بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

حضرت مولانا محمد اسلم چشتیؒ(گوجرہ)

حضرت مولانا محمد اسلم چشتیؒ(گوجرہ)

محدث العصر حضرت علامہ سید محمد یوسف بنوری قدس سرہٗ کے تلمیذ، جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل، شہید اسلام حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی قدس سرہٗ کے تلمیذ وعزیز ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت گوجرہ کے امیر مولانا محمد اسلم چشتی ۱۷ ربیع الثانی مطابق۱۶جنوری ۲۰۱۷ء کی شام راہی آخرت ہوگئے۔ إنا للّٰہ وإنا إلیہ راجعون  إن للّٰہ ما أخذ ولہٗ ما أعطٰی وکل شیء عندہٗ بأجل مسمّٰی۔ مولانا محمد اسلم چشتی جٹ برادری سے تعلق رکھتے تھے اور شہید اسلام حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانویv کے عزیز تھے۔ حضرت لدھیانوی شہیدؒنے ہی ان کو دین کی طرف راغب کیا اور اپنے ساتھ مدرسہ احیاء العلوم ماموں کانجن اور جامعہ رشیدیہ ساہیوال میں پڑھاتے رہے۔ آخری تین سال آپ نے کراچی جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں پڑھا۔ اور یہاں پڑھ کر سند فراغ حاصل کی، اس کے بعد گوجرہ جامعہ مسجد کلاتھ مارکیٹ میں اوقاف کے خطیب بنے، اسی اثناء میں آپ نے مدرسہ محمودیہ میں تدریس بھی کی اور بڑی عمر میں آپ نے حفظ کیا۔ آپ کی پہلی بیعت کا تعلق حضرت مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوریv کے خلیفہ مجاز حضرت پیرجی عبدالعزیزv گیارہ چک والوں سے تھا۔ ان کی وفات کے بعد شہیدِ اسلام حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانویv سے بیعت کا تعلق قائم کیا اور خلافت پائی۔ زندگی بھر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت گوجرہ کے امیر رہے، جب آپ بیمار ہوئے تو سب کچھ بچوں کے سپرد کردیا اور آپ نے یکسوئی میں ذکرواذکار کا شغل رکھا، اور ذکر اﷲ کرتے کرتے ہی اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے اور آپ کے لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ ادارہ ’’بینات‘‘ باتوفیق قارئین سے ان سب مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کی درخواست کرتا ہے۔

۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین