بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

نقد و نظر

 

قصص القرآن (مکمل دو جلدیں)     مولانا محمد حفظ الرحمن سیوہارویؒ۔ صفحات: جلد اول(دو حصے)۸۶۰۔ جلددوم: (دو حصے) ۹۰۲۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ البشریٰ،زیڈ۳، اوورسیزبنگلوز، گلستانِ جوہر، کراچی۔     بعض کتب ایسی ہوتی ہیں کہ خود لکھنے والے کو اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ اس قدر مقبولیت کی معراج تک پہنچ جائیں گی۔ من جملہ ان کتب میں حضرت مولانا محمد حفظ الرحمن سیوہاروی قدس سرہٗ کی زیرتبصرہ کتاب ’’قصص القرآن‘‘ بھی ہے۔ بلامبالغہ کئی کتب خانوں اور اداروں نے باربار اس کو چھاپا، لیکن اس کی مانگ اور طلب ابھی تک ماند نہیں پڑی۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مکتبۃ البشریٰ کے احباب اور کارپردازان کو جزائے خیر عطا فرمائے کہ انہوں نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے اس کی کمپوزنگ وکتابت کرائی اور زرِ کثیر صرف کرکے ملون اس کی طباعت کا اہتمام کیا، جس شان وشوکت سے یہ کتاب منصہ شہود پر لائی گئی ہے، بہتر ہوتا کہ ادارہ کی طرف سے اس میں کچھ نئے کام اور اضافہ کا بھی مختصر تعارف کرایا جاتا۔ کتاب ہر اعتبار سے عمدہ، جاذب نظر اور خوبصورتی کا مرقع ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ناشرین اور قارئین کے لیے اس کو مفید اور آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے۔  امام اعظم ابوحنیفہv کا شرفِ تابعیت مولانا حافظ ظہور احمد الحسینی۔ صفحات: ۲۳۰۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: مدرسہ عربیہ حنفیہ تعلیم الاسلام، محلہ زاہد آباد، حضرو، اٹک۔  زیرتبصرہ کتاب ’’امام اعظم ابوحنیفہv کا شرفِ تابعیت‘‘ میں جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، امام ابوحنیفہv کی تابعیت کے اثبات میں تالیف کی گئی ہے۔ اس کتاب میں تابعیت کی فضیلت کو قرآن کریم اور احادیث نبویہ کی روشنی میں اُجاگر کیا گیا ہے اور محدثین کے حوالہ سے تابعی کی تعریف نقل کی گئی ہے۔ پھر اس تعریف کی روشنی میں امام اعظمv کی تابعیت کے دلائل کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے اور کتاب کے آخر میں امام اعظم ابوحنیفہv کی تابعیت کے خلاف غیر مقلدین حضرات کی طرف سے پھیلائے گئے شکوک وشبہات کا تحقیقی جائزہ لیا گیا ہے۔ اس کتاب کے شروع میں رئیس المحدثین حضرت مولانا سلیم اللہ خان قدس سرہٗ کی تقریظ اس کتاب کی ثقاہت کی واضح دلیل ہے۔ کتاب کا کاغذ، کتابت، طباعت خوب تر ہے۔ ساعتے بااہلِ حق افادات وارشادات: شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق دامت فیوضہم۔ مذاکرہ واستفسارات: حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب مدظلہٗ۔ ضبط وترتیب: مولانا حبیب اللہ حقانی صاحب۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ۔ زیرتبصرہ کتاب ’’ساعتے بااہلِ حق‘‘ میں دو عظیم المرتبت شخصیات کی علمی، روحانی، فکری اور ادبی مجالس کا حسین گلدستہ ہے، جو علمائ، صلحاء اور اولیاء کے تذکرے، جدید وقدیم کتب پر تبصرے، جہاد وقتال، دعوت وتبلیغ، تصنیف وتالیف، مطالعۂ کتاب اور قلم وقرطاس جیسے کئی اہم موضوعات پر مشتمل علمی خزانہ ہے۔ ادب و تاریخ اور قلم وتحریر سے تعلق رکھنے والے اہل علم کے لیے نہایت عمدہ سوغات ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ دونوں حضرات کی زندگیوں میں برکت عطا فرمائے اور ان کے علمی وروحانی فیوضات سے اُمت کو مستفید فرمائے۔  قادیانی تفاسیر کا تحقیقی وتنقیدی جائزہ ڈاکٹر محمد عمران صاحب۔ صفحات: ۳۵۲۔ قیمت: ۲۵۰ روپے۔ ناشر: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان، حضوری باغ روڈ، ملتان برصغیر میں انگریز نے جہاں اور فتنے پھیلائے، وہاں اس نے قادیانیت کی بھی تخم ریزی کی اور اُسے خوب آب ودانہ سے نواز کر یہودیت کی اس معنوی اولاد کو دجل وفریب کے میدان میں کھلا چھوڑدیا، جس کی وجہ سے مسلمانوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ قادیانیت کسی مذہب کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک سیاسی گروہ ہے جو مسلمانوں میں گھس کر مغرب کے لیے جاسوسی کا کام کرتا ہے اور بقول شہیدِ اسلام حضرت لدھیانویv کے ہر قادیانی حضور اکرمa کی دشمنی کی چلتی پھرتی تصویر کا نام ہے۔ ان لوگوں نے اپنے دجل وفریب سے اسلام کی کسی اصطلاح اور کسی شعار کو نہیں بخشا، اسی طرح قرآن وحدیث میں دجل وفریب اور تحریف کے نشتر بھی چلائے۔  اللہ تبارک وتعالیٰ جزائے خیر دے ڈاکٹر محمد عمران صاحب کو کہ انہوں نے قادیانی تفاسیر خواہ چھوٹی ہوں یا بڑی سب کو سامنے رکھ کر ان کی تحریفات اور تلبیسات کو واضح کرکے اُمتِ مسلمہ کی طرف سے فرضِ کفایہ ادا کردیا ہے۔ اس طرح کا جامع کام قادیانی تفاسیر کے حوالہ سے پہلی دفعہ منصہ شہود پر آیا ہے۔ امید ہے اس کی قدر افزائی کی جائے گی۔ تحفۃ الملوک فی فقہ مذہب الامام ابی حنیفۃ النعمانؒ زین الدین محمد بن ابی بکر بن عبدالقادر الجزائری (صاحب مختار الصحاح)۔ تحقیق وتعلیق: عبداللہ نذیر احمد مزی۔ ترجمہ واضافہ جات: مولانا مفتی مسیح اللہ صاحب، مولانا کفایت اللہ صاحب۔ صفحات: ۲۴۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر : مکتبہ معہد عثمان بن عفان، ۲۵-۲۸/۴۱،۳۶بی، لانڈھی، کراچی ’’تحفۃ الملوک‘‘ فقہ حنفی کا ایک مختصر سا متن ہے، جس میں بچوں کی نفسیات اور ان کے مزاج کو پیش نظر رکھ کر مسائل فقہیہ کو مرتب انداز سے پیش کیا گیا ہے۔پھر مؤلفِ کتاب نے اس متن میں فقہ کے تمام ابواب کے مسائل ذکر نہیں کیے، بلکہ صرف دس ابواب سے متعلق مسائل ذکر کیے ہیں: ’’۱:… طہارت، ۲:… نماز، ۳:… زکوٰۃ، ۴:… رزہ، ۵:… حج، ۶:… جہاد، ۷:… شکاراور ذبائح، ۸:… کراہیت، ۹:… فرائض یا میراث، ۱۰:… کسب اور آداب۔ ‘‘ اس کتاب کی مخصوص خصوصیتوں میں سے چند خصوصیتیں یہ ہیں:طلبہ کی تربیت اور ان کی تہذیب وتادیب کی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔فقہی مواد کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہے۔معروف اقوال وروایات پر مبنی ہے۔ ضروری تمام مسائل کو حاوی ہے۔ حسنِ ترتیب کو اس میں ملحوظ رکھا گیا ہے۔ مبتدی طلبہ کی رعایت کرتے ہوئے بہت آسان تعبیر اختیار کی گئی ہے۔ بنیادی طور پر یہ کتاب عربی میں چلی آرہی تھی، اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے معہد عثمان بن عفان کے اساتذہ کو کہ انہوں نے اس نادر کتاب کو اردو کے سانچے میں ڈھال کر اردو دان طبقے کے لیے اس کو آسان کردیا۔ اللہ تعالیٰ اس کے ناشرین اور جملہ معاونین کی مساعی کو قبول فرمائے اور امت کے لیے اس کتاب کو ہدایت وراہنمائی کا ذریعہ بنائے۔ خاتونِ جنت بنت رسول فاطمۃ الزہراء t خطیب آلِ محمد ریاض انور گجراتی۔ صفحات: ۸۳۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: اسلامی کتاب گھر، فاروق گنج گوجرانوالہ حضرت مولانا محمد ریاض انور گجراتی مدظلہٗ جو حضرت مولانا سرفراز خان صفدر قدس سرہٗ کے شاگرد رشید ہیں، انہوں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے تفصیلی حالات، واقعات اور فضائل ومناقب کو بڑی محنت اور کاوش کرکے اُمہات الکتب کے علاوہ کئی متداول کتب کی ورق گردانی کرکے بمع حوالہ قلم بند کیے ہیں، جو اُن کے تحقیقی ذوق اور اہل بیت اطہارؓ کے ساتھ دلی محبت اور عقیدت وارادت کا اظہار ہے۔ نام سے تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ صرف حضرت فاطمہ t کے بارہ میں یہ کتاب تحریر کی گئی ہے، لیکن پڑھنے سے پتہ چلتا ہے کہ حضرت فاطمہ t کی تینوں بڑی بہنوں اور حضور اکرمa کی صاحبزادیوں کا بھی تفصیل سے تذکرہ ہے۔ کتاب کے شروع میں حضراتِ اکابر کی تقریظات اس کتاب کی ثقاہت کی بین دلیل ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں ان مقدس ہستیوں کے نقش پا کی اتباع کی توفیق عطا فرمائے۔ خطباتِ انوارِ حق شیخ الحدیث حضرت مولانا حافظ انوار الحق دامت برکاتہم۔ صفحات: ۳۰۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ۔ حضرت مولانا انوار الحق صاحب دامت برکاتہم جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے شیخ الحدیث اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نائب صدر ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کو تقریر اور تحریر کا خوب خوب ملکہ عطا فرمایا ہے۔ آپ کے الفاظ بظاہر مختصر، لیکن معنی اور مطالب کے اعتبار سے پر اثر ہوتے ہیں۔ آپ کی تحریر ہو یا آپ کا چھپا ہوا کوئی بیان‘ قاری ایک بار شروع کردے تو جب تک ختم نہ کرلے اس کو چین نہیں آتا۔ زیرِتبصرہ کتاب آپ کے خطبات کا مجموعہ ہے، جس میں توبہ اور اس کے فضائل، ایمان اور عمل صالح کا تلازم، دنیا کی حقیقت، مال واولاد کا فتنہ، کسب مال میں اعتدال، رزقِ حلال کی فضیلت، عفو ودرگزر، تواضع وعبدیت، زبان کی حفاظت، اصلاحِ معاشرہ اور حقوق العباد جیسے تقریباً ۳۲اہم موضوعات پر آپ نے گفتگو فرمائی ہے، جسے آپ کے مخلص احباب نے قلم بند کرکے کتابی صورت میں چھاپ کر ہم سب تک پہنچانے کا انتظام کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے القاسم اکیڈمی کے کارپردازان اور احباب کو جو اپنے بزرگوں کی علمی میراث کو اُمت تک پہنچانے میں ہمیشہ سباق للخیرات کا اعزاز حاصل کرتے رہتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں یہ حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی دامت برکاتہم کی تربیت اور اخلاص کا اثر ہے کہ ان کا یہ ادارہ روز بروز ترقی کے منازل طے کررہا ہے۔ اللّٰہم زد فزد۔

۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین