۔ جمالِ مصطفی a(احادیث شمائل کا منظوم ترجمہ) حضرت مولانا قاری عبدالسلام مضطرہنسوری۔ صفحات: ۱۰۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:مکتبہ حکیم الامت، کمرشل ایریا، ناظم آبادنمبر۲، کراچی وہ روایات واحادیث جن میں صحابہ کرامa نے نبی کریم a کا حلیۂ مبارکہ بیان فرمایا ہے، انہیں احادیث ِ شمائل کہاجاتا ہے۔ امام ترمذیv نے سنن ترمذی میں ’’باب شمائل النبیؐ    ‘‘ کے نام سے ان تمام روایات کو تقریباً یکجا کردیا ہے۔ عربی میں شمائلِ نبویہ کی دسیوں کتب اور شروحات لکھی گئی ہیں، جن میں چند ایک منظوم شروحات کا ذکر بھی ملتا ہے۔ اُردو میں بھی متعدد شروح اور سیرت کی کتب میں مستقل ابواب اس موضوع پر لکھے گئے ہیں۔  زیرِتبصرہ کتاب بنام’’جمالِ مصطفی a‘‘ احادیثِ شمائل کا منظوم (شعری) ترجمہ ہے۔ مصنف موصوف نے انتہائی احتیاط کے ساتھ حتیٰ الامکان احادیث کے الفاظ کو من وعن اپنے حقیقی مفہوم کے ساتھ اردو کے منظوم قالب میں ڈھالنے کی کوشش کی ہے، خود فرماتے ہیں: ولیکن مدت سے تقاضا ہے مرے دل کا کہ لفظی ترجمہ کردوں ’’احادیث شمائل‘‘ کا تغزُّل ہو تصنع ہو نہ کچھ رنگیں بیانی ہو عباراتِ حدیث پاک کی بس ترجمانی ہو حضرت مولانا ابوالحسن علی ندویv کے بقول: ہمارے علم کے مطابق ’’اردو میں شمائل کا پہلا منظوم ترجمہ‘‘ ہونے کی سعادت اسی کتاب کو حاصل ہے۔ کتاب کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ ہر شعر کے نیچے حاشیہ میں متعلقہ حدیث کا متن باحوالہ درج کردیا گیا ہے۔ اس طرح یہ کتاب نظم کی چاشنی کے ساتھ ساتھ تحقیق کی صلابت سے بھی مزین ہے۔ پہلے یہ کتاب ’’حلیۂ نبی اکرم a‘‘ کے نام سے کئی بار ہندوستان سے اور ’’جمالِ مصطفی a‘‘ کے نام سے پاکستان میں شائع ہوچکی ہے۔ اب اسی نام سے مکتبہ حکیم الامت ناظم آباد کراچی نے انتہائی محبت وعقیدت کے ساتھ خوبصورت ٹائٹل، دیدہ زیب ڈیزائننگ کے ساتھ عمدہ اور اعلیٰ کاغذ میں شائع کی ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنف، ناشر اور قارئین کے لیے شفاعتِ نبوی کا ذریعہ بنائے۔ آمین راحت پانے والے تالیف: ابراہیم بن عبداللہ الحازمیؒ۔ ترجمہ: مولاناعبدالماجد۔ ترتیب وتصحیح: مولانا محمد وصی فصیح ۔ صفحات: ۱۶۵۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ بیت العلم، اردو بازار، کراچی زیرِ تبصرہ کتاب ’’راحت پانے والے‘‘ ایک عربی کتاب ’’الفرج بعد الشدۃ‘‘ جلد دوم کا اردو ترجمہ ہے، جو شیخ ابراہیم بن عبداللہ الحازمی کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب کا تیسرا حصہ ہے، اس کتاب کے پہلے دو حصے ’’پریشانی کے بعد راحت‘‘ اور ’’راحت حاصل کیجیے‘‘ کے نام سے مکتبہ بیت العلم سے شائع ہوچکے ہیں۔ اس کتاب میں مصیبتوں اور پریشانیوں میں گھرے ہوئے ان لوگوں کے واقعات بیان کیے گئے ہیں جنہوں نے نیکی، صلاح اور مسنون اعمال کی بدولت مصائب اور پریشانیوں سے نجات حاصل کی۔ ترجمہ کے ساتھ ساتھ کتاب کی افادیت وتسہیل کے لیے درج ذیل اضافہ جات بھی کیے گئے ہیں: ۱:… اعمال کی طرف راغب کرنے والے عناوین۔ ۲:… ہر واقعہ کی مناسبت سے مستند مسنون اعمال اور دعائیں۔ ۳:… مسنون اعمال اور مفید اضافہ جات کو نمایاں اور واضح لکھنے کا اہتمام۔ کتاب کا ٹائٹل خوبصورت، کاغذ اعلیٰ، طباعت رنگین، سیٹنگ اور تصحیح معیاری ہے۔ غرضیکہ کتاب ظاہری وباطنی ہراعتبار سے قابل تعریف ہے۔  کتاب کو پڑھ کر ان شاء اللہ! پریشان حال کو دلی تسلی ہوگی، پریشانی سے نجات دینے والے اعمال کی طرف راہنمائی ملے گی۔ اللہ تعالیٰ اس کتاب کے مصنف، مترجم، مصحح، ناشر اور قارئین کے لیے دین ودنیا دونوں میں نافع بنائے۔ آمین

۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین