بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

مولانا ہارون الرشید ارشدؒ کی رحلت!

مولانا ہارون الرشید ارشدؒ کی رحلت!

    ۲؍جمادی الاولیٰ ۱۴۳۷ھ مطابق ۱۱؍فروری ۲۰۱۶ء بروز جمعرات، جامعہ یوسفیہ بنوریہ کے شیخ الحدیث، جامعۃ الراشدات کے بانی، جامع مسجد مکہ گرین ٹاؤن کراچی کے امام وخطیب، استاذ العلماء حضرت مولانا ہارون الرشید ارشدؒ ۷۴؍ سال کی عمر گزار کر عالم عقبیٰ کی طرف روانہ ہوگئے۔ إنا للّٰہ وإنا إلیہ راجعون، إن للّٰہ ما أخذ ولہ ما أعطٰی وکل شئ عندہٗ بأجل مسمی۔     حضرت مولانا ہارون الرشید ارشدv نے ساری زندگی گوشۂ گمنامی میں گزاردی۔ انتہائی سادہ طبیعت، سادہ مزاج اور تکلف سے کوسوں دور تھے۔ زندگی بھر پڑھنا پڑھانا اپنا مقصد وحید بنائے رکھا۔ شہرت اور ناموری سے کوسوں دور تھے، بڑے اداروں اور جامعات میں بارہا آپ کو دعوتِ تدریس دی گئی، لیکن آپؒ نے اس کو قبول نہ کیا۔      آپؒ کی پیدائش ۱۹۴۲ء میں کوچہ گاؤں، ڈاک خانہ باشتوالائی ضلع بٹگرام میں محمد طاہر اللہ خان مرحوم کے گھر میں ہوئی۔ والد بچپن میں فوت ہوگئے تھے۔ ابتدائی تعلیم اپنے چچا حضرت مولانا سالار خانؒ سے حاصل کی۔ اس کے بعد دارالعلوم کامل پور ضلع اٹک چلے گئے، وہاں درجہ خاصہ ممتاز نمبروں سے پاس کیا، درجہ عالیہ دار العلوم قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ میں پڑھا، دورۂ حدیث دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار راولپنڈی سے کیا۔ میٹرک آزاد کشمیر بورڈ سے کیا۔ دینی تعلیم کی تحصیل سے فراغت کے بعد ۱۶؍ سال تک جامعہ تعلیم الاسلام پلندری آزاد کشمیر میں تدریس کی، اور ۳۰؍سال تک جامعہ یوسفیہ بنوریہ میں پڑھایا اور اس کے ساتھ ساتھ ۱۵؍ سال سے جامعہ خاتم النبیینؐ للبنات ماڈل کالونی میں بھی صحیح بخاری کا درس دیا۔ عرصہ ۲۵؍ سال سے جامع مسجد مکہ گرین ٹاؤن کراچی میں امامت اور خطابت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔     مولانا مرحوم ایک عرصہ سے بیمار چلے آرہے تھے، ’’مرض بڑھتا گیا، جوں جوں دوا کی‘‘ کے مصداق حضرت مولانا بالآخر جوارِ رحمت میں پہنچ گئے۔ آپ کی نماز جنازہ مکہ مسجد میں بعد نمازِ ظہر آپ کے بیٹے مولانا عرفان اللہ فاروقی نے پڑھائی، اس کے بعد بھینس کالونی قبرستان میں آپ کو سپرد خاک کیا گیا۔     پسماندگان میں، بیوہ، ایک بیٹا، چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ اللہ تبارک تعالیٰ مولاناؒ کی خدمات کو قبول فرمائیں اور ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین