بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

غیرمسلموں کے تہوار پر مسلمان کا ہدیہ قبول کرنا!

غیرمسلموں کے تہوار پر مسلمان کا ہدیہ قبول کرنا!

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ:     میں مانچسٹر (برطانیہ) سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی میں کام کرتا ہوں۔ ہماری کمپنی کے ڈائریکٹر صاحب نے کمپنی کے تمام ملازمین کو کرسمس ڈے سے قبل دس اور بیس پاؤنڈ کے ’’کرسمس گفٹ واؤچر‘‘ اور ’’کرسمس کارڈ‘‘ دیئے ہیں۔ کیا آپ مجھے اسلامی شریعت کی روشنی میں بتا سکتے ہیں کہ ان واؤچرز کو استعمال اور خرچ کرنا جائز ہے؟ اگر نہیں تو ان واؤچرز کا کیاکیا جائے؟ جزاک اللہ۔       مستفتی:محمد فرحان طائی الجواب حامدًا ومصلیًا     واضح رہے کہ اگر کفار کے تہواروں کی تعظیم دل میں نہ ہو تو ایسے مواقع پر ان کی طرف سے گفٹ کی گئی چیزیں لینا اگرچہ جائز ہے، لیکن تشبہ کی بنا پر احتیاط بہتر ہے۔     لہٰذا صورتِ مسئولہ میں اگر سائل نے کرسمس ڈے کے موقع پر کمپنی ڈائریکٹر کی طرف سے گفٹ، کرسمس کارڈ، وغیرہ صرف بطور ہدیہ وگفٹ کے وصول کیے ہیں، تعظیم مقصود نہیں ہے تو ایسی صورت میں اگرچہ اس کا لینا جائز ہے، لیکن تشبہ بالکفار ہونے کی بنا پر احتراز مقصود ہے، نہ لینے میں ہی بہتری ہے۔ فتاویٰ شامی میں ہے: ’’ولو أہدی لمسلم ولم یرد تعظیم الیوم بل جری علی عادۃ الناس لایکفر وینبغی أن یفعلہ قبلہ أو بعدہٗ نفیًا للشبہۃ‘‘۔         (شامی،ج:۶، ص:۷۵۴،ط:سعید) ’’آپ کے مسائل اور ان کا حل‘‘ میں ہے: ’’سوال: کرسمس کے موقع پر ۲۵ دسمبر سے ایک دو دن قبل ہرسال دفتری اوقات میں عیسائی ملازمین کرسمس پارٹی کا بندوبست کرتے ہیں، جس میں ہم مسلمان لوگوں کو بھی اخلاقاً کھانے، کیک وغیرہ کھانا پڑتے ہیں، کیا مسلمان ملازمین کے لیے کرسمس پارٹی کے یہ کھانے وغیرہ کھانا صحیح ہے؟ جواب:جائز ہے۔ (ج:۲، ص:۱۳۱،ط:لدھیانوی)‘‘ فتاویٰ محمودیہ میں ہے: ’’سوال: اگر کسی مسلمان کے رشتہ دار ہندو کے گاؤں میں رہتے ہوں اور ہندو کے تہوار ہولی دیوالی وغیرہ پکوان، پوری، کچوری وغیرہ پکاتے ہیں، ان کا کھانا ہم لوگوں کو جائز ہے یا نہیں؟ جواب:جوکھانا کچوری وغیرہ ہندو کسی اپنے ملنے والے مسلمان کو دیںاس کا نہ لینا بہتر ہے، لیکن اگر کسی مصلحت سے لے لیا تو شرعاً اس کھانے کو حرام نہ کہا جائے گا۔ (ج:۱۸،ص:۳۴، ط:فاروقیہ)         الجواب صحیح          الجواب صحیح          الجواب صحیح              کتبہ       ابوبکرسعید الرحمن      محمد انعام الحق        شعیب عالم        محمد جہاں زیب خان                                                                 تخصص فقہ اسلامی                                                      جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین